۱۱؍ ہزارسےزائد عازمین اب بھی اپنی بار ی کے منتظر۔ویٹنگ لسٹ والے عازمین کوایک لاکھ ۵۲؍ہزار ۳۰۰؍ روپے ۱۱؍اکتوبر تک حج کمیٹی کے اکاؤنٹ میںجمع کرانا ہوگا
EPAPER
Updated: September 30, 2025, 10:37 PM IST | Saeed Ahmed Khan | Mumbai
۱۱؍ ہزارسےزائد عازمین اب بھی اپنی بار ی کے منتظر۔ویٹنگ لسٹ والے عازمین کوایک لاکھ ۵۲؍ہزار ۳۰۰؍ روپے ۱۱؍اکتوبر تک حج کمیٹی کے اکاؤنٹ میںجمع کرانا ہوگا
ممبئی اور مہاراشٹر کے عازمین کی ۵؍ہزار ۵۷۴؍ ویٹنگ لسٹ کنفرم ہوگئی ہے ۔اس لحاظ سے ریاست کے ۲۹؍ ہزار درخواست دہندگان میںسے تقریباً ۱۸؍ہزارعازمین کی سیٹیں کنفرم ہوگئی ہیں۔ ۱۱؍ ہزار سے زائد عازمین اب بھی اپنی بار ی کے منتظر ہیں۔ ویٹنگ لسٹ کے اِن عازمین کوایک لاکھ ۵۲؍ ہزار ۳۰۰؍ روپے اور دیگر دستاویزات ۱۱؍ اکتوبر تک حج کمیٹی آف انڈیاکے اکاؤنٹ میںجمع کرانا ہوگا۔
حج کمیٹی کے دفتر میںفارم بھرنے کی سہولت
ریاستی حج کمیٹی کےدفترواقع مسافر خانہ میںفارم بھرنے کی سہولت مہیا کرائی گئی ہے ۔ یہاںعملہ پیر تا سنیچرصبح ۱۰؍تا شام ساڑھے ۵؍بجے عازمین کی رہنمائی اوران کی مدد کرتا ہے۔اس کے ساتھ ہی عازمین اپنی سہولت کے لحاظ حج سویدھا پورٹل پر خود بھی فارم بھرسکتے ہیں۔ ریاستی حج کمیٹی کی سیکشن آفیسر خدیجہ نائیکواڑے کے مطابق’’ ریاستی سطح پر عازمین کومطلع کیا گیا ہے اور حجاج کے تعلق سے خدمات انجا م دینے والوں کے ذریعے بھی پیغام رسانی کی جارہی ہے تاکہ جن عازمین کے نام کنفرم ہوئے ہیں، وہ رقم اوردستاویزات مع میڈیکل سرٹیفکیٹ وقت مقررہ سے قبل ریاستی حج کمیٹی کے دفتر میں جمع کرادیں۔‘‘انہوں نے میڈیکل سرٹیفکیٹ کے تعلق سے بتایاکہ’’ عازمین کواس کےلئے بہت زیادہ پریشان ہونے کی ضرورت نہیں ہے۔ شہر ،ضلع یا قصبات میںجہاں بھی چھوٹے بڑے سرکاری اسپتال ہیں اور اس میںایم بی بی ایس ڈاکٹر موجود ہیں،وہاں کیا جانے والا چیک اپ اورجاری کردہ سرٹیفکیٹ قابل قبول ہوگا ۔‘‘
حج کمیٹی آف انڈیا کے سی ای اوشہنواز سی کی جانب سے بتایا گیااور سرکیولر بھی جاری کیا گیا ہے کہ ’’ ملکی سطح پر ۲۲۳۳۰؍ ویٹنگ لسٹ کنفرم ہوئی ہے ۔اسی کے ساتھ یہ بھی بتایا گیا کہ رقم ویب سائٹ hajcommittee.gov.in یا ’’حج سہولت ایپ‘‘ کے ذریعے (کریڈٹ کارڈ/ڈیبٹ کارڈ/ نیٹ بینکنگ)۔ پے اِن سلپ کے ذریعے، جو اسٹیٹ بینک آف انڈیا یا یونین بینک آف انڈیا کی کسی بھی برانچ میں جمع کرائی جا سکتی ہے۔ اس پر حج کمیٹی آف انڈیا کا منفرد بینک ریفرنس نمبر درج ہونا لازمی ہے۔اسی طرح دستاویزات میں دستخط شدہ حج درخواست فارم اور پاسپورٹ ڈیکلریشن فارم۔جمع شدہ رسید/ آن لائن رسید کی کاپی۔ میڈیکل اور فٹنس سرٹیفکیٹ وغیرہ جمع کرانا ہوگا۔ ‘‘ انہوں نے یہ بھی کہاکہ ’’عازمین حج کو لازمی طور پر مقررہ وقت میں ایڈوانس حج رقم جمع کروانی ہوگی ورنہ یہ انتباہ دیا کہ ایسے عازمین کی حج نشست منسوخ کر دی جائے گی۔
کوٹہ کے بارے میں اب تک کوئی اطلاع نہیں
ان اعلانات اورویٹنگ لسٹ کنفرم ہونے کے باوجود اب تک یہ نہیںبتایا گیا ہے کہ سعودی حکومت کی جانب سے کوٹہ جاری کردیا گیا ہے یا نہیں،کتنا کوٹہ دیا گیا ہے،کوٹہ کم کیا گیا ہے یا بڑھایا گیا ہے۔ جوکچھ کیا جارہا ہے، وہ گزشتہ سال کے کوٹے کے پیش نظرہے۔ اسی حساب سے پیشگی رقم بھی جمع کرائی جارہی ہے۔ یہی وجہ ہے کہ اس سے قبل محض ایک لاکھ ہی عازمین کی قرعہ اندازی کی گئی تھی اورا س میں۲۰؍روزہ حج کے خواہش عازمین بھی شامل تھے۔ اب مزید ویٹنگ لسٹ کنفرم ہونے سے گزشتہ سال کے بقدر عازمین کا انتخاب کرلیا گیا ہے، بقیہ ۸۰؍ ہزار سے زائد عازمین ویٹنگ لسٹ میں رکھے گئے ہیں۔ سعودی حکومت کی جانب سے جیسی صورتحال ہوگی اسی حساب سےحج کمیٹی کا اگلاقدم اور اعلان ہوگا۔