ڈیولپمنٹ کے پروجیکٹ کے سبب ووٹراپنے اصل مقام سے عارضی طور پر منتقل ہوگئے ہیں، انہیں الیکشن کمیشن نے بڑی راحت دی ہے ۔
EPAPER
Updated: August 05, 2026, 12:57 PM IST | Iqbal Ansari | Mumbai
ڈیولپمنٹ کے پروجیکٹ کے سبب ووٹراپنے اصل مقام سے عارضی طور پر منتقل ہوگئے ہیں، انہیں الیکشن کمیشن نے بڑی راحت دی ہے ۔
ممبئی سمیت ریاست کے کئی علاقوں میں جہاں کسی ری ڈیولپمنٹ کے پروجیکٹ کے سبب ووٹراپنے اصل مقام سے عارضی طور پر منتقل ہوگئے ہیں، انہیں الیکشن کمیشن نے بڑی راحت دی ہے ۔ ان ووٹروں کو ان کے اصل مقام پر ایس آئی آر کا انومریشن فارم پُر کرنے کی اجازت دے دی ہے لیکن یہ شرط بھی لگائی گئی ہے کہ اسے اس پروجیکٹ کی تفصیل لکھنی ہوگی جس کے تحت وہ اصل مقام سے منتقل ہوا ہے۔الیکشن کمیشن کے اس فیصلہ کو متعلقہ ووٹروں کیلئے بڑی راحت مانا جارہا ہے۔ اس ضمن میں رکن اسمبلی امین پٹیل نے کافی کوششیں کیں۔اس بارےمیں امین پٹیل نے نمائندۂ انقلاب کو بتایا کہ ’’ممبئی کے متعدد علاقوں میں مختلف ایجنسیوں ( بی ایم سی ، مہاڈا ،ایس آر اے اورپرائیویٹ بلڈر وغیرہ)کے ذریعے ری ڈیولپمنٹ اور ترقیاتی منصوبہ کے تحت کام جاری ہے۔ ان پروجیکٹوں کے سبب کئی ووٹروں کوان کے اصل مقام سے عارضی طور پردیگر مقامات پر منتقل ہونا پڑا ہے یا کیا گیا ہے۔ چونکہ ان کانام اسی ووٹر لسٹ میں درج ہے جہاں ان کا مستقل مقام ہے ،اس لئے ایسے ووٹروں کا ’ایس آئی آر ‘ سروے میں نام شامل کرنے پر شدید پریشانی ہو رہی تھی۔ بی ایل او ان ووٹروں کو انومریشن فارم یہ کہہ کر نہیں دے رہے تھے سروے کے وقت وہ دیئے گئے پتہ پر نہیں رہتے۔ بی ایل او کے اس رویہ کے سبب بڑی تعداد میں ووٹرو ں کے نام ایس آئی آر میں خارج ہوجانے کا خطرہ بڑھ گیا تھا۔ اسی سنگین مسئلہ پر مَیں نے چیف الیکشن کمشنر (دہلی)، چیف الیکٹورل آفیسر مہاراشٹر اور ممبئی میونسپل کمشنر کو مکتوب دے کر مطالبہ کیا تھا کہ یہ ووٹروں فی الحال عارضی طو رپر ہی منتقل ہوئے ہیں اور ری ڈیولپمنٹ مکمل ہونے کے بعد دوبارہ اپنے اصل مقام پر آجائیں گے اس لئے ایس آئی آر میں ان کے اصل مقام پر ان کا فارم پُر کرنے کی اجازت دی جائے۔انہوںنے مزید کہا کہ کئی میٹنگوں کے بعد آخر کا ر الیکشن کمیشن نے اس سنگین مسئلہ پر مثبت کارروائی کی۔