Inquilab Logo

’’ہم مودی کی بدعنوانی اور جھوٹ کی طاقت کیخلاف لڑرہے ہیں‘‘

Updated: March 18, 2024, 11:57 PM IST | Agency | New Delhi

راہل گاندھی کا وزیراعظم کی تنقیدوں کا جواب ، کہا:انہیں میری باتیں پسند نہیں،اسلئے ان کا مطلب بدلنے کی کوشش کرتے ہیں۔

Rahul Gandhi is constantly targeting Prime Minister Modi. Photo: INN
راہل گاندھی مسلسل وزیراعظم مودی کو نشانہ بنا رہے ہیں۔ تصویر : آئی این این

 کانگریس  لیڈر راہل گاندھی نے ایک بار پھر وزیراعظم کو نشانہ بنایا ہے۔ انہوں نے کہا کہ  وزیر اعظم مودی اپنے سرمایہ دار دوستوں کو فائدہ پہنچانے کیلئے  بددیانتی، بدعنوانی اور جھوٹ کی طاقت کا استعمال کر رہے ہیں اور کانگریس اسی  طاقت کے خلاف لڑ رہی ہے۔ راہل گاندھی نے پیر کو  ایکس پر ایک پوسٹ کیا۔ اس میں انہوں نے لکھا کہ’’مودی جی کو  میری باتیں پسند نہیں ہیں، وہ ہمیشہ کسی نہ کسی طریقے سے ان کا مطلب بدلنے  کی کوشش کرتے ہیں کیونکہ وہ جانتے ہیں کہ میں نے ایک گہرا سچ بولا ہے۔ جس  طاقت کا میں نے ذکر کیا ہے، مودی جی اس طاقت کا نقاب ہیں جس سے ہم لڑ رہے  ہیں، وہ ایک ایسی طاقت ہے جس نے آج ہندوستان کی آوازکو، ہندوستان کے  اداروں کو، سی بی آئی، آئی ٹی، ای ڈی، الیکشن کمیشن، میڈیا، ہندوستان کی صنعت  اور پورے آئینی ڈھانچے کو اپنی گرفت میں لے رکھا ہے۔ ہندوستان  اس کے چنگل  میں ہے۔‘‘
 راہل گاندھی نے کہا کہ اسی طاقت کی وجہ سے نریندر مودی جی ہندوستانی  بینکوں سے ہزاروں کروڑ کے قرضے معاف کراتے ہیں، جبکہ ایک ہندوستانی کسان  چند ہزار روپے کا قرض ادا نہ کر پانے پر خودکشی کر لیتا ہے۔ ہندوستان  کی  بندرگاہوں، ہندوستان  کے ہوائی اڈوں کو تباہ کرنے کیلئے استعمال کیا جاتا  ہےجبکہ ہندوستان  کے نوجوانوں کو اگنی ویر کا تحفہ دیا جاتا ہے جس کی وجہ  سے ان کی ہمت ٹوٹ جاتی ہے۔اسی طاقت کو دن رات سلام کرتے ہوئے ملک کا میڈیا  سچ کو دباتا ہے۔اسی طاقت کی وجہ سے نریندر مودی جی ملک کے غریبوں پر جی ایس  ٹی لگا رہے ہیں، مہنگائی کو کنٹرول کئے بغیر، اس طاقت کو بڑھانے کیلئے  ملک کے اثاثوں کی نیلامی کرتے ہیں۔‘‘
 کانگریس لیڈر نے کہا کہ میں اس  طاقت کو پہچانتا ہوں، نریندر مودی جی بھی اس طاقت کو پہچانتے ہیں، یہ کسی قسم کی مذہبی طاقت نہیں ہے، یہ بددیانتی، بدعنوانی اور جھوٹ کی طاقت ہے، اسلئے جب بھی میں اس کے خلاف آواز اٹھاتا  ہوں۔ مودی جی اور ان کی جھوٹ کی مشین پریشان اور مشتعل ہو جاتی ہے۔
 پارٹی کے کمیونی کیشن ڈپارٹمنٹ کے سربراہ پون کھیڑا نے کہا کہ ’’جب سے راہل گاندھی جی نے’شیطانی طاقت‘ پر حملہ کیا ہے، تب سے وزیر اعظم  مودی سمیت پوری بی جے پی گھبراہٹ میں ہے لیکن یاد رکھیں کہ یہ الیکشن `’خدائی طاقت‘ اور’ شیطانی طاقت‘ کے درمیان ہے جس میں فتح خدائی طاقت سے ہوگی، اب یہ ملک شیطانی طاقت سے نہیں بلکہ خدائی  طاقت سے چلے گا۔  جب ملک میںکٹھوعہ، اُناؤ اور ہاتھرس کے واقعات ہوتے ہیں تب شکتی کی پوجا یاد نہیں آئی، جب منی پور میں خواتین کو برہنہ دوڑایا جا رہا تھا، تب کون سی طاقت آپ کو  خاموش کر رہی تھی؟جب خاتون پہلوان سڑکوں پر تھیں اور برج بھوشن شرن سنگھ آپ  کے گھر میں تھے تب تم کس طاقت کی پوجا کر رہے تھے؟‘‘

متعلقہ خبریں

This website uses cookie or similar technologies, to enhance your browsing experience and provide personalised recommendations. By continuing to use our website, you agree to our Privacy Policy and Cookie Policy. OK