• Tue, 17 November, 2026
  • EPAPER

Inquilab Logo Happiest Places to Work

وکی پیڈیا کی ۲۵؍ سالہ کہانی کتابی شکل میں، اے آئی کے دور میں مستقبل پر بھی سوال

Updated: November 17, 2026, 9:53 PM IST | London

انٹرنیٹ پر عام لوگوں کے تعاون سے علم کا سب سے بڑا ذخیرہ بنانے والے وکی پیڈیا کی تاریخ، اس کے رضاکاروں کی محنت، اندرونی اختلافات اور مصنوعی ذہانت سے پیدا ہونے والے نئے خطرات پر معروف صحافی رچرڈ کوک کی نئی کتاب منظر عام پر آگئی ہے۔ ۳۲۰؍ صفحات پر مشتمل یہ کتاب اس سوال کا جائزہ بھی لیتی ہے کہ کیا انسانوں کے ہاتھوں بنایا گیا یہ آزاد علمی پلیٹ فارم اے آئی کے غلبے والے انٹرنیٹ میں اپنی اہمیت برقرار رکھ سکے گا؟

Photo: X
تصویر: ایکس

انٹرنیٹ پر کسی نئے موضوع کے بارے میں جاننا ہو، کسی تاریخی واقعے کی بنیادی معلومات درکار ہوں یا کسی معروف شخصیت کا تعارف حاصل کرنا ہو تو وکی پیڈیا اکثر لوگوں کی پہلی منزل رہا ہے۔ یہ ایسا آن لائن انسائیکلوپیڈیا ہے جسے کسی ایک ادارے یا ماہرین کے محدود گروہ نے تیار نہیں کیا، بلکہ دنیا بھر کے رضاکار اس میں معلومات شامل کرتے، غلطیاں درست کرتے اور موجودہ مضامین کو بہتر بناتے ہیں۔ اب اسی غیر معمولی پلیٹ فارم کی تاریخ اور اس کے پیچھے کام کرنے والے لوگوں کی کہانی ایک نئی کتاب میں پیش کی گئی ہے۔ معروف صحافی اور مصنف رچرڈ کوک کی کتاب ’’The Last Best Place on the Internet: A Human History of Wikipedia‘‘ وکی پیڈیا کے آغاز سے لے کر اس کے موجودہ مسائل اور ممکنہ مستقبل تک کا احاطہ کرتی ہے۔ ’دی انڈین ایکسپریس‘ کی ایک رپورٹ مطابق شائع ہونے والے تبصرے کے مطابق، کتاب میں اس بات کو سمجھنے کی کوشش کی گئی ہے کہ وکی پیڈیا نے روایتی انسائیکلوپیڈیا کے تصور کو کس طرح بدل دیا اور محدود ماہرین کے بجائے عام انٹرنیٹ صارفین کو علم کی تیاری میں شریک ہونے کا موقع کیسے دیا۔ 

یہ بھی پڑھئے: ۴؍ ممالک کا غزہ میں امدادی سامان کی ترسیل پر پابندی فوراً ختم کرنے کا مطالبہ

روایتی انسائیکلوپیڈیا میں مضامین لکھنے، ان کی جانچ کرنے اور یہ طے کرنے کا اختیار چند ماہرین اور مدیران کے پاس ہوتا تھا کہ کون سی معلومات شامل کی جائیں اور کون سی خارج کردی جائیں۔ وکی پیڈیا نے اس طریقۂ کار کو چیلنج کیا۔ یہاں اصولی طور پر کوئی بھی شخص مضمون میں اضافہ، ترمیم یا اصلاح کرسکتا ہے۔ ابتدا میں علمی حلقوں نے اس خیال پر اعتراض کیا کہ جب ہر شخص معلومات لکھ اور بدل سکتا ہے تو ان کی صحت اور اعتبار کی ضمانت کیسے دی جاسکتی ہے؟ تاہم وقت کے ساتھ یہ پلیٹ فارم دنیا بھر کے لاکھوں افراد کے لیے معلومات حاصل کرنے کا ایک اہم ذریعہ بن گیا۔ کوک اس سفر کی ابتدا وکی پیڈیا سے پہلے قائم ہونے والے منصوبے ’نیوپیڈیا‘ سے کرتے ہیں۔ اسے جمی ویلز اور لیری سینگر نے شروع کیا تھا، جہاں مضامین ماہرین لکھتے تھے اور انہیں شائع کرنے سے پہلے ایک سخت جانچ کے عمل سے گزرنا پڑتا تھا۔ اس طریقۂ کار کے باعث مواد کی تیاری انتہائی سست تھی۔ اسی پس منظر میں سینگر نے ایک ایسے پلیٹ فارم کا تصور پیش کیا جس میں عام صارفین بھی براہِ راست حصہ لے سکیں۔ یوں وکی پیڈیا کا آغاز ہوا۔ کتاب میں دونوں بانیوں کے تعلقات، پلیٹ فارم کی ملکیت اور اس کی کامیابی میں اپنے کردار کے دعوؤں کے حوالے سے پیدا ہونے والے اختلافات کا بھی ذکر ہے۔ 

