Inquilab Logo Happiest Places to Work

’’سونم وانگ چک جو مطالبہ کر رہے ہیں وہ کانگریس پہلے ہی کر چکی ہے ‘‘

Updated: July 18, 2026, 8:19 AM IST | Mumbai

ہرش وردھن سپکال نے کہا’’ راہل گاندھی سے نہیں نریندر مودی سے پوچھا جائے کہ انہوں نے اب تک وانگ چک سے ملاقات کیوں نہیں کی

Maharashtra Congress President Harshvardhan Sapkal (centre)
مہاراشٹر کانگریس کے صدر ہرش وردھن سپکال ( درمیان)

مہاراشٹر کانگریس کے صدر ہرش وردھن سپکال نے کہا ہے کہ سماجی کارکن سونم وا نگ چک  اور کانگریس کے مطالبات ایک جیسے ہیں۔ کانگریس نے سونم وانگ چک سے پہلے ہی نیٹ امتحان کے مبینہ پرچہ لیک معاملے کو اٹھاتے ہوئے مرکزی وزیر تعلیم کے استعفے کا مطالبہ کیا تھا، اسلئےیہ سوال کرنے کے بجائے کہ راہل گاندھی نے سونم وانگ چک سے ملاقات کیوں نہیں کی، یہ پوچھا جانا چاہئے کہ وزیراعظم نریندر مودی نے اب تک سونم وانگ چک سے ملاقات کیوں نہیں کی اور مرکزی وزیر تعلیم دھرمیندر پردھان سے استعفیٰ کیوں نہیں لیا گیا؟
  ممبئی کے تلک بھون میں صحافیوں سے گفتگو کرتے ہوئے سپکال نے کہا کہ اس سے قبل بھی سونم وانگ چک نے لداخ کے مسئلے پر بھوک ہڑتال کی تھی، لیکن بی جے پی حکومت نے انہیں قومی سلامتی قانون کے تحت گرفتار کرکے جیل بھیج دیا تھا۔ انہوں نے کہا کہ گزشتہ بیس دنوں سے وہ نیٹ پرچہ لیک معاملے پر بھوک ہڑتال کر رہے ہیں، مگر حکومت نے ان کے احتجاج پر کوئی توجہ نہیں دی۔ وزیراعظم مودی نے بھی ’من کی بات‘ میں اس مسئلے کا کوئی ذکر نہیں کیا، جبکہ راہل گاندھی نے ’چھاتروں کی گونج‘ مہم شروع کرکے مسلسل مرکزی وزیر تعلیم کے استعفے کا مطالبہ کیا ہے۔
  شیوسینا (ادھو ) کی جانب سے منعقد  کئےجانے والے ’رام رکشا‘  آندولن میں وزیر اعلیٰ اور آر ایس ایس کے سربراہ موہن بھاگوت کو دعوت دیئے جانے کے بارے میں سوال پر سپکال نے کہا کہ بی جے پی اور آر ایس ایس کا کردار ’رام نام جپنا، پرایا مال اپنا‘ جیسا ہے۔ ایودھیا کے شری رام مندر میں بڑی چوری ہوئی اور اس میں ملوث افراد بی جے پی اور آر ایس ایس سے وابستہ ہیں۔ ان کی تقرری بھی نریندر مودی حکومت نے کی تھی۔ انہوں نے کہا کہ اس معاملے کی جانچ کیلئے تشکیل دی گئی ایس آئی ٹی بھی حکومت کے اشاروں پر کام کر رہی ہے، اسلئے اصل ملزموں تک پہنچنے کی امید نہیں کی جا سکتی۔ بی جے پی اور آر ایس ایس اس پورے معاملے پر خاموش ہیں۔ اگر وزیراعلیٰ اور موہن بھاگوت میں ہمت ہے تو انہیں شیوسینا کے ’رام رکشا‘ پروگرام میں ضرور جانا چاہئے۔
 نیشنلسٹ کانگریس پارٹی (شرد ) کے این ڈی اے میں شامل ہونے کے تعلق سے  پوچھے گئے سوال کے جواب میں ہرش وردھن سپکال نے کہا کہ گزشتہ چند دنوں سے میڈیا میں اس موضوع پر بحث جاری ہے، مگر پارٹی کے سینئر لیڈر جینت پاٹل اور رکن پارلیمنٹ سپریہ سلے پارٹی کا مؤقف واضح کر چکے ہیں، اسلئے اسی پر یقین کیا جانا چاہئے۔یاد رہے کہ کانگریس کئی دنوں سے ریاست کے مختلف مقامات پر نیٹ پیپر لیک سمیت مختلف معاملات پر حکومت کے خلاف احتجاج کر رہی ہے۔ 

متعلقہ خبریں

This website uses cookie or similar technologies, to enhance your browsing experience and provide personalised recommendations. By continuing to use our website, you agree to our Privacy Policy and Cookie Policy. OK