ناگپور فساد کےمبینہ ملزم فہیم خان کا بیان،ان کی اہلیہ علیشہ خان ایم آئی ایم کےٹکٹ پر میونسپل الیکشن میں رکن بلدیہ منتخب ہوئی ہیں،ان کا گھر پچھلے سال میونسپل حکام نے منہدم کیا تھا
EPAPER
Updated: January 19, 2026, 11:48 PM IST | Ali Imran | Nagpur
ناگپور فساد کےمبینہ ملزم فہیم خان کا بیان،ان کی اہلیہ علیشہ خان ایم آئی ایم کےٹکٹ پر میونسپل الیکشن میں رکن بلدیہ منتخب ہوئی ہیں،ان کا گھر پچھلے سال میونسپل حکام نے منہدم کیا تھا
’’اتر پردیش کی بلڈوزر سیاست مہاراشٹر میں بالکل نہیں چلے گی۔ اگر آپ ایک فہیم خان کو گرفتار کرتے ہیں تو آج ۶؍ لیڈر منتخب ہو چکے ہیں۔ اگر آپ مسلمانوں کے ایک گھر کو بلڈوزر کے ذریعے تباہ کریں گے تو سو لیڈر پیدا ہوں گے۔‘‘ ناگپور فسادات کے کلیدی ملزم قرار دیے گئے فہیم خان نے بلدیاتی انتخابات میں ایم آئی ایم سے اپنی اہلیہ کی جیت کے بعد یہ بیان دیا ہے۔ بتادیں کہ حالیہ بلدیاتی انتخابات میں فہیم خان کی اہلیہ علیشا خان نے وارڈ نمبر۳؍ سے اے آئی ایم آئی ایم کے ٹکٹ پر بھاری اکثریت سے کامیابی حاصل کی ہے۔
یاد رہے کہ۱۷؍ مارچ۲۰۲۵ء کو ناگپور کے محل علاقے میں پرتشدد فساداپھوٹ پڑا تھا۔ محل سے کئی کلومیٹر دور رہنے کے باوجود پولیس نے فہیم خان پر فساد کی سازش کا الزام لگاتے ہوئے ان کے خلاف مقدمہ درج کیا ۔ ہنگامہ آرائی کے بعد میونسپل کارپوریشن نے فہیم خان کے خاندانی گھر کو غیر قانونی قرار دیتے ہوئے اسے بلڈوزر سے گرا دیا۔ فہیم خان تقریباً چار ماہ جیل میں گزارنے کے بعد اس وقت ضمانت پر باہر ہیں۔ ناگپور میونسپل کارپوریشن انتخابات میں فہیم خان کی اہلیہ سمیت ایم آئی ایم کے کل چھ کارپوریٹر منتخب ہوئے ہیں۔
اسی تناظر میں ایک نیوز چینل سے بات کرتے ہوئے فہیم خان نے نام لیے بغیر بی جے پی کو مذکورہ وارننگ دی ہے۔ خان نے واضح الفاظ کہا کہ ’’اتر پردیش کی بلڈوزر سیاست مہاراشٹر میں بالکل نہیں چلے گی، اگر آپ ایک فہیم خان کو گرفتار کرتے ہیں تو آج چھ لیڈر منتخب ہوئے ہیں، اگر آپ مسلمانوں کا ایک گھر بلڈوزر سے تباہ کریں گے تو سو لیڈر پیدا ہوں گے، اسلئے آپ بلڈوزر کے ذریعے انصاف کرنے کی کوشش کریں گے، اور ایک گھر کو تباہ کریں گے تو آپ مسلمانوں میں سو لیڈر پیدا کریں گے۔‘‘ فہیم خان نے بی جے پی کا نام لیے بغیر خبردار کیا، ’’اگر آپ ایک اور فہیم کو غلط طریقے سے گرفتار کرتے ہیں، تو آپ کی پارٹی، جسے آج صرف دو وارڈوں سے حد پار کیا گیا ہے، کل پورے شہر سے آپ کی پارٹی ختم ہو جائے گی۔ بلدیاتی انتخابات میں اہلیہ کی جیت کے بعد فہیم خان نے کہا کہ اب بلدیہ وہی گھر دوبارہ تعمیر کرے گی جو گرایا گیا تھا۔ فہیم خان کے بیان سے ناگپور کی سیاست میں ایک نیا تنازع کھڑا ہونے کا امکان ہے۔
واضح رہے کہ اسد الدین اویسی کی ایم آئی ایم پارٹی نے مہاراشٹر میں ریاست کی۲۹؍ میونسپل کارپوریشنوں میں سے۱۳؍ میں کل۱۲۵؍ سیٹیں جیت کر اپنی طاقت ثابت کردی ہے۔ بی جے پی کے گڑھ ناگپور میں اے آئی ایم آئی ایم کے کل۶؍ کارپوریٹر منتخب ہوئے ہیں۔خیال رہے کہ ایم آئی ایم سربراہ اسدالدین اویسی نے واضح الفاظ میں کہا ہے کہ ہم بی جے پی یا انڈیا الائنس کے ساتھ نہیں جائیں گے۔ ہماری لڑائی صرف ان لوگوں کے لئے ہوگی جنہوں نے ہمیں مینڈیٹ دیا ہے۔