Inquilab Logo

اروند کیجریوال گرفتار ہی کیوں نہ ہو جائیں، ہم ہر حال میں انڈیا اتحاد میں برقرار رہیں گے

Updated: February 24, 2024, 8:46 AM IST | Chandigarh

عام آدمی پارٹی نے بی جے پی پر انڈیا اتحاد سے علاحدہ ہونے کے لئے دباؤ ڈالنے کا الزام لگایا اورپارٹی کو ڈرانے کیلئے قومی کنوینر اروند کیجریوال کو شراب گھوٹالے کے فرضی معاملے میں گرفتار کرنے کی تیاری کا بھی ذکر کیا ۔

Arvind Kejriwal
اروند کیجریوال

 عام آدمی پارٹی   نے  بی جے پی پر انڈیا اتحاد سے علاحدہ ہونے کے لئے دباؤ ڈالنے کا الزام لگایا اورپارٹی کو ڈرانے کیلئے قومی کنوینر اروند کیجریوال کو شراب گھوٹالے کے فرضی معاملے میں گرفتار کرنے کی تیاری کا بھی ذکر کیا ۔ پارٹی نے اس کے ساتھ ہی یہ واضح کردیا کہ اب وہ انڈیا اتحاد سے کسی بھی قیمت پر پیچھے نہیں ہٹے گی۔ پارٹی نے کہا کہ اگر بی جے پی وزیر اعلیٰ کیجریوال کو گرفتار بھی کروادیتی ہے تو بھی انڈیا اتحاد نہیں چھوڑیں گے اور نہ بی جے پی کا ساتھ دیں گے۔ 
   پنجاب کے وزیر خزانہ ہرپال سنگھ چیمہ نے کہا کہ عام انتخابات قریب آرہے ہیں اور بی جے پی کو ان انتخابات میں انڈیا  اتحاد کے ہاتھوں اپنی شکست  صاف نظر آ رہی ہے۔اسی لئے بھگوا پارٹی کی جانب سے آپ  لیڈروں کو دھمکی آمیز کال موصول ہو رہے ہیں جن میں کہا جارہا ہے کہ کیجریوال اگر انڈیا  اتحاد نہیں چھوڑتے ہیں تو انہیں گرفتار کر لیا جائے گا۔  چیمہ نے  دعویٰ کیا کہ عام آدمی پارٹی ایک آئیڈیلسٹ پارٹی ہے، جس کے آئیڈیل شہید اعظم بھگت سنگھ اور ڈاکٹر بی آر امبیڈکر ہیں۔ ان دو افراد کی تاریخ اگر بی جے پی اچھی طرح سے پڑھ لے تو وہ جان جائےگی کہ ہم دھمکیوں سے نہیں ڈرتے ہیں۔   ادھر دہلی میں پارٹی کے قومی جنرل سکریٹری ڈاکٹر سندیپ پاٹھک،   ریاستی وزیر سوربھ بھاردواج اور آتشی نے بھی پریس کانفرنس کی اور اس میں یہی باتیں دہرائیں کہ  اگرچہ بی جے پی کیجریوال کو گرفتار بھی کرادے تب بھی لوک سبھا انتخابات کانگریس کے ساتھ اتحاد میں لڑے جائیں گے۔ آتشی نے کہا کہ بی جے پی کو شروع سے ہی یقین تھا کہ عام آدمی پارٹی اور کانگریس کے درمیان اتحاد نہیں ہوگا مگر جب سے اتحاد ہوا ہے بی جے پی گھبراگئی ہے اور اب دھمکیوں پر اتر آئی ہے لیکن ہم بھی ٹس سے مس نہیں ہوں گے۔

متعلقہ خبریں

This website uses cookie or similar technologies, to enhance your browsing experience and provide personalised recommendations. By continuing to use our website, you agree to our Privacy Policy and Cookie Policy. OK