یہ نظام ممبئی میونسپل کارپوریشن کے انتخابات میں پہلی مرتبہ استعمال کیاجارہا ہے۔ اس سے ۲؍ ہزار ۸۶۵؍گاڑیوں کی نقل و حرکت پر نظر رکھی جارہی ہے
EPAPER
Updated: January 14, 2026, 11:23 PM IST | Iqbal Ansari | Mumbai
یہ نظام ممبئی میونسپل کارپوریشن کے انتخابات میں پہلی مرتبہ استعمال کیاجارہا ہے۔ اس سے ۲؍ ہزار ۸۶۵؍گاڑیوں کی نقل و حرکت پر نظر رکھی جارہی ہے
جمعرات (آج) کو برہن ممبئی میونسپل کارپوریشن کے انتخابات کیلئے پولنگ ہوگی جس کیلئے وسیع انتظامات اور اقدامات کئے گئے ہیںجس کے تحت انتخابی عمل میں شامل گاڑیوں پر کڑی نظر رکھنے کیلئے پہلی مرتبہ ’جیو فینسنگ سسٹم ‘کا استعمال کیا جا رہا ہے۔ اس کے ذریعے انتخابی عمل میں استعمال ہونے والی ۲؍ ہزار ۸۶۵؍ گاڑیوں کی نقل و حرکت پر باریکی سے نظر رکھی جا رہی ہے ۔
اس ضمن میں بی ایم سی کی جانب سے جاری کردہ اعلامیہ میں کہاگیا ہے کہ میونسپل کمشنر بھوشن گگرانی کی ہدایت پر ایڈیشنل میونسپل کمشنر (شہر) ڈاکٹر اشونی جوشی کی رہنمائی میں بی ایم سی انتخابات کیلئے تیاریاں کی گئی ہیں۔ پولنگ اسٹیشنوں پر ووٹرس کیلئے مختلف سہولیات، افرادی قوت کی منصوبہ بندی، سیکوریٹی، ووٹوں کی گنتی کیلئے مناسب انتظامات وغیرہ کیلئے تیاریاں مکمل کرلیگئی ہیں، اس پس منظر میں انتخابی عمل میں شامل ہر گاڑی پر کڑی نظر رکھنے کیلئے خصوصی انتظامات کئے گئے ہیں۔
اس سلسلے میں معلومات دیتے ہوئے اشونی جوشی نے بتایا کہ بی ایم سی کے انتخابات کے سلسلے میں پولنگ اسٹیشنوں، ووٹنگ کے عمل میں شامل اہلکاروں اور ملازمین کی آمد ور فت کیلئے کل ۲؍ ہزار ۸۶۵؍گاڑیوں کا انتظام کیا گیا ہے۔ اس میں ممبئی کی میونسپل ٹرانسپورٹ’بیسٹ‘ کی ایک ہزار ۲۳؍ بسیں، مہاراشٹر اسٹیٹ روڈ ٹرانسپورٹ کارپوریشن کی۱۰۱؍ بسیں، ایک ہزار ۱۶۰؍ نجی بسیں اور ۵۸۱؍ ٹیکسیاں شامل ہیں۔ ان تمام گاڑیوں پر کڑی نظر رکھنے کیلئے سالیڈ ویسٹ مینجمنٹ ڈپارٹمنٹ کی ٹرانسپورٹ برانچ کے ذریعے برہن ممبئی میونسپل کارپوریشن ہیڈکوارٹرز میں ایک کنٹرول روم قائم کیا گیا ہے۔ گاڑیوں کی لائیو ٹریکنگ، مخصوص مدت میں نقل و حرکت کی ماضی کی تاریخ اور جیو فینسنگ الرٹ کے لئے خصوصی انتظامات کئے گئے ہیں۔ تمام گاڑیاں ٹریکنگ سسٹم سے لیس ہیں اور کنٹرول روم سے منسلک ہیں۔ اس لئےاس بارے میں تفصیلی معلومات حاصل کی جا سکتی ہیں کہ کون سی گاڑی کس روٹ پر یا کس جگہ پر سفر کر رہی ہے۔
پہلی بار گاڑیوں کی لائیو ٹریکنگ جاننے کیلئے ہر الیکشن افسر کے دفتر کے آن لائن نقشے پر جیو فینسنگ سسٹم فراہم کیا گیا ہے۔ اگر تفویض کردہ گاڑیاں متعلقہ الیکشن افسر کے دفتر سے باہر جاتی ہیں تو کنٹرول روم کو فوری طور پر الرٹ مل جائے گا۔ اس کی بنیاد پر متعلقہ گاڑی کی اصل جگہ معلوم کی جا سکتی ہے۔
ڈاکٹر اشونی جوشی نے یہ بھی کہا کہ اس پورے عمل کو چلانے کے لئےسالیڈ ویسٹ مینجمنٹ ڈپارٹمنٹ کے۳؍ انجینئر اور ۳؍ آپریٹروں کو کنٹرول روم میں۸، ۸؍ گھنٹے کے سیشن میں مقرر کیا گیا ہے۔
واضح رہے کہ بیسٹ کی ایک ہزار ۲۳؍ بسیں بسوں کو الیکشن کے کام کیلئے استعمال کرنے کے سبب مسافروں کو پریشانی کا سامنا کرنا پڑرہا ہے۔