ادھو ٹھاکرے کی جانب سے راج ٹھاکرے کے ساتھ اتحاد کے تعلق سے اہم اشارہ ، کہا ’’ باریکیوں پر کام ہو رہا ہے جلد نتیجہ نکلے گا ‘‘
EPAPER
Updated: June 07, 2025, 9:30 AM IST | Mumbai
ادھو ٹھاکرے کی جانب سے راج ٹھاکرے کے ساتھ اتحاد کے تعلق سے اہم اشارہ ، کہا ’’ باریکیوں پر کام ہو رہا ہے جلد نتیجہ نکلے گا ‘‘
شیوسینا ( ادھو) اور مہاراشٹر نو نرمان سینا کے درمیان غالباً اب اتحاد ہونے کو ہے ، کیونکہ پہلی بار اس پر ادھو ٹھاکرے نے لب کشائی کی ہے۔ شیوسینا پرمکھ بال ٹھاکرے کے جانشین ادھو ٹھاکرے نے کہا کہ ’’ جو مہاراشٹر کے دل میں ہے وہی ہوگا۔‘‘ یاد رہے کہ اس وقت دونوں پارٹیوں کے کارکنان اور حامی مسلسل اصرار کر رہے ہیں دونوں بھائیوں کو اب مہاراشٹر کے مفاد کی خاطر متحد ہو جانا چاہئے۔ ادھو ٹھاکرے اسی پس منظر میں میڈیا کے سوال کا جواب دے رہے تھے۔
اطلاع کے مطابق جمعہ کے روز ایکناتھ شندے کی پارٹی کی خاتون لیڈرن سجاتا شنگاڑے نے ادھو ٹھاکرے کی پارٹی میں شمولیت اختیار کی۔ اسی تقریب میں خطاب کرتے ہوئے ادھو ٹھاکرے نے اس بات کا اشارہ دیا کہ بہت جلد ان کے اور راج ٹھاکرے کے درمیان اتحاد ممکن ہے۔ ادھو ٹھاکرے نے کہا ’’ مہاراشٹر کے دل میں جو ہے وہی ہوگا۔ باقی کی جو باریکیاں ہیں ہم ان کے تعلق سے غوروفکر کر رہے ہیں۔ شیوسینکوں کے دل میں کہیں کوئی شبہ نہیں ہے ۔ ان کے وہاں بھی کوئی شبہ نہیں ہے۔ ‘‘ انہوں نے کہا ’’ پیغام (اشارہ) دینے کے بجائے جو خبر ہے براہ وہی دوں گا۔‘‘ ادھو ٹھاکرے سے قبل پارٹی کے ترجمان سنجے رائوت نے بھی میڈیا کے سامنے اسی طرح کا اشارہ دیا۔ انہوں نے کہا ’’ قائدین کی جانب سے مثبت موقف اختیار کرنے پر کارکنان کے درمیان میل ملاپ ہو رہا ہے۔ راج ٹھاکرے کے ساتھی اور ادھو ٹھاکرے کے ساتھی اس معاملے پر پوری طرح مثبت ہیں۔ اسی کا نتیجہ ہے کہ زمین پر کارکنان کے درمیان میل ملاپ شروع ہو چکا ہے۔‘‘ انہوں نےکہا ’’ اس میں فکر کی کیا بات ہے ، اس کا تو خیر مقدم ہونا چاہئے۔‘‘
یاد رہے کہ ایک روز قبل ادھو ٹھاکرے کے بیٹے آدتیہ ٹھاکرے نے بھی اس تعلق سے مثبت بیان دیا تھا۔ البتہ جمعرات کی شام جب میڈیا نے راج ٹھاکرے کے بیٹے امیت ٹھاکرے سے بات کی تو انہوں نے صرف اتنا کہا کہ ’’ اس معاملے میں دونوں بھائیوں کو آپس میں بات کرنی چاہئے۔ میرا موقف صرف اتنا ہے کہ دونوں کے پاس ایک دوسرے کا نمبر ہے اور دونوں ایک دوسرے سے بات کر سکتے ہیں۔ ہمارے بیان دینے سے کچھ نہیں ہوگا۔‘‘ انہوں نے شیوسینا کارکنان کے تعلق سے کہا تھا کہ ’’ اگر ان کے پاس کوئی تجویز ہے تو انہیں باقاعدہ اسے بھیجنا چاہئے ، میڈیا میں بیان دینے یا اخبارات میں خبر شائع کرنے سے کچھ نہیںہوگا۔ ‘‘
حالانکہ ایم این ایس کے ممبئی صدر سندیپ دیشپانڈے نے ۲؍ روز قبل سوشل میڈیا پر ادھو اور راج کی ایک پرانی تصویر جس میںدونوں ایک ساتھ نظر آ رہے ہیں شیئر کی تھی جسے دونوں کے اتحا د کا مثبت اشارہ سمجھا گیا تھا ۔ البتہ لوگ انتظار میں تھے کہ ادھو ٹھاکرے یا راج ٹھاکرے میں سے کوئی اس تعلق سے واضح طور پر بیان جاری کرے تاکہ دھند چھٹ جائے ۔ ادھو ٹھاکرے نے جمعہ کو یہ اشارہ تو دیدیا ہے کہ ’’ بہت جلد اس تعلق سے خبر ملے گی۔‘‘ اب لوگوں کو اعلان کا انتظار ہے ۔