Inquilab Logo

بورڈ امتحانات میں بدنظمی اور نقل کی شکایت پر کارروائی کاانتباہ

Updated: March 01, 2022, 8:57 AM IST | saadat khan | Mumbai

امتحانات سے متعلق ۲۶؍شرائط پر مشتمل سرکیولر جاری ،جن مراکزسےنقل اور دھوکہ بازی کی شکایت موصول ہوگی ،ان کا گرانٹ اور رجسٹریشن منسوخ کیا جاسکتا ہے

This year board exams will be held in students` schools and colleges. (Photo)
امسال بورڈ امتحانات طلبہ کے اسکولوں اور کالجوں میں منعقدکئے جائیں گے۔ (فوٹو)

ریاستی بورڈ نے  امسال ایس ایس سی  اورایچ ایس سی  کے آف لائن امتحانات سیلف سینٹروں پر منعقد کرنےکااعلان کیاہےتاکہ طلبہ کے ڈر و خوف کو کم کیاجاسکےلیکن     امتحانات میں  دھوکہ  بازی اور نقل وغیرہ نہ ہو، اس کیلئے بورڈ نے ۲۶؍شرائط پر مشتمل سرکیولر جاری کیا ہے جس میں جن سینٹروںسےنقل وغیرہ کی شکایت موصول ہوگی ،ان کا گرانٹ اور رجسٹریشن منسوخ  کرنے کا انتباہ دیاگیاہے۔  واضح رہےکہ بارہویں اور دسویں جماعت کے بورڈ امتحانات بالترتیب ۴؍اور ۱۵؍مارچ سے شروع  ہورہے ہیں۔ کووڈ۱۹؍ کی وجہ سے ان امتحانات کوان ہی اسکولوںاور کالجوںمیں منعقد کرنےکا اعلان کیا گیاہے جہاں  طلبہ زیر تعلیم ہیں۔
  جن اسکولوں اور کالجوں میں بورڈ امتحانات منعقدکئے جائیں گے ،وہاں  امتحان میں کسی طرح کی بدنظمی یا نقل وغیرہ کی شکایتیںموصول ہونے پر متعلقہ اسکول اور کالج کے خلاف سخت کارروائی کی جاسکتی ہے۔ اگر امداد یافتہ اسکول کے بارےمیں اس طرح کی شکایت ملے گی تو اس کا گرانٹ بند کردیاجائے گا۔ اسی طرح غیر امدادی اسکول سے متعلق ایسی شکایت ملنے پر اس کا رجسٹریشن منسوخ کیاجاسکتاہے ۔ 
   بورڈ امتحانات میں کسی طرح کی بدنظمی نہ ہو،  اس کیلئے ۲۶؍ شرائط پر مشتمل سرکیولر جاری کرتے ہوئے  ہدایت دی گئی ہےکہ امتحان گاہ میں طلبہ کومہیاکی جانےوالی سہولیات کا خاص خیال رکھاجائے ۔ہر طالب علم کیلئے بیچ اور کرسی کا انتظام ہونالازمی ہے۔ کوئی طالب علم زمین پر بیٹھ کر امتحان دیتےہوئے نہیں دکھائی دینا چاہئے ۔
  کووڈ کی وجہ سے امسال منعقدہونےوالے آف لائن امتحان کیلئےاسٹیٹ بورڈ نے متعدد سہولیات فراہم کی ہیں  جن میں پرچے کے مارکس کے اعتبار سے ۱۵؍تا ۳۰؍منٹ کا اضافی وقت بھی دیاگیاہے ۔ ممتحن کو ہدایت دی گئی ہےکہ پیپر کا وقت پورا ہونے سےپہلے طلبہ سے پرچہ نہ لیاجائے ۔ اسی طرح طلبہ سے اپیل کی گئی ہےکہ اضافی وقت کا فائدہ اُٹھائیں اور پرچہ  اچھی طرح سے حل کرنےکی کوشش کریں ۔ پیپر ۷۵؍فیصد نصاب کی بنیاد پرتیارکئے گئےہیں۔طلبہ اور والدین کی میٹنگ منعقدکرکے انہیں یہ ہدایت دی جائے کہ پرچے کےدوران کسی طرح کی بدنظمی اور دھوکہ بازی کی کوشش نہ کی جائے ۔ امتحا ن کے دوران کسی بھی ٹیچر کو چھٹی نہ دی جائے ۔ اس طرح کی متعد د شرائط عائد کی گئی  ہیں تاکہ امتحان معمول کے مطابق اور اطمینان سے منعقدکئے جاسکیں۔ 
  کووڈ۱۹؍ کے تناظر میں امتحانات کےدوران کورونا  سے متعلق تمام اسٹینڈرڈ آپریٹنگ پروسیجر پر سختی سے عمل کرنےکی ہدایت دی گئی ہے ۔ طلبہ کیلئے ماسک پہننے ، سماجی دوری رکھنے اور سینی ٹائزر کے استعمال کے علاوہ ایک بینچ پر ایک طالب علم کوبیٹھنےکی اجازت دی گئی ہے ساتھ ہی امتحان گاہ میں صاف صفائی اور سینی ٹائز کی ہدایت دی گئی ہے۔
 اکھل بھارتیہ اُردو شکشک سنگھ کے جنرل سیکریٹری ساجد نثار نےکہاکہ ’’بورڈ امتحانات کے تعلق سے اسٹیٹ بورڈ نے جو ہدایتیں جاری کی ہیں،  اس پر عمل کرناضروری ہے ۔ امتحان میں کسی طرح کی بدعنوانی نہیں ہونی چاہئے ۔ نقل وغیرہ کی شکایت موصول ہونے پر ایسے امتحانی مراکز کے خلاف کارروائی کاانتباہ دیاگیاہے ۔‘‘ 

متعلقہ خبریں

This website uses cookie or similar technologies, to enhance your browsing experience and provide personalised recommendations. By continuing to use our website, you agree to our Privacy Policy and Cookie Policy. OK