یہ بھی پڑھئے: نیتن یاہو اور ان کے قریبی اسرائیل کیلئے فوری خطرہ ہیں: آئزن کوٹ

کتاب کے مطابق وکی پیڈیا کی کامیابی کی ایک اہم وجہ یہ بھی تھی کہ اس نے ابتدا ہی سے مکمل اور بے عیب مضامین کے انتظار کے بجائے نامکمل معلومات کو بہتر بنانے کا راستہ اختیار کیا۔ ابتدائی مضامین میں خامیاں اور کمی رہتی تھیں، لیکن یہی چیز دوسرے قارئین کو انہیں درست کرنے اور مزید معلومات شامل کرنے کی ترغیب دیتی تھی۔ اس تصور کو ’وَرس اِز بیٹر‘ یعنی ابتدا میں کم تر یا نامکمل چیز کو بھی قابلِ قبول سمجھ کر آگے بہتر بنانے کے اصول سے تعبیر کیا گیا ہے۔ وکی پیڈیا کے بانی جمی ویلز نے ۲۰۱۸ء میں ویب سائٹ ’ہیکر نون‘ سے گفتگو کرتے ہوئے کہا تھا: ’’یہ غلط فہمی ہے کہ لوگ مفت میں کام کرتے ہیں۔ وہ مفت میں تفریح کرتے ہیں۔‘‘ کتاب میں ۲۰۱۱ء کے ایک سروے کا حوالہ بھی دیا گیا ہے، جس میں ۵؍ ہزار سے زیادہ رضاکاروں نے مضمون نویسی اور ترمیم کی بنیادی وجوہات میں اس کام سے حاصل ہونے والی خوشی کو شامل کیا تھا۔ یہی وجہ ہے کہ وکی پیڈیا کے رضاکاروں کے درمیان سنجیدہ علمی مباحث کے ساتھ مزاح اور غیر رسمی گفتگو بھی اس پلیٹ فارم کی ثقافت کا حصہ بن گئی۔
کتاب وکی پیڈیا کے اندر جاری رہنے والی ایک دلچسپ بحث کا بھی ذکر کرتی ہے، جسے ’انکلوژنِسٹ‘ اور ’ڈیلیشنِسٹ‘ کے درمیان اختلاف کہا جاتا ہے۔ ایک گروہ زیادہ سے زیادہ معلومات اور موضوعات کو پلیٹ فارم پر برقرار رکھنے کا حامی ہے، جبکہ دوسرا غیر ضروری، کم اہم یا ناقص مواد کو حذف کرنے پر زور دیتا ہے۔ بظاہر یہ اختلاف پلیٹ فارم کے لیے مشکل پیدا کرسکتا ہے، لیکن کوک کے مطابق یہی کشمکش مواد کے معیار اور دائرۂ کار کے درمیان توازن قائم رکھنے میں کردار ادا کرتی ہے۔ مضامین میں تیزی سے کی جانے والی ترامیم، مختلف نقطۂ نظر رکھنے والے صارفین کی بحث اور ایک دوسرے کے کام کی جانچ بھی مواد کو بہتر بنانے کے عمل کا حصہ ہیں۔ تاہم، کتاب وکی پیڈیا کی کامیابیوں کے ساتھ اس کی بنیادی کمزوریوں کو بھی نظر انداز نہیں کرتی۔ اس کے مطابق پلیٹ فارم پر ترمیم کرنے والے افراد کی بڑی تعداد امریکہ اور یورپ میں مقیم ہے، جبکہ رضاکاروں میں مردوں کا تناسب تقریباً ۸۷؍ سے ۹۰؍ فیصد بتایا گیا ہے۔ اس عدم توازن کے باعث خواتین، پسماندہ طبقات اور مختلف ثقافتی پس منظر رکھنے والی برادریوں کے تجربات اور معلومات کو یکساں نمائندگی ملنا مشکل ہوجاتا ہے۔ خواتین رضاکاروں کو مباحث کے صفحات پر ہراسانی اور نامناسب رویوں کا سامنا بھی کرنا پڑتا ہے۔ ایک اور اہم مسئلہ یہ ہے کہ وکی پیڈیا بنیادی طور پر تحریری معلومات پر انحصار کرتا ہے۔ دنیا کی کئی ثقافتوں میں تاریخ، روایات اور اجتماعی یادداشت نسل در نسل زبانی طور پر منتقل ہوتی رہی ہیں۔ ایسے معاشروں اور برادریوں کے بارے میں مستند معلومات کو تحریری حوالوں میں ڈھالنا ہمیشہ آسان نہیں ہوتا، نتیجتاً ان کا علم وکی پیڈیا پر کم جگہ حاصل کرپاتا ہے۔ اس کے علاوہ غلط معلومات، فرضی واقعات، منظم پروپیگنڈا اور تجارتی تشہیر کے لیے مضامین میں کی جانے والی ترامیم بھی اس پلیٹ فارم کے اعتبار کو متاثر کرسکتی ہیں۔ 

