Inquilab Logo

’’ گزشتہ۱۰؍سال میں جو کچھ ہوا وہ صرف ایک ٹریلر ہے‘‘

Updated: April 04, 2024, 11:37 PM IST | Inquilab News Network | Jamui

جموئی میں آنجہانی رام ولاس پاسوان کے دامادارون بھارتی کی انتخابی مہم میں وزیر اعظم کا خطاب، بہار کو آگے لے جانے کا وعدہ کرتے ہوئے کہا ’’ مودی کی سوچ سب سے الگ ہے۔ ‘‘

Nitish Kumar can be seen presenting a bouquet to Chirag Paswan on stage in Jamui. Photo: INN
جموئی میں اسٹیج پر چراغ پاسوان وزیر اعظم مودی کو گلدستہ پیش کرتے ہوئے، نتیش کمار دیکھے جاسکتے ہیں۔ تصویر : آئی این این

 بہار کے جموئی سے وزیراعظم مودی نے لوک سبھا انتخابات ۲۰۲۴ء کے لیے ریاست میں این ڈی اے کی انتخابی مہم کا بگل بجایا۔جمعرات کو آنجہانی رام ولاس پاسوان کے داماداور لوک جن شکتی پارٹی (رام ولاس)کے قومی صدر چراغ پاسوان کے بہنوئی ارون بھارتی کےلئے ووٹ مانگنے پہنچے وزیراعظم نے جموئی کے کھیرابلاک واقع بلّوپورمیں منعقد انتخابی جلسے سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ مودی کی سوچ سب سے الگ ہے۔ پچھلے۱۰؍سال میں جو کچھ ہوا ہے وہ صرف ایک ٹریلر ہے۔ ابھی بہت کچھ کرنا باقی ہے۔ ابھی تو ہمیں بہار کو بہت آگے لے کرجانا ہے۔ انہوں نے کہا کہ مودی غریبی کی شدت کو سہ کریہاں پہنچا ہے۔وزیراعظم مودی نےایک طرف جنگل راج کی یاددلاکرلالو یادو اور کانگریس پارٹی پر طنز کیا تودوسری جانب بہار کی ترقی کے لیے وزیر اعلی نتیش کمار کی کھل کر تعریف کی۔ انہوں نے کہا کہ ہمارے ملک کا رتبہ  دنیا میں بہت اونچا ہوا ہے۔ کانگریس کے راج میں پاکستان جیسے چھوٹے ملک بھی دہشت گرد بھیج کر ہمیں ڈراتے تھے۔ آج ہم ایک ایسی قوت کے طور پر جانے جاتے ہیں جو دشمنوں کو ان کے گھروں میں گھس کر مار تی ہے۔

یہ بھی پڑھئے: پپو یادو نے پورنیا سے کاغذات نامزدگی داخل کئے ،کہا’’ کانگریس کی حمایت حاصل ہے‘‘

وزیراعظم نے یہاں اپنی تقریر کا آغاز رام ولاس پاسوان کو یاد کرتے ہوئےکیا۔ انہوں نے کہا کہ ہمارے لیے یہ پہلا انتخاب ہے جب بہار کے بیٹے، دلتوں اور محروموں کے لیڈر اور پدم وبھوشن رام ولاس پاسوان جی اسٹیج پر نہیں ہیں۔ میں مطمئن ہوں کہ میرا چھوٹا بھائی چراغ پاسوان رام ولاس جی کےنظریات کو پوری سنجیدگی کے ساتھ آگے بڑھا رہا ہے۔ ان کی پارٹی کے ارون بھارتی یہاں سے امیدوار ہیں۔ ۱۹؍اپریل کو آپ این ڈی اے کو ووٹ دیتے ہوئے ارون بھارتی کو ایک ایک ووٹ دیں گے۔ اس سے رام ولاس جی کےعزائم کو تقویت ملے گی۔ 
 مودی نے کہا کہ بہار کی سرزمین پورے ملک کو راہ دکھانےوالی ہے۔ بہار کی سرزمین نے جدوجہد آزادی کے ساتھ ساتھ آزاد ہندوستان کی بنیاد کو مضبوط کرنے میں بہت بڑا کردار ادا کیا ہے۔انہوں نے لالو اوررابڑی حکومت کو نشانہ بناتے ہوئے کہا کہ ان  کے دور حکومت میں کئی نسلوں کے ساتھ انصاف نہیں ہو سکا لیکن این ڈی اے اتحادکی حکومت نے بہت محنت کرکےبہار کو ایک بڑے دلدل سے نکالا ہے۔مودی نے نتیش کمار کی تعریف کرتے ہوئے کہا کہ ہمارے نتیش بابو نے اس میں بڑا رول ادا کیا ہے۔ اب  بہار تیز رفتار سے ترقی کرے گا۔
 وزیر اعظم مودی نے جموئی میں انتخابی ریلی کے دوران اپوزیشن اتحاد کو گھمنڈی اتحاد قرار دیا۔ انہوں نے کہا کہ آج سارے بدعنوان ایک ہو گئے ہیں۔ اگر آج ملک میں اپوزیشن اتحادکی حکومت ہوتی تو لوگوں کے کھاتوں میں سیدھے پیسے نہیں  آپاتے۔آر جے ڈی اور کانگریس کے لوگ سارا پیسہ لوٹ لیتے۔ ملک کے سبھی بدعنوان ہمیشہ ایک دوسرے سے لڑتے رہتے تھے،وہ اب سب ایک ہو گئے ہیں۔ وہ مودی سےڈر رہے ہیں، اسی لیے وہ اول فول بول رہے ہیں۔ لالو خاندان پر نشانہ لگاتے ہوئے مودی نے کہا کہ جو لوگ غریب نوجوانوں کو ریلوے میں بھرتی کے نام پر زمین لکھواتےہیں وہ بہار کا کوئی بھلا نہیں کر سکیں گے۔ انہوں نے کہا کہ نتیش کمار بھی ریلوے کے وزیر تھے، لیکن آج تک ان کی کوئی شکایت موصول نہیں ہوئی۔ لیکن ان لوگوں (لالو خاندان) نے غریبوں کی زمینیں چھین لیں۔ ان کے دور میں خستہ حال ٹرینیں چلتی تھیں۔ آج بہار سمیت ملک بھر سے لوگ وندے بھارت ایکسپریس میں سفر کر رہے ہیں۔ وزیراعظم مودی نے کہا کہ آر جے ڈی اور کانگریس کے دور میں جموئی کی شناخت نکسل ازم سے ہوتی تھی۔ آج وہی جموئی ترقی کی شاہراہ پر تیزی سے گامزن ہے۔وزیر اعلیٰ نتیش کمار، نائب وزیراعلیٰ سمراٹ چودھری، ایل جے پی رام ولاس کے سربراہ چراغ پاسوان سمیت این ڈی اے کے تمام بڑے لیڈروزیراعظم مودی کی جموئی ریلی میں موجود تھے۔ وزیر اعظم نریندر مودی دیوگھر کے راستے دہلی سے جموئی پہنچے۔ وہ دیوگھر ایئرپورٹ سے ہیلی کاپٹر سے جموئی آئے تھے۔ انتخابی ریلی سے خطاب کے بعد وہ دیوگھر کے راستے دہلی روانہ ہوگئے۔بی جے پی بہار میں لوک سبھا کی۴۰؍ میں سے ۱۷؍ سیٹوں پر الیکشن لڑ رہی ہے۔

متعلقہ خبریں

This website uses cookie or similar technologies, to enhance your browsing experience and provide personalised recommendations. By continuing to use our website, you agree to our Privacy Policy and Cookie Policy. OK