سرکار کا اہم فیصلہ، سینٹرل موٹر وہیکل رولز میں ترمیم ، نوٹیفکیشن جاری، نئی گاڑیوں کی تیاری کا راستہ صاف۔
EPAPER
Updated: October 27, 2026, 10:51 AM IST | Agency | New Delhi
سرکار کا اہم فیصلہ، سینٹرل موٹر وہیکل رولز میں ترمیم ، نوٹیفکیشن جاری، نئی گاڑیوں کی تیاری کا راستہ صاف۔
مرکزی حکومت نے۱۰۰؍فیصد اتھنال سے چلنے والی گاڑیوں کے استعمال کی راہ ہموار کردی ہے۔ اس فیصلے کے تحت اب ایسی گاڑیوں کی تیاری اور انہیں سڑکوں پر چلانے کی منظوری مل سکے گی جو خاص طور پر ای-۱۰۰؍ ایندھن کیلئے ہوں گی۔ حکومت کو امید ہے کہ اس سے خام تیل کی درآمد پر انحصار اور گاڑیوں سے ہونے والی آلودگی کم کرنے میں مدد ملے گی۔
یہ بھی پڑھئے: مہاراشٹر ایس آئی آر پر الیکشن کمیشن کو نوٹس
اس کیلئے سڑک ٹرانسپورٹ اور شاہراہوں کی وزارت نے ایک نوٹیفکیشن جاری کرتے ہوئے سینٹرل موٹر وہیکل رولز۱۹۸۹ء میں ترمیم کر دی ہے۔اس ترمیم کے تحت فلیکس فیول گاڑیوںکیلئے مقررہ اخراج کے معیارات میں ای -۸۵؍ کے ساتھ اب ای -۱۰۰؍کو بھی شامل کرلیا گیا ہے۔ اس سے ان گاڑیوں کی تیاری اور استعمال کی راہ ہموار ہوگی جو تقریباً خالص اتھنال سے چلنے کیلئے بنائی گئی ہیں۔یہ تبدیلی ایسے وقت میں کی گئی ہے جب ہندوستان ٹرانسپورٹ کے شعبے میں اتھنال کے استعمال کو بڑھانے اور روایتی پٹرول پر انحصار کم کرنے کی کوشش کررہا ہے۔ تاہم یہ ۱۰۰؍ فیصد اتھنال کی اجازت ان ہی گاڑیوںکیلئے ہوگی جنہیں کمپنیوں نے خاص طور پر اس کیلئے تیار کیا ہو۔ پٹرول سے چلنے والی گاڑیوں میں ای -۱۰۰؍ استعمال کرنے کی اجازت نہیں دی گئی ہے۔