Inquilab Logo

غیر قانونی جھوپڑپٹیوں اورعمارتوں کو بھی پانی فراہم کیا جائےگا

Updated: May 09, 2022, 11:30 AM IST | Iqbal Ansari | Goregaon

ممبئی میں ’سب کیلئے پانی ‘ اسکیم کا وزیر اعلیٰ ادھو ٹھاکرے نے افتتاح کرتے ہوئے کہا کہ ممبئی کے ہر شہری کیلئے پینے کا پانی سپلائی کرنے والی بی ایم سی ملک کی پہلی بلدیہ ہے

Inaugurating the water scheme for all,Chief Minister Uddhav Thackeray, along with other ministers can be seen..Picture:INN
سب کیلئے پانی اسکیم کا افتتاح کرتے ہوئے وزیر اعلیٰ ادھو ٹھاکرے،ساتھ میں دیگر وزراء بھی دیکھے جا سکتے ہیں۔۔ تصویر: آئی این این

ممبئی کی حدود میں رہنے والے ہر شہری کو پینے کاپانی میسر ہو سکے اس کیلئے برہن ممبئی میونسپل کارپوریشن ( بی ایم سی) نے  ’سب کیلئے پانی‘ ( سروان ساٹھی پانی) اسکیم تیار کی ہے۔سنیچر کو گوریگاؤں میں وزیر اعلیٰ ادھو ٹھاکرے  نے اس اسکیم کا افتتاح کیا اور  دعویٰ کیا کہ بی ایم سی ’سب کیلئے پانی ‘اسکیم شروع کرنے والی ملک کی پہلی بلدیہ ہے۔اس اسکیم کے تحت جھوپڑپٹیوں،غیر  قانونی جھوپڑ پٹی اور غیر قانونی عمارتو ں میں مقیم شہریوںکو بھی پانی کا کنکشن دینے کا اعلان کیا گیا ہے۔  وزیر اعلیٰ نےیہ بھی اعلان کیا کہ ممبئی میں سبھی کیلئے پانی کے بعد’سب کے لئے صحت ‘ اسکیم بھی شروع کی  جائے گی۔ سب کیلئے پانی اسکیم کا آدتیہ ٹھاکرے، اسلم شیخ اور روشا گائیکواڑ نے بھی خیر مقدم کیا ۔ وزیر اعلیٰ ادھو ٹھاکرے نے ناگری نیوارا پریشد گوریگاؤں میں واقع ماںصاحب میناتائی ٹھاکرے  ادیان میں برہن ممبئی میونسپل کارپوریشن کی حدود میں تمام باشندوں کیلئے ’سب کیلئے پانی ‘ پالیسی کا افتتاح کیا۔  اس موقع پر  اسکولی تعلیم کی وزیر پروفیسر ورشا گائیکواڑ، ٹیکسٹائل اور ممبئی شہر ضلع کے نگراںوزیر اسلم شیخ، وزیر سیاحت اور ممبئی مضافاتی ضلع کے نگراں وزیر آدتیہ ٹھاکرے، رکن پارلیمان گجانن کیرتیکر، ایم ایل اے سنیل پربھو، راج ہنس سنگھ، رویندر وائیکر، سابق میئر کشوری پیڈنیکر، میونسپل کمشنر اور ایڈمنسٹریٹر ڈاکٹر اقبال سنگھ چہل اور دیگر معززین موجود تھے۔ اس موقع پر ’سب کیلئے پانی‘پالیسی کتابچہ کا وزیر اعلیٰ ادھو ٹھاکرے نے اجراء بھی کیا۔ وزیر اعلیٰ ادھو ٹھاکرے نے کہا کہ ہمیں ماحولیات کو کم سے کم نقصان پہنچا کر ترقیاتی کام کرنا ہے۔ میونسپل کارپوریشن کی ’بیسٹ‘ سروسیز ممبئی کی لائف لائن ہے۔وزیر اعلیٰ نے بی ایم سی کی طرف سے ٹرانسپورٹ، پانی، صحت کی سہولیات اور اسکولوں کے معیار تعلیم کو بہتر بنانے کیلئے کئے جا رہے  کاموں کی تعریف بھی کی۔
