• Wed, 10 September, 2025
  • EPAPER

Inquilab Logo Happiest Places to Work

آج نائب صدر کیلئے ووٹنگ، اپوزیشن پُر عزم

Updated: September 08, 2025, 11:23 PM IST | New Delhi

حزب اختلاف نےمیٹنگ میں اتحاد کا مظاہرہ کیا اور الیکشن سے متعلق منصوبہ بندی کی، ووٹنگ سے قبل سدرشن ریڈی کا جذباتی پیغام

Opposition leaders meeting in the Central Hall of Parliament (Photo: PTI)
پارلیمنٹ کے سینٹرل ہال میں اپوزیشن لیڈروں کی میٹنگ (تصویر: پی ٹی آئی)

 نائب صدر کے عہدے کیلئے منگل کو ووٹنگ ہوگی جس میں لوک سبھا اور راجیہ سبھا کے اراکین حصہ لیں گے۔ اس الیکشن میں لوک سبھا کے۵۴۲؍ موجودہ ممبران اور راجیہ سبھا کے۲۳۹؍ موجودہ ممبران ہی ووٹ ڈال سکیں گے۔ اس طرح الیکٹورل کالج میں اس وقت ۷۸۱؍ ممبران ہیں،اسلئے کسی بھی امیدوار کو جیتنے کیلئے کم از کم۳۹۱؍ ووٹ درکار ہوں گے۔
  نئے پارلیمنٹ ہاؤس میں صبح۱۰؍ بجے سے شام۵؍ بجے تک ووٹنگ ہوگی اور ووٹوں کی گنتی شام۶؍ بجے شروع ہوگی۔ نائب صدر کے انتخاب کیلئے این ڈی اے نے مہاراشٹر کے گورنر سی پی رادھا کرشنن کو نامزد کیا ہے جبکہ انڈیا اتحاد نے سپریم کورٹ کے سابق جج بی سدرشن ریڈی کو اپنا امیدوار بنایا ہے۔ لوک سبھا اور راجیہ سبھا میں نمبروں کی بنیاد پراین ڈی اے کو واضح اکثریت حاصل ہے،اسلئے اس کی برتری نظر آتی ہے۔ 
  این ڈی اے کے پاس لوک سبھا میں ۲۹۳؍ اور راجیہ سبھا میں ۱۳۴؍ اراکین پارلیمان ہیں۔ اس طرح این ڈی اے کے پاس۴۲۷؍ ووٹ  ہیں، جو کہ اکثریت کیلئے درکار۳۹۱؍ کے اعداد و شمار سے بہت زیادہ ہے۔اس کے برعکس انڈیا اتحاد کے پاس لوک سبھا میں۲۴۹؍ اور راجیہ سبھا میں۱۰۵؍ یعنی کل۳۵۴؍ ووٹ ہیں۔اس کے باوجود اپوزیشن کے حوصلے بلند ہیں۔ اس حوالے سے اپوزیشن جماعتوں کے لیڈروں نے پارلیمنٹ کمپلیکس میں سمودھان سدن کے مرکزی کمرے میں پیر کو ایک اہم میٹنگ کی، جس میں نائب صدر کے عہدے کیلئےہونے والی ووٹنگ کے عمل کی وضاحت کے ساتھ کئی اہم موضوعات پر تبادلۂ خیال کیا گیا۔ کانگریس ذرائع کے مطابق میٹنگ میں اپوزیشن کی تمام جماعتوں کے لیڈر موجود تھے۔ لوک سبھا اور راجیہ سبھا میں اپوزیشن  کے تمام اراکین بھی میٹنگ میں شریک ہوئے۔ 
 میٹنگ میں جن اہم  لیڈروں نے حصہ لیا ان میں کانگریس کے صدر ملکارجن کھرگے، کانگریس پارلیمانی پارٹی کی لیڈر سونیا گاندھی، پرمود تیواری، کے سی وینوگوپال، این سی پی کے شرد پوار، سماج وادی  کے اکھلیش یادو اور رام گوپال یادو، شیوسینا (اُدھو گروپ) کی پرینکا چترویدی، جے ایم ایم کی  مہوا ماجی سمیت کئی اہم  لیڈر شامل تھے۔اس  میٹنگ میں کانگریس  کے سینئر لیڈر جے رام رمیش نے پارلیمنٹ کے اراکین کو ووٹنگ کے طریقہ کار کی معلومات دی اور بتایا کہ ووٹنگ کے دوران کن باتوں کا خاص خیال رکھنا ہے۔ 
 اپوزیشن لیڈروں نے کہا کہ نائب صدر کے عہدے کیلئے اپوزیشن جماعتوں کے امیدوار جج بی سدرشن ریڈی ایک مضبوط اور بہت مناسب امیدوار ہیں، اسلئے  پوری اپوزیشن ان کے حق میں متحد ہے۔ اپوزیشن کی تمام جماعتوں کے اتحاد سے جسٹس  ریڈی کی پوزیشن بہت مضبوط ہو گئی ہے۔ 
  اس درمیان ووٹنگ سے قبل نائب صدر کے امیدوار بی سدرشن ریڈی نے ایک جذباتی پیغام جاری کیا ہے۔ ان کا ایک ویڈیو کانگریس کے ’ایکس‘ ہینڈل سے پوسٹ کیا گیا جس میں انہوں نے تمام اراکین پارلیمان کو مخاطب کیا ہے۔ ویڈیو میں انہوں نے کہا کہ ’’ آپ کا ووٹ صرف نائب صدر کے عہدہ کیلئے نہیں ہے بلکہ یہ ہندوستان کی روح کیلئےہے۔ یہ ملک ہم سب کا ہے۔ ملک کو سنبھال کر رکھنا، ہم سب کی ذمہ داری ہے۔ آئیے ہم سب مل کر اپنی جمہوریت کو مضبوط بنائیں اور ایک ایسی وراثت بنائیں، جس پر آنے والی نسل فخر کر سکیں۔‘‘

new delhi Tags

متعلقہ خبریں

This website uses cookie or similar technologies, to enhance your browsing experience and provide personalised recommendations. By continuing to use our website, you agree to our Privacy Policy and Cookie Policy. OK