Inquilab Logo

ممتا اور مودی کے درمیان لفظی جنگ اور شدید تنقیدیں

Updated: April 04, 2021, 2:07 PM IST | Agency | Kolkata

ترنمول کانگریس پر وزیر اعظم کی تنقید ، ممتا سے کہا کہ ان کو بنارس آنے کی دعوت لیکن وہاں بھی جے شری رام کے نعرے ہی لگیں گے، ان کاگیم ختم ہوچکاہے اس لئےوہ الیکشن کمیشن پر ہی انگلی اٹھارہی ہیں ۔ممتابنرجی کا جوابی حملہ،کہا کہ ملک ٹھیک سے چلا نہیں پارہےہیں بنگال کو کیا خاک سونار بنگلہ بنائیں گے

Mamata Banerjee. Picture:INN
ممتا بنرجی ۔تصویر :آئی این این

 وزیر اعظم نریندر مودی اور مغربی بنگال کی  وزیر اعلیٰ ممتا بنرجی کے درمیان لفظی تکرار اور تنقیدوں میں خاصا اضافہ ہوا ہے ۔ سنیچر کو دونوں لیڈروں نے مغربی بنگال میں ریلی کرکے ایک دوسرے کے خلاف سخت تنقید کی ہے۔ وزیر اعظم مودی نے ممتا بنرجی  پرسخت تنقید کرتے ہوئے کہا کہ ان کا  کھیل ختم ہوچکا ہے ۔اس لئے وہ اب امپائر(الیکشن کمیشن) پر ہی انگلی اٹھارہی ہیں ۔خیال رہے کہ نندی گرام میں پولنگ کے دوران ہنگامہ آرائی کے بعد سے ہی ترنمو ل کانگریس الیکشن کمیشن اور مرکزی فورسیز کو سخت تنقیدوں کا نشانہ بنارہی ہے ۔ اس پر وزیر اعظم نے سخت تنقید کی ۔ ممتا بنرجی اور وزیر اعظم مودی کی ریلیاں۵۸؍کلومیٹر دوری پر واقع  شمالی۲۴؍پرگنہ میں ہوئیں۔ وزیرا عظم نے بی جے پی کو بیرونی پارٹی قرار د ئیے جانے پر سخت  اعتراض کرتے ہوئے کہا کہ ممتا بنرجی آئین کی توہین کررہی ہیں۔ بنگال ہندوستان کا حصہ ہے اور ہندوستان کا ہرایک شہری بنگال میں رہنے کا حق رکھتا ہے ۔وزیر اعظم مودی نے کہا کہ دیدی کو اب وارانسی میں خوش آمدید کہنا ہے ۔بنارس کے لوگ بڑے دل  والے ہیں ، بنارس کے لوگ آپ کو باہر ی نہیں کہیں گے ۔بنگال کے عوام کی طرح بنارس کے عوام بھی بڑے دل کے ہیں۔ ہلدیہ سے ایک جہاز بھی بنارس جاتا  ہے لیکن یہ یاد رہے کہ  وارانسی میں تلک کے ساتھ بہت سے لوگ ’’جے شری رام ‘‘ کے نعرے لگاتے ہوئے ملیں گے تو دیدی ، پھر آپ کا کیا ہوگا؟ آپ کس سے ناراض ہوں گی؟   وزیر اعظم نے مزید کہا کہ  دیدی کہتی ہیں کہ بی جے پی کے جلسوں میں شرکت کے لئے پیسہ  دئیے جارہے ہیں جبکہ حقیقت کیا ہے یہ سبھی جانتے ہیں۔ مودی کے مطابق دیدی  بنگالی  عزت والے لوگ ہیں اور  آپ نے اس بیان سے بنگال کے عوام کی توہین کی ہے۔ کیا آج کوئی پیسہ لینے آیا تھا؟وزیر اعظم نے کہا کہ دیدی کی پریشانی کی ایک بڑی وجہ اس کا۱۰؍ سال کا رپورٹ کارڈ ہے۔پرانی صنعتوں کو تو  بند کیا ہی گیا  ہےنئی صنعتیں، نئی سرمایہ کاری ، نئے کاروبار اور روزگار کے نئے امکانات بھی بند کردیئے گئے ہیں۔
  وزیر اعظم کے حملوں پر ممتا بنرجی نے جوابی حملہ کرتے ہوئے   بی جے پی پر الزام لگایا کہ وہ اسمبلی انتخابات جیتنے کے لئے ریاست میں فرقہ وارانہ تشدد کرانے پر آمادہ ہے۔ٹی ایم سی کی سربراہ نےکہاکہ  بی جے پی ملک کو تو ٹھیک طرح سے چلا نہیں پارہی ہے بنگال کو کیا خاک سونار بنگلہ بنائے گی؟بنگال کو سڑا  ہوا پھول نہیں چاہئے۔ انتخابی ریلی سے خطاب کرتے ہوئے انہوں نے مسلم ووٹروں سے کہاکہ وہ حیدرآباد اور بنگال  میں ان کی حلیف پارٹی کے جال میں نہ پھنسیں۔ انہوں نے یہ تبصرہ اسدالدین اویسی کی زیرقیادت اے ایم آئی ایم اور عباس صدیقی پر نشانہ لگاتے ہوئے کیا۔ مغربی بنگال کی وزیر اعلیٰ ممتا بنرجی نے شہریت ترمیمی قانون اور این آر سی کے معاملے پر کہا کہ اگر عوام  ریاست میں سی اے اے یا  این آر سی نہیں چاہتے ہیں تو لوگوں کو بی جے پی کو شکست دینا ہوگی۔ رائے دہندگان سے ممتا نےکہاکہ وہ کسی کے بہکاوے میں نہ آئیں اور فرقہ واریت کے خلاف ڈٹ جائیںاور اپنے اپنے علاقے میں باہر سے بھیجے گئے لوگوں کا پیچھا کریں۔  دوسری طرف بی جے پی چھوڑ کر ترنمول کانگریس میں شامل ہونے والے سابق مرکزی وزیر یشونت سنہا نے بی جے پی پر سنگین الزام عائد کرتے ہوئے کہا کہ جہاں بی جے پی کو شکست کاخوف ہوتا ہے وہاں بی جے پی ای وی ایم مشین تبدیل کردیتی ہے۔انہوں نے کہاکہ آسام کا واقعہ اس بات کا ثبوت ہے۔  واضح رہے کہ بنگال میں ۸؍ مرحلے میں ہونے والے انتخابات کا تیسرا  مرحلہ ۶؍ اپریل کو ہوگا۔ 

متعلقہ خبریں

This website uses cookie or similar technologies, to enhance your browsing experience and provide personalised recommendations. By continuing to use our website, you agree to our Privacy Policy and Cookie Policy. OK