ملازمین کی جگہ روبوٹ کام کریں گے ، ہزاروں ملازمتیں خطرے میں ہیں ، کمپنی کو بڑے پیمانے پر فائدہ ہونے کی امید۔
امیزو ن آئندہ تہواروں کے سیزن کیلئے۵۰ء۲؍ لاکھ نئے ملازمین کی خدمات حاصل کرے گا۔ تصویر: آئی این این
روزگار کے بحران کے دورمیںامیز ون میں روبوٹ ملازمین کی جگہ کام کررہے ہیں۔ امریکی اخبار نیویارک ٹائمز کی رپورٹ نے ایک بار پھر روزگار کے شعبے میں ہلچل مچا دی ہے۔ نیویارک ٹائمز کی ایک حالیہ رپورٹ کے مطابق دنیا کی سب سے بڑی ای کامرس کمپنی ا میزون تیزی سے اپنے گوداموں اور ترسیل کے مراکز میں روبوٹس کی خدمات حاصل کرنے کے لئے کام کر رہی ہے۔کمپنی کا خیال ہے کہ روبوٹس کی قیمت انسانوں سے کم ہوگی اور وہ تیزی سے کام بھی مکمل کر سکیں گے۔ اس خبر نے ایک بار پھراے آئی کے بڑھتے ہوئے خطرات اور فوائد کے بارے میں بحث چھیڑ دی ہے لیکن اس خبر سے ملازمتوں کو خطرہ ضرور ہے۔
امیزون کا منصوبہ کیا ہے؟
کمپنی کو امید ہے کہ انسانوں کو روبوٹس سے تبدیل کرنے سے مصنوعات کو چننے، پیک کرنے اور ڈیلیور کرنے کی لاگت میں کمی آئے گی۔ کمپنی کا اندازہ ہے کہ اس سے۳۰؍ سینٹ فی آئٹم کی بچت ہوگی۔ اس سے کمپنی کو مالی طور پر براہ راست فائدہ پہنچے گا جس سے وہ۲۰۲۵ء اور۲۰۲۷ء کے درمیان تقریباً۱۲ء۶؍ بلین ڈالر کی بچت کر سکے گی۔ ا میزون نے حال ہی میں ایک ہزار روبوٹس سے آراستہ ایک گودام کھولا ہے۔ اس سے ملازمین کی تعداد میں۲۵؍فیصد کمی آئی ہے۔ روبوٹ سامان ’پک‘ کرنے سے لے کر’پیک ‘کرنے تک کے کام خود کر رہے ہیں۔
کمپنی کا۲۰۲۷ءتک تقریباً۱ء۶۰؍لاکھ ملازمتوں کو ختم کر کے ان کی جگہ روبوٹ لانے کا منصوبہ ہے جس سے مستقبل میں ہزاروں ملازمتوں کی ضرورت ختم ہو جائے گی۔ کمپنی اپنے۷۵؍فیصد کام کو مکمل طور پر آٹومیشن موڈ پرکرنے کی تیاری کر رہی ہے جس سے بہت سے لوگوں کی ملازمتوں کو خطرہ لاحق ہو سکتا ہے۔ امیزون میں تقریباً۱۲؍ لاکھ ملازمین ہیں۔ اگر روبوٹ انسانوں کی جگہ لے لیں تو یہ تعداد کم ہو سکتی ہے۔ اسی طرح کوئی کمی بھی نہیں ہوئی تب بھی نئی ملازمتیں پیدا کرنے کے مواقع محدود دکھائی دیتے ہیں لیکن نئی ٹیکنالوجی کی آمد کیلئے ہنر مند کارکنوں کی بھی ضرورت ہوگی۔ اس سے روزگار کے نئے مواقع بھی پیدا ہو سکتے ہیں۔
امیزون نے کیاجواب دیا؟
نیویارک ٹائمز کی رپورٹ کا جواب دیتے ہوئے، امیزون نے کہا کہ نیویارک ٹائمز نے کمپنی کے مکمل منصوبوں کا انکشاف نہیں کیا۔ امیزون کی ترجمان کیلی نینٹل نے بتایا کہ تہوار سیزن کے لئے۲ء۵۰؍ لاکھ نئے ملازمین کی خدمات حاصل کی جا رہی ہیں لیکن یہ واضح نہیں کیا گیا کہ ان میں سے کتنے ملازمین کو مستقل طور پر رکھا جائے گا؟