پانی سب کیلئے اسکیم کا اعلان تاریخی لمحہ ہے: آدتیہ 
 اس موقع پر سیاحت کے وزیر اور ممبئی مضافاتی ضلع کے سرپرست  آدتیہ ٹھاکرے نے کہا کہ ’’ممبئی شہر میں۱۶؍  مختلف ایجنسیاں کام کر رہی ہیں۔ ان سب کو ساتھ لے کر ممبئی شہر کو ایک سمت دی گئی ہے۔ ’سب کیلئےپانی ‘ پالیسی کا اعلان کرنا ایک تاریخی لمحہ ہے۔ممبئی ۲۴؍گھنٹے کام کرنے  والا، خواب دیکھنے والا  اور  اسے پورا کر نے والا شہر  ہے۔ شہریوں کےلئے ٹرانس ہاربر لنک، پراپرٹی ٹیکس میں راحت، سب کیلئے پانی جیسے کئی فیصلے کئے گئے ہیں۔‘‘ آدتیہ ٹھاکرے نے مزید کہا کہ ان فیصلوں کے ساتھ،۲۰۲۶ء تک تقریباً ۳؍ ہزار الیکٹرک بسیں خریدی جائیں گی۔ اس طرح ماحولیات کے تحفظ کے ساتھ ممبئی  ترقی کی راہ پر گامزن ہے۔
پانی سب کیلئےایک قابل تعریف اسکیم:ورشا 
  وزیر تعلیم ورشا گائیکواڑ نے کہا کہ خوراک، لباس اور رہائش کے ساتھ پانی بنیادی ضرورت ہے۔’پانی سب کیلئے‘ ایک اچھی پہل ہے اس سے شہری خصوصاً خواتین کو بڑی راحت ملے گی کیونکہ پانی کا زیادہ کام انہیں ہی کرناپڑتا ہے اور گھریلو کام پانی کے بغیر ممکن نہیں ۔ممبئی میونسپل کمشنر اقبال سنگھ چہل نے پروگرام کے آغاز میں ایک تعارف پیش کیا۔ `’سب کیلئے پانی‘ اس پالیسی پر ایک دستاویزی فلم دکھائی گئی۔ پروگرام کے آخر میں ڈپٹی میونسپل کمشنر (اسپیشل انجینئرنگ) اجے راٹھور نے اظہار تشکر  پیش کیا۔ 
’سب کیلئے پانی ‘ پالیسی کے مقاصد 
 سب کیلئے پانی اسکیم کا اہم مقصد ان سبھی شہریوں کو پانی فراہم کرنا ہے جو قانونی  یا غیر قانونی  جھوپڑ پٹیوں یا عمارتوں یا اس کے غیر قانونی طور پر تعمیر کردہ حصہ میں رہتے ہیں۔نجی زمین پر غیر اعلانیہ(ان ڈکلیئر )کچی آبادیوں کو پانی کی فراہمی، کوسٹل ریگولیشن زون(سی آر زیڈ) میںکچی آبادیوں کو عوامی نلوں کے ذریعے پانی کی فراہمی، رہائشی عمارتوں میں غیر قانونی طور پر اضافہ شدہ تعمیرات کو پانی کنکشن فراہم کرنا، پروجیکٹ سے متاثرہ کچی آبادیوں کو پانی کی فراہمی، پالیسی کا مقصد رہائشی عمارتوں یا ان کے کچھ حصوں کو پانی کا کنکشن فراہم کرنا ہے جن کے منصوبے منظور نہیں ہوئے ہیں لیکن جن کی تعمیر بغیر کوئی اجازت لئے کی گئی ہے۔

متعلقہ خبریں

This website uses cookie or similar technologies, to enhance your browsing experience and provide personalised recommendations. By continuing to use our website, you agree to our Privacy Policy and Cookie Policy. OK