مدھیہ پردیش کانگریس کے صدر جیتو پٹواری کااعلان، کہا: ۲۰۲۳ء کے اسمبلی انتخابات میں یہاں بھی بڑے پیمانے پر ووٹوں کی چوری ہوئی تھی
EPAPER
Updated: August 11, 2025, 10:38 PM IST | Bhopal
مدھیہ پردیش کانگریس کے صدر جیتو پٹواری کااعلان، کہا: ۲۰۲۳ء کے اسمبلی انتخابات میں یہاں بھی بڑے پیمانے پر ووٹوں کی چوری ہوئی تھی
ہندوستانی جمہوریت پر حملے کی کہانی بیان کرنے والے راہل گاندھی کے ’ووٹ چوری‘ کے انکشافات کے بعد اب اس کی بازگشت صرف ملک بھر میں نہیں بلکہ پوری دنیا میں سنائی دے رہی ہے۔ اس کی وجہ سے مدھیہ پردیش جہاں ۲۰۱۳ء میں اسمبلی انتخابات ہوئے تھے، اور جس میں غیر متوقع طور پر بی جے پی کامیاب ہوگئی تھی، سیاسی گرما گرمی کافی بڑھ گئی ہے۔ یہاں کانگریس کے ریاستی صدر جیتو پٹواری نے ’ووٹ چوری‘ کے خلاف اپنی مہم کا آغاز کیا ہے۔
کانگریس لیڈر نے اپنے سوشل میڈیا اکاؤنٹ پر وزیراعظم مودی کی قیادت والی بی جے پی حکومت اور الیکشن کمیشن کے خلاف محاذ کھول دیا ہے۔ انہوں نے اعلان کیا ہے کہ۱۳؍ اگست کو مدھیہ پردیش کانگریس کمیٹی ۲۰۲۳ء میں ہونےوالے اسمبلی انتخابات میں انتخابی چوری کو بے نقاب کرے گی۔ انہوں نےکہا کہ جمہوریت اور آئین کو مٹانے کی کھلی سازشوں کوبے نقاب کرنا ضروری ہو گیا ہے۔جیتو پٹواری کا کہنا ہے کہ مدھیہ پردیش میں کانگریس کی مہم انتخابی دھاندلیوں کو بے نقاب کرنے کیلئےعوام سے ڈیجیٹل ووٹر لسٹ کا مطالبہ کرنے کی اپیل کر رہی ہے تاکہ شفافیت برقرار رہے اور کوئی بھی اس کا آڈٹ کر سکے۔
کانگریس کے ریاستی صدر جیتو پٹواری نےالزام عائد کرتے ہوئے کہا کہ حکومت کے کہنے پر الیکشن کمیشن اس طرح کے فیصلے کر رہا ہے تاکہ بی جے پی کی حکومت کو بچایا جاسکے۔ انہوں نے کہا کہ اس طرح کے فیصلوں سے ملک کی جمہوریت اور انتخابی نظام کی ساکھ پر گہرا دھچکا لگا ہے۔ جیتو پٹواری نے کہا کہ ’’۷۱؍ سال کے انتخابی سفر میں ایسا کبھی نہیں ہوا تھا۔ الیکشن کمیشن کی غیر جانبداری پر جس طرح کے سوالات اٹھ رہے ہیں، وہ نہایت افسوس ناک ہے۔ اگر یہ رویہ اسی طرح جاری رہا تو یہ عوام کے اعتماد کے ساتھ بہت بڑی خیانت ہو گی۔‘‘
یہاں منعقدہ ایک پروگرام کے دوران انہوں نے حکومت، پولیس، انتظامیہ اور سرکاری ملازمین پر سوالات بھی اٹھائے۔ پٹواری کے ان بیانات نے مدھیہ پردیش کی سیاست میں ایک ہلچل پیدا کردی ہے۔ ۱۳؍ اگست کو ’ووٹ چوری کے خلاف مہم‘ کی جانکاری دیتے ہوئے انہوں نے کہا کہ ’’ بدھ کو کانگریس پارٹی ایک خصوصی پروگرام منعقد کرے گی، جس میں ریاستی کانگریس کے صدر کے ساتھ ہی سابق وزیر اعلیٰ، اسمبلی میں قانون ساز پارٹی کے لیڈر اور پارٹی کے دیگر سینئر لیڈران شرکت کریں گے۔ اس پروگرام میں مدھیہ پردیش کے اسمبلی انتخابات میں ہونےوالی بے قاعدگیوں اور انتخابی بے ضابطگیوں کو تفصیلی پریزنٹیشن کے ذریعے بے نقاب کیا جائے گا۔ انہوں نے دعویٰ کیا کہ ریاست میں’چوری‘ کی بہت سی مثالیں ہیں جنہیں ثبوت کے ساتھ پیش کیا جائے گا۔
ذرائع کے مطابق۱۳؍ اگست کو پارٹی کی سیاسی امور کمیٹی کا اجلاس بھی منعقد ہوگا، جس میں سینئر لیڈران اس حوالے سے آئندہ کی حکمت عملی پر غور کریں گے۔اس سے قبل ریاستی کانگریس سوشل میڈیا کے ذریعےمسلسل عوام سے اس مہم میں شامل ہونے کی اپیل بھی کرتی رہی ہے۔جیتو پٹواری کے اس اعلان کے بعد سب کی نظریں ۱۳؍ اگست کے کانگریس کی مہم پر لگی ہوئی ہیں۔
خیال رہے کہ راہل گاندھی نے۹؍ اگست کو ایک پریس کانفرنس میں انکشاف کیا تھا کہ مہاراشٹر، کرناٹک اور ہریانہ کی طرح بہار کی انتخابی فہرست میں بھی بڑے پیمانے پر فرضی نام شامل کئے جا رہے ہیں۔ اس موقع پر انہوں نے کئی مثالیں پیش کرتے ہوئے یہ ثابت کیا تھا کہ ملک بھر میں لاکھوں ووٹوں کی چوری ہوئی تھی۔