Inquilab Logo

پپو یادو نے پورنیا سے کاغذات نامزدگی داخل کئے ،کہا’’ کانگریس کی حمایت حاصل ہے‘‘

Updated: April 04, 2024, 11:34 PM IST | Agency | Patna

’انڈیا اتحاد‘ کی امیدوار کے سامنے آزاد امیدوارکی حیثیت سے لڑیں گے۔

Rajesh Ranjan alias Pappu Yadav. Photo: INN
راجیش رنجن عرف پپو یادو۔ تصویر : آئی این این

جن ادھیکار پارٹی میں انضمام کے بعد کانگریس میں شامل ہونے والے  راجیش رنجن عرف پپو یادو نے جمعرات کو اپنا پرچہ نامزدگی داخل کیا۔ اس کے بعد سیاست شروع ہو گئی ہے۔ کانگریس نے انہیں  انڈیا اتحاد کا امیدوار بنانے سے صاف انکارکردیا ہے۔ کانگریس کے ترجمان راجیش راٹھور نے کہا کہ پپو یادو کانگریس پارٹی کے امیدوار نہیں ہیں۔ پورنیا لوک سبھا حلقہ کانگریس کوٹہ کی ۹؍ سیٹوں میں شامل نہیں ہے۔ آر جے ڈی لیڈر بیما بھارتی ہندوستانی اتحاد کی مشترکہ امیدوار ہیں۔ لہٰذا کانگریس پارٹی کا ہر کارکن بیما بھارتی کو جیت دلائے گا۔

یہ بھی پڑھئے: کانگریس نے ’مودی واشنگ مشین‘ کا ویڈیو شیئر کیا

 یہاں پر پرچہ  نامزدگی داخل کرنے کے  بعد سابق  رکن پارلیمنٹ پپو یادو نے کہا کہ وہ بہار میں کانگریس کو آگے لے جانا چاہتے ہیں۔ وہ کانگریس کے ساتھ ہیں۔ پپو یادو نے دعویٰ کرتے ہوئے کہا کہ مجھے کانگریس کی حمایت حاصل ہے۔ میں نے اپنی پارٹی کو کانگریس میں ضم کرلیا تھا  اس لئے مجھے آزاد حیثیت سے الیکشن لڑنا پڑ رہا ہے۔ جب میرے جذبات کانگریس کے لیے وقف ہیں اور مجھے کانگریس خاندان سے الگ کرنے کی کوشش کی گئی۔ پپو یادو نے صاف کہا کہ مرتے دم تک مجھے کانگریس خاندان سے کوئی الگ نہیں کر سکتا۔ میرا ہر کارکن کانگریس امیدوار کو جتانےکیلئے ہر حال میں کام کرے گا۔
مجھے سیاسی طور پر قتل کرنے کی سازش رچی گئی
 پپو یادو نے آر جے ڈی اور لالو یادو اور تیجسوی یادو پر حملہ کیا۔ پپو یادو نے یہاں تک کہا کہ مجھے سیاسی طور پر قتل کرنے کی سازش رچی گئی۔ جس نےمجھے سیاسی طورپر ختم کرنےکی کوشش کی اورجس نے میرے  خاندان کے  تئیں نفرت دکھائی۔ سمجھ نہیں آتا یہ کیسی نفرت تھی؟ پپو یادو نے کہا کہ آج کا دن میری زندگی کا اہم  باب ہے کیونکہ میں نے سب کا دل جیت لیا ہے اور مجھے سب کا آشیرواد ملا ہے۔ انہوں نے کہا، میرا یہ عزم ہے کہ پورنیا سے غربت کو ختم کروں اور ہر خاندان کے بچوں کو خوش رکھوں۔ میرا مقصد ہر خاندان کیلئے جینا اور کوسی-سیمانچل کو بہار میں نمبر ایک بنانا ہے۔ میرا مقصد ہر قسم کے کرپشن کا خاتمہ ہے۔ نیز پورنیا کو دنیا کے نقشے پر لانا ہے۔واضح رہےکہ انڈیا اتحادکی طرف سےآر جے ڈی کی امیدوار بیما بھارتی اس سیٹ سے پہلے ہی نامزدگی داخل کرچکی ہیں۔ وہ جے ڈی یو چھوڑ کر آرجے ڈی میں شامل ہوئی ہیں۔ 

متعلقہ خبریں

This website uses cookie or similar technologies, to enhance your browsing experience and provide personalised recommendations. By continuing to use our website, you agree to our Privacy Policy and Cookie Policy. OK