یہ بھی پڑھئے: پاکستان: عمران خان کا ججوں کے نام خط: ’شاید زندہ واپس نہ آ سکوں‘

اب وکی پیڈیا کے سامنے ایک نیا اور بڑا چیلنج مصنوعی ذہانت ہے۔ چیٹ جی پی ٹی جیسے اے آئی ٹولز صارفین کو براہِ راست سوالات کے جواب اور معلومات کے خلاصے فراہم کرتے ہیں۔ اس سے معلومات حاصل کرنے کے لیے وکی پیڈیا جیسے صفحات تک پہنچنے کی ضرورت کم ہوسکتی ہے۔ اس کے ساتھ یہ خدشہ بھی موجود ہے کہ اے آئی سے تیار کردہ مواد غلطیوں یا غیر مصدقہ معلومات کو مزید پھیلا سکتا ہے، جبکہ ایسے مواد کی جانچ اور اس کے ذرائع کی تصدیق بھی ایک پیچیدہ کام بن سکتی ہے۔ وکی پیڈیا کا بنیادی تصور انسانی رضاکاروں کی شرکت، حوالوں کی جانچ اور اجتماعی اصلاح پر قائم ہے؛ اس لیے اے آئی کا بڑھتا ہوا استعمال اس کے مستقبل کے لیے محض ایک تکنیکی تبدیلی نہیں بلکہ اس کے بنیادی طریقۂ کار کا امتحان بھی ہے۔ رچرڈ کوک نے کتاب کو پانچ بڑے حصوں میں تقسیم کیا ہے، جن میں وکی پیڈیا کی نوعیت، اس کی ابتدا، کامیابی کے اسباب، اندرونی مسائل اور مستقبل کا جائزہ شامل ہے۔ ’دی انڈین ایکسپریس‘ کے تبصرے کے مطابق، کتاب کا انداز عام قارئین کے لیے قابلِ فہم اور مزاح سے بھرپور ہے، اس لیے اسے سمجھنے کے لیے ٹیکنالوجی کا ماہر ہونا ضروری نہیں۔ بعض مقامات پر معلومات کی کثرت اسے قدرے بھاری ضرور بناتی ہے، لیکن مختلف حصوں میں تقسیم ہونے کے سبب مطالعہ آسان رہتا ہے۔۳۲۰؍ صفحات پر مشتمل اس کتاب کو ہندوستان میں ہیچیٹ انڈیا نے شائع کیا ہے اور اس کی قیمت ۷۵۰؍ روپے رکھی گئی ہے۔ یہ کتاب صرف ایک ویب سائٹ کی تاریخ نہیں، بلکہ اس تجربے کی کہانی بھی ہے جس میں دنیا بھر کے عام لوگوں نے مل کر علم کا ایک ایسا ذخیرہ بنایا جو کسی ایک حکومت، کمپنی یا ادارے کی ملکیت نہیں۔ اب سوال یہ ہے کہ جب معلومات تیار کرنے اور حاصل کرنے کے طریقے تیزی سے بدل رہے ہیں تو کیا رضاکاروں کی یہی اجتماعی کوشش انٹرنیٹ پر اپنی جگہ برقرار رکھ پائے گی؟ 

متعلقہ خبریں

This website uses cookie or similar technologies, to enhance your browsing experience and provide personalised recommendations. By continuing to use our website, you agree to our Privacy Policy and Cookie Policy. OK