Inquilab Logo

قبائلی مزدور کے ساتھ اخلا ق سوزحرکت ،بی جےپی لیڈر گرفتار

Updated: July 06, 2023, 9:38 AM IST | bhopal

پرویش شکلا کو منگل کی دیر رات گرفتارکرکے قومی سلامتی کے قانون کے تحت مقدمہ درج کیاگیا ،گھر پر بلڈوزربھی چلایا گیا ، وزیر اعلیٰ شیو راج سنگھ چوہان کا انتہائی سخت رخ ،کہا ’’ضرورت پڑی تو ملزموں کو ۱۰؍ فٹ زمین کے نیچے دفنا دیں گے‘‘، ایم پی میں بی جےپی کے ۱۸؍ سالہ دور میںقبائلیوں پر مظالم بڑھےہیں: کانگریس

Scene of bulldozer driving at the house of BJP leader Parvesh Shukla (inset).
بی جے پی لیڈر پرویش شکلا (انسیٹ)کے گھر پربلڈوزر چلانے کا منظر

 ریاست مدھیہ پردیش کے سدھی ضلع میں ایک قبائلی  کے ساتھ انتہائی اخلاق سوز اور  غیرانسانی حرکت  کرنے کے ملزم بی جے پی کارکن پرویش شکلا کو منگل کی دیر رات گرفتار کر لیا گیا اور اس کے خلاف نیشنل سیکوریٹی ایکٹ(این ایس اے) کے تحت مقدمہ درج کرلیاگیا۔پرویش  شکلا  پر نشے کی حالت میں قبائلی مزدور کے ساتھ  پرلے درجہ کی بے حیائی کے ارتکاب کا الزام ہے۔ اس حرکت کے بعد سرکاری عملہ بلڈوزر اور جے سی بی کے ساتھ  اس کے گھر ایک حصہ کو منہدم کرنے بھی  پہنچ گیا اور انہدام کی کارروائی کی۔ایس ڈی ایم نیلمبرمشرا، پٹواری اور۷۰؍ سے زیادہ پولیس اہلکار وںکی موجودگی میں انہدامی کارروائی انجام دی گئی ۔واضح رہےکہ ملزم نے یہ حرکت حالت نشہ میں کی تھی اور اس سے پیدا ہونے والے سیاسی تنازع کے درمیان وزیر اعلیٰ شیوراج سنگھ چوہان کو ملزم کے خلاف قومی سلامتی سے متعلق سخت قانون کے تحت معاملہ درج کرنے کا حکم دینا پڑا۔اس بے حد شرمناک واقعہ کا ویڈیو سوشل میڈیا پر وائرل ہو رہا ہے جس میں ایک  پرویش  قبائلی مزدور  پر پیشاب کرتا ہوا نظر آ رہا ہے۔ رپورٹ کے مطابق یہ بے حیا شخص بی جے پی رکن اسمبلی کیدار شکلا کا نمائندہ پرویش شکلا ہے۔ دوسری جانب متاثرہ داسمت راوت کا کہنا ہےکہ اس سےجبراً  وہ حلف نامہ لکھوایاگیا جس میں ویڈیو کو فرضی قراردیاگیا ہے۔
 پرویش شکلا کے گھر  پرجے سی بی دیکھ کر ملزم کی ماں اور خالہ بے ہوش ہو گئیں اور ڈاکٹر کو بلانا پڑا۔ اس موقع پر ملزم کی ماں نے روتے ہوئے اہلکاروں سے کہا’’ بیٹے نے غلط کیا ہے تو سزا دو۔ میرا گھر مت گراؤ میں نے بڑی مشکل