Inquilab Logo

ودربھ کے حلقوں میں اس بار توقع کے برخلاف بہت کم ووٹنگ ہوئی

Updated: April 28, 2024, 12:47 PM IST | Ali Imran | Nagpur

سب سے زیادہ پولنگ امراوتی میں ہوئی جہاں ۶۰؍ فیصد ووٹ ڈالے گئے جبکہ ایوت محل۔ واشم میں سب سے کم ۵۷؍ فیصد پولنگ ہوئی۔

A large crowd was seen at the polling booths in Muslim areas in Amravati. Photo: PTI
امراوتی میں مسلم علاقوں میںپولنگ بوتھ پر کافی بھیڑ دیکھی گئی۔ تصویر: پی ٹی آئی

جمعہ کو لوک سبھا کے دوسرے مرحلے میں، مشرقی ودربھ میں وردھا اور مغربی ودربھ کے ایوت محل۔ واشم، امراوتی، اکولہ اور بلڈانہ کل ۵؍ حلقوں میں شام چھ بجے تک اوسطاً ۵۳؍ فیصد ووٹنگ ہوئی۔ پہلے مرحلے کی طرح دوسرے مرحلے میں بھی ودربھ میں ووٹنگ کا فیصد کم رہا۔ دوپہر میں شدید گرمی کا اثر ووٹنگ فیصد پر پڑا۔ پولنگ میں کمی کا نتائج پر کیا اثر ہوگا اس کا اندازہ لگایا جا رہا ہے۔ ودربھ میں اوسط درجہ حرارت ۴۰؍ ڈگری ہونے سے پولنگ مراکز پر دوپہر میں بھیڑ کم تھی۔ صبح و شام کئی مقامات پر قطاریں دیکھی گئیں۔ دوپہر ایک بجے تک پانچوں حلقوں میں اوسطاً ۳۰؍ فیصد ووٹ ڈالے گئے۔ ۳؍ بجے تک یہ بڑھ کر ۴۰؍ فیصد ہو گیا۔ شام ۵؍ بجے تک اوسطاً ۵۳؍ فیصد ووٹ ڈالے گئے۔ تاہم شام ۶؍ بجے یعنی پولنگ ختم ہونے تک اس میں اضافہ ہوا۔ حالانکہ امراوتی میں جمعرات کی رات بارش ہوئی تھی جس کی وجہ سے وہاں موسم سرد ہو گیا تھا۔ حالانکہ دیگر مقامات پر سخت گرمی تھی۔ یہی وجہ ہے کہ سب سے زیادہ پولنگ امراوتی ہی میں  ہوئی ہے۔ 

یہ بھی پڑھئے: گڈچرولی میں خستہ حال سڑک کی تعمیر کیلئےعدالت میں عرضداشت

الیکشن کمیشن کے اعداد وشمار کے مطابق اکولہ میں ۵۸ء۰۹؍ فیصد امراوتی میں ۶۰ء۷۴؍ فیصد بلڈانہ میں ۵۸ء۴۵؍ فیصد ایوت محل۔ واشم میں ۵۷؍ فیصد اور وردھا میں ۶۲ء۶۵؍ فیصد ووٹنگ ہوئی۔ یاد رہے کہ جمعہ کی شام ودربھ میں بارش ہوئی جس کے بعد ماحول کسی حد تک ٹھنڈا ہوا۔ 
اس دوران امراوتی کے سائی نگر علاقے میں پولنگ اسٹیشن میں داخلے کے معاملے پر بی جے پی کی نونیت رانا اور شیوسینا کی سابق کارپوریٹر منجوشا جادھو کے درمیان جھگڑا ہوا۔ جب کہ ایوت محل۔ واشم حلقہ کے ہیوری میں پولنگ جاری تھی اور پولنگ بوتھ کے اہلکاروں نے ناشتہ کرنے کیلئے پولنگ روک دی تھی۔ ایوت محل شہر کے چھوٹی گجری علاقے میں بی جے پی کارکنان کے ذریعے ووٹ نہ کرنے کے لئے ۵۰۰؍ روپے دینے کا معاملے پر ہنگامہ ہوا، اس معاملے میں شکایت پر فلائنگ اسکواڈ نے درج کئے گئے نام کے رجسٹر سمیت انگلی پر لگائی جانے والی سیاہی و برش موقع پر موجود لوگوں سے قبضہ میں لیا، جبکہ موقع سے بی جے پی کارکنان فرار ہونے میں کامیاب ہوگئے۔ رات دیر اس معاملے میں پولیس نے گناہ درج کیا ہے۔ اکولہ میں پرکاش امبیڈکر، کانگریس کے ابھئے پاٹل، امراوتی میں نونیت رانا، کانگریس کے بلونت وانکھیڈے، بلڈانہ میں پرتاپ رااؤ جادھو، نریندر کھیڈیکر، وردھا میں رام داس تڑس، امر کالے، راج شری پاٹل اور ایوت محل واشم میں سنجے دیشمکھ سمیت ۲۰۴؍ امیدواروں کی قسمت کو ای وی ایم مشین میں قید کر دیا گیا ہے۔ 

متعلقہ خبریں

This website uses cookie or similar technologies, to enhance your browsing experience and provide personalised recommendations. By continuing to use our website, you agree to our Privacy Policy and Cookie Policy. OK