• Fri, 08 November, 2024
  • EPAPER

Inquilab Logo

وقف بل: جے پی سی کی میٹنگ میں زوردار ہنگامہ، ٹی ایم سی رُکن کلیان بنرجی نے غصے میں بوتل توڑدی

Updated: October 22, 2024, 11:06 PM IST | New Delhi

کمیٹی کی میٹنگ کے دوران بی جے پی رُکن پارلیمنٹ ابھجیت گنگوپادھیائے اور کلیان بنرجی کے درمیان انتہائی تلخ بحث، دونوں لیڈروں کے درمیان تصادم کی نوبت آگئی تھی ، کلیان بنرجی ایک دن کیلئے کمیٹی سے معطل

Asaduddin Owaisi taking the injured Kalyan Banerjee out of the meeting. (PTI)
اسد الدین اویسی زخمی کلیان بنرجی کو میٹنگ سے باہر لے جاتے ہوئے۔(پی ٹی آئی )

’وقف  بل پر غور کرنے کے لئے تشکیل دی گئی جوائنٹ پارلیمانی کمیٹی (جے پی سی) کی میٹنگ میں ہنگامہ کا دور جاری ہے۔ منگل کو ایک بار پھر جے پی سی میں شامل برسراقتدار اور حزب اختلاف  کے  اراکین میں زوردار بحث دیکھنے کو ملی۔ اس مرتبہ تو اس بحث نے جارحانہ رخ اختیار کر لیا اور نتیجہ یہ ہوا کہ ترنمول کانگریس کے رکن پارلیمنٹ کلیان بنرجی زخمی ہو گئے۔ رپورٹس کے مطابق جے پی سی کے اجلاس میں بی جے پی رکن پارلیمنٹ ابھجیت گنگوپادھیائے اور ٹی ایم سی رکن پارلیمنٹ کلیان بنرجی کے درمیان کسی بات پر تلخ بحث ہو گئی جو اتنی بڑھتی کہ میٹنگ کے دوران ہی دونوں لیڈروں نے جارحانہ رخ اختیار کر لیا اور پھر دیکھتے ہی دیکھتے اس نوک جھونک نے اتنی شدت اختیار کر لی کہ دونوں لیڈران کے درمیان تصادم کی حالت پیدا ہو گئی۔اس دوران غصے میںکلیان بنرجی  نے اپنے ٹیبل پر رکھی شیشے کی بوتل اٹھاکر پٹخ دی جو نہ صرف ٹوٹ گئی بلکہ اس کا کانچ کلیاں بنرجی کی انگلیوں میں لگ گیا اور وہ زخمی ہو گئے۔  اس تعلق سے متعدد تصاویر سوشل میڈیا پر وائرل ہو رہی ہیں۔ 
 بتایا جاتا ہے کہ ادیشہ کی ایک غیر سرکاری  تنظیم کے رکن وقف املاک سے متعلق اپنی رائے  پیش کررہے تھے اور تبھی یہ ہنگامہ شروع ہوا۔ ذرائع کے حوالے سے جو خبریں سامنے آ رہی ہیں، اس میں کہا جا رہا ہے کہ ہنگامہ کے وقت جسٹس اِن ریالٹی کٹک، ادیشہ اور پنچ سکھا پرچار کٹک، اڈیشہ بانی منڈلی کا پریزنٹیشن چل رہا تھا۔ کلیان بنرجی اس دوران اپنی بات رکھنا چاہتے تھے حالانکہ ان سے پہلے ہی دو تین مرتبہ بات ہو چکی تھی۔ پھر بھی وہ پریزنٹیشن کے دوران کوئی اعتراض پیش کرنا چاہئے تھے جس پر بی جے پی رکن پارلیمنٹ ابھجیت گنگوپادھیائے نے اعتراض کیا اور اجازت نہ دینے کا مطالبہ کیا ۔ ایسے میں بات بڑھ گئی جو تصادم تک جا پہنچی ۔ دونوں ہی فریقین کی جانب سے دعویٰ کیا جا رہا ہے کہ سامنے والے نے نازیبا زبان کا استعمال کیا۔ اسی درمیان کلیان بنرجی نے میز پر رکھی شیشے کی بوتل اٹھا کر ٹیبل پر دے ماری اور خود کو چوٹ پہنچا لی۔
  بی جے پی اراکین کا الزام ہے کہ کلیان بنرجی نے ٹوٹی ہوئی بوتل چیئرمین کی طرف اچھال دی تھی لیکن اس کی تصدیق نہیں ہو سکی ہے۔ اس واقعے کے بعد میٹنگ کچھ دیرکیلئے ملتوی کرنی پڑی۔جے پی سی کے صدر جگدمبیکا پال نے  اس واقعے کے بعد تمام باتوں پر غور کرتے ہوئے کلیان بنرجی کو ایک دن کے لئے جے پی سی سے معطل کردیا ہے۔ 

متعلقہ خبریں

This website uses cookie or similar technologies, to enhance your browsing experience and provide personalised recommendations. By continuing to use our website, you agree to our Privacy Policy and Cookie Policy. OK