Inquilab Logo

’’ہم دیکھیں گے کہ کون ملک کا آئین تبدیل کرتا ہے !‘‘

Updated: April 25, 2024, 9:19 AM IST | Amravati

راہل گاندھی کا امراوتی میں خطاب ، مودی حکومت کو چیلنج ، کانگریس لیڈر نے منشور کا حوالہ دیتے ہوئے کہا ’’ تم کچھ لوگوں کو ارب پتی بنائو ہم ، کروڑوں لوگوں کو لکھ پتی بنائیں گے۔‘‘

Rahul Gandhi was warmly welcomed by the people in Amravati
امراوتی میں عوام کی جانب سے راہل گاندھی کا پرتپاک استقبال کیا گیا

کانگریس لیڈ راہل گاندھی نے  ایک بار پھر نریندر مودی کو  آئین کی تبدیلی کے معاملے پر للکارا ہے۔ انہوں نے عوام کو مخاطب کرتے ہوئے کہا ’’ ہم دیکھیں گے کہ کون آئین کو تبدیل کرتا ہے۔‘‘ راہل گاندھی بدھ کو مہاراشٹر کے دورے پر تھے۔ یہاں انہوں نے امراوتی، شولاپور اور لاتور میں انتخابی جلسوں سے خطاب کیا۔ 
  امراوتی میں راہل نے کانگریس امیدوار بلونت وانکھیڈے کی ریلی سے خطاب کرتے ہوئے کہا ’’ بی جے پی کے اراکین پارلیمان کا کہنا ہے کہ اگر بی جے پی اقتدار میں آئی تو ہم  آئین کو بدل دیں گے۔  ہم اپنے  ہم وطنوں کو یقین دلاتے ہیں کہ ملک کے آئین کو کوئی نہیں بدل سکتا۔‘‘ راہل گاندھی نے انتباہ دیا کہ ’’ جو بھی آئین کو تبدیل کرنے کی بات کر رہا ہے  ہم اسے دیکھ لیں گے۔  میں مہاراشٹر سمیت پورے ملک کو  اس بات کی گوہی دیتا ہوں کہ ہمارے ملک کے آئین کو کوئی بدل ہی نہیں سکتا۔‘‘  راہل نے کہا کہ ’’ ان لوگوں نے آئین کو کیا سمجھ رکھا  ہے ہمیں نہیں معلوم ۔ آئین غریبوں کی آواز ہے، پسماندہ طبقے کی آواز ہے۔ آئین غریب، پسماندہ طبقےکی طاقت ہے۔‘‘
  راہل گاندھی نے موجودہ حکمرانوں کو براہ راست انتباہ دیا ہے کہ ہم دیکھیں گے کہ آئین کون بدلتا ہے۔ ملک میں کسی بھی سیاسی جماعت کی جانب سے آئین کو تبدیل کرنے کی بات کھلے عام کہنے کا یہ پہلا معاملہ ہے۔ یہ لوگ آئین کو ختم کرنے کی کوشش کر رہے ہیں۔‘‘  راہول گاندھی نےکہا کہ ایک طرف وزیر اعظم نریندر مودی، بی جے پی اور آر ایس ایس جمہوریت کو ختم کرنے کی کوشش کر رہے ہیں تو دوسری طرف انڈیا اتحاد  جمہوریت اور آئین کو بچانے کی کوشش میں ہے۔
  راہل گاندھی نے ملک کی دولت کے تعلق سے بات کرتے ہوئے کہا’’ نریندر مودی حکومت نے صرف ۲۰؍ یا ۲۵؍ تاجروں کو ارب پتی بنا یا ہے۔  ہم کروڑوں لوگوں کو لکھ پتی بنانے جا رہے ہیں۔ ‘‘ انہوں نے کہا’’آپ کہیں گے کہ انڈیا  اتحاد کی حکومت کروڑوں لوگوں کو لکھ پتی کیسے بنا دے گی؟ آج میں آپ کو یہی بتانے آیا ہوں، ہمارا منشور پڑھیں۔ سب سے پہلا کام یہ ہوگا کہ ہم مہالکشمی یوجنا لائیں گے۔ ہر غریب خاندان کی ہم فہرست تیار کریںگے۔‘‘ انہوں نے کہا’’ ہندوستان میں کروڑوں خاندان خط  افلاس  کے نیچے زندگی بسر کررہے ہیں۔ ان کی  فہرست تیار کی جائیگی اور ہر غریب خاندان سے ایک خاتون کا نام فہرست میں شامل کیا جائیگا، اور اس خاتون کے اکاؤنٹ میں انڈیا اتحاد حکومت ایک لاکھ روپے جمع کروائے گی۔ مہینے کے ساڑھے ۸؍ ہزار روپے کروڑوں خواتین کے کھاتے میں آئیں گے۔‘‘
  انہوں نے کہا ’’ تم کچھ لوگوں کو ارب پتی بناؤ ہم کروڑوں لوگوں کو لکھ پتی بنائیں گے۔  ۲۱؍ ویں  صدی میں ہندوستان  میں مرد و عورت دونوں ملازمت کرتے ہیں۔ معاوضہ دونوں کو ملتا ہے لیکن عورت۸؍ گھنٹے ملازمت کرتی ہے اور ۸؍ گھنٹے گھر میں کام کرتی ہے، کھانا بناتی ہے، بچوں کی دیکھ بھال کرتی ہے، ان کے مسقبل کی حفاظت کرتی ہے۔ لیکن گھر میں کام کرنے والی ان خواتین کو کسی حکومت نے پیسے نہیں دیئے۔ ‘‘ راہل نے کہا ’’مردوں کو یہ بات ناگوار گزرے گی لیکن یہ سچ ہے۔‘‘ اس موقع پر کانگریس لیڈر نے آنگن واڑی اور آشا ورکروں کو بھی دلاسہ دیا۔ انہوں نے کہا کہ آنگن واڑی اور آشا ورکر کئی سال سے تنخواہوں میں اضافہ  کا مطالبہ کررہے ہیں۔ انڈیا اتحاد کی  حکومت،  اقتدار میں آنے کے بعد انہیں دوگنا معاوضہ دے گی ۔ راہل گاندھی نے خواتین کو  ۵۰؍ فیصد ریزرویشن دینے کا وعدہ بھی کیا۔  

متعلقہ خبریں

This website uses cookie or similar technologies, to enhance your browsing experience and provide personalised recommendations. By continuing to use our website, you agree to our Privacy Policy and Cookie Policy. OK