• Wed, 10 September, 2025
  • EPAPER

Inquilab Logo Happiest Places to Work

ایشیا کپ: سوریا کمار پاکستان کے خلاف حارحانہ انداز برقرار رکھیں گے

Updated: September 09, 2025, 10:00 PM IST | Dubai

ایشیا کپ شروع ہوچکا ہے اور اس سے قبل پریس کانفرنس میں سوریا کمار نے کہا کہ انٹرنیشنل سطح پر کھیلنے کے لیے میدان پر جارحیت ضروری ہے تاہم پاکستانی کپتان سلمان علی آغا اس بارے میں مختلف رائے رکھتے ہیں۔

Surya Kumar. Photo:INN
سوریہ کمار یادو۔ تصویر:آئی این این

ہندوستانی ٹی ۲۰؍ ٹیم کے کپتان سوریہ کمار یادو نے منگل کو واضح کیا کہ ان کی ٹیم ایشیا کپ میں پاکستان کے خلاف میچ میں جارحیت کو کم نہیں کرے گی۔۱۴؍ ستمبر کو دبئی میں ہونے والے اس ملٹی نیشنل ٹورنامنٹ میں ہندوستان کا مقابلہ روایتی حریف پاکستان سے ہوگا۔ ہندوستان بدھ کو یو اے ای کے خلاف اپنی مہم کا آغاز کرے گا۔ پاکستانی کپتان جارحیت کے بارے میں مختلف رائے رکھتے ہیں۔

ایشیا کپ منگل سے شروع ہوچکا  ہے اور اس سے قبل پریس کانفرنس میں سوریا کمار نے کہا کہ انٹرنیشنل سطح پر کھیلنے کے لیے میدان پر جارحیت ضروری ہے۔ تاہم پاکستانی کپتان سلمان علی آغا اس بارے میں مختلف رائے رکھتے ہیں اور ان کا کہنا ہے کہ ان کی جانب سے ٹیم کے اراکین  کو ایسا کوئی پیغام نہیں بھیجا جائے گا۔

سوریا کمار سے پوچھا گیا کہ کیا کھلاڑی پاکستان کے خلاف میچ میں اپنی جارحیت کو کم کریں گے؟ اس پر  انہوں  نے کہا کہ  `میدان پر ہمیشہ جارحیت ہوتی ہے۔ اگر آپ جیتنا چاہتے ہیں تو آپ اس کے بغیر نہیں کر سکتے۔ میں جارحیت کے ساتھ میدان میں اترنے کے لیے پرجوش ہوں۔ اسی سوال پر پاکستانی کپتان سلمان علی آغا نے کہا کہ اگر کوئی جارح ہونا چاہتا ہے تو یہ اس کا فیصلہ ہے۔ جہاں تک میری ٹیم کا تعلق ہے، میں کسی کو کوئی گائیڈ لائن نہیں دیتا۔
 ہندوستان  اور پاکستان کے درمیان ایشیا کپ کا میچ ایک ایسے وقت میں ہو رہا ہے جب دونوں ملکوں کے درمیان تعلقات کافی کشیدہ ہیں۔ اس سال اپریل میں پہلگام میں دہشت گردانہ حملہ ہوا تھا جس میں ۲۶؍ سیاح مارے گئے تھے، جس کے بعد  ہندوستان  نے انتقام  لینے کے لیے آپریشن سیندور کے نام سے فوجی آپریشن شروع کیا تھا۔ ایشیا کپ کی پریس کانفرنس کے دوران سوریہ کمار اور سلمان ایک دوسرے کے ساتھ نہیں بیٹھے تھے۔

یہ بھی پڑھیئے:ورلڈ باکسنگ چمپئن شپ: نکہت زرین راؤنڈ ۸؍ میں پہنچیں

سوریہ کمار نے کہا کہ اچھے پریکٹس سیشن کے بعد ان کی ٹیم  فارم  میں ہے۔ انہوں نے کہا کہ  `ہمارے کچھ اچھے پریکٹس سیشن ہوئے۔ یہ اچھا لگتا ہے۔ ایشیا کپ میں بہترین ٹیموں کے خلاف کھیلنا ایک اچھا چیلنج ہوگا۔  سابق  ہندوستانی  کھلاڑی لال چند راجپوت متحدہ عرب امارات کی ٹیم کے کوچ ہیں اور اگرچہ ان کی ٹیم کو کمزور سمجھا جاتا ہے،  ہندوستانی کپتان نے کہا کہ وہ میزبان ٹیم کو کمتر   نہیں سمجھیں گے۔
 انہوں نے مزید کہاکہ  `وہ زبردست کرکٹ کھیل رہے ہیں اور حالیہ سہ رخی سیریز میں کچھ قریبی میچ کھیلے ہیں۔ امید ہے کہ وہ ایشیا کپ میں اچھی کارکردگی کا مظاہرہ کریں گے۔ یہ پوچھے جانے پر کہ کیا ہندوستانی ٹیم پہلے میچ میں کوئی تجربہ کرے گی، سوریہ کمار نے کہا کہ  جب آپ کسی بھی فارمیٹ میں کھیلتے ہیں تو آپ کو یہ جاننا ہوگا کہ تیاری کتنی اچھی ہے۔ بلا وجہ تجربہ کرنے کی کیا ضرورت ہے۔ اگر ہمیں نتائج مل رہے ہیں تو ہم تبدیلیاں کیوں کریں گے۔

متعلقہ خبریں

This website uses cookie or similar technologies, to enhance your browsing experience and provide personalised recommendations. By continuing to use our website, you agree to our Privacy Policy and Cookie Policy. OK