• Mon, 24 November, 2025
  • EPAPER

Inquilab Logo Happiest Places to Work

میونسپل الیکشن کیلئے ووٹر لسٹ جاری ۔ ۲۷؍ نومبر تک ا عتراضات پیش کئے جاسکتے ہیں

Updated: November 24, 2025, 5:05 PM IST | Iqbal Ansari | Mumbai

جنوری میں میونسپل الیکشن متوقع ہے جس کیلئے ووٹر لسٹ ترتیب دے دی گئی ہے اور اسے الیکشن کمیشن کی ویب سائٹ پر بھی اپ لوڈ کر دیا گیا ہے۔

Voters have been urged to check their names in the current voter list. Photo: INN
رائے دہندگان سے موجودہ ووٹرلسٹ میں نام کی جانچ کی اپیل کی گئی ہے۔ تصویر:آئی این این
جنوری میں  میونسپل   الیکشن متوقع ہے جس کیلئے ووٹر لسٹ ترتیب دے دی گئی ہے اور اسے الیکشن کمیشن کی ویب سائٹ پر بھی اپ لوڈ کر دیا گیا ہے۔ اس حوالے سے الیکشن کمیشن کی جانب سے شہریوں سےاپیل کی گئی ہے کہ وہ  اس کی تصدیق کر لیں کہ موجودہ  ووٹر لسٹ میں ان کا نام ہے یا نہیں ۔ اس تعلق سے شہری اپنےاعتراضات اور تجاویز متعلقہ میونسپل کمشنر کے پاس ۲۷؍نومبر تک داخل کرسکتے ہیں۔
اس سلسلے میں ریاستی الیکشن کمیشن کی جانب سے جاری کردہ اعلامیہ میں کہا گیا ہے کہ بلدیاتی انتخابات کے لئے ووٹر لسٹ کی وارڈ کی سطح پر تقسیم متعلقہ میونسپل کمشنر کی سطح پر کی گئی ہے۔ اگر اس سلسلے میں اعتراضات اور مشورے یا شکایات ہیں تو ریاستی الیکشن کمیشن نے انہیں متعلقہ میونسپل کارپوریشن کے پاس۲۷؍ نومبر ۲۰۲۵ء تک درج کرنے کی اپیل کی ہے۔  واضح رہے کہ ریاست میں۲۹؍میونسپل کارپوریشنوں کے انتخابات کیلئے ووٹر لسٹ کی کٹ آف ڈیٹ (تاریخ) یکم جولائی ۲۰۲۵ءطے کی گئی ہے اور اس دن تک موجود قانون ساز اسمبلی کی ووٹر لسٹ ان انتخابات کیلئے استعمال کی جائیں گی۔ یہ اصل ووٹر لسٹ الیکشن کمیشن آف انڈیا نے تیار کی ہیں۔ ان کی وارڈ کے اعتبار سے تقسیم میونسپل کمشنر کی نگرانی میں متعلقہ میونسپل کارپوریشن کی سطح پر کی گئی ہے۔ اسی مناسبت سے۲۰؍ نومبر ۲۰۲۵ء کو متعلقہ میونسپل کارپوریشن میں وارڈ وار ڈرافٹ ووٹر لسٹ شائع کر دی گئی ہیں۔ ان میں ووٹرز کے نام ویب سائٹ :
mahasecvoterlist.in 
پر دیکھے جا سکتے ہیں۔ اس پر اعتراضات اور تجاویز ۲۷؍ نومبر۲۰۲۵ءتک داخل کی جا سکتی ہیں۔
وارڈ کے اعتبار سے ووٹر لسٹ کی تیاری کے دوران ووٹرس کے نام اور پتے ووٹر لسٹ میں اسی طرح برقرار رکھے جاتے ہیں جیسے اسمبلی حلقہ کی فہرست میں ہے۔
ریاستی الیکشن کمیشن کی جانب سے بتایا گیا ہے کہ وارڈوں کی ووٹر لسٹ میں نئے ناموں کو شامل کرنے،   حذف کرنے یا درست نام یا پتے شامل کرنے کیلئے کوئی کارروائی نہیں کی جاتی ہے۔ ریاستی الیکشن کمیشن نے یہ بھی بتایا ہے کہ ووٹر لسٹ کو وارڈوں کے لحاظ سے تقسیم کرتے وقت نام تقسیم کرنے والے اہلکاروں کی  غلطیوں کے ساتھ ساتھ ووٹر کا وارڈ غلطی سے تبدیل ہونا، اسمبلی لسٹ میں نام ہونے کےباوجود وارڈ لسٹ میں نام نہ ہونا وغیرہ کے بارے میں اعتراضات اور تجاویز میونسپل کمشنر کے پاس دی  جا سکتی ہیں۔

متعلقہ خبریں

This website uses cookie or similar technologies, to enhance your browsing experience and provide personalised recommendations. By continuing to use our website, you agree to our Privacy Policy and Cookie Policy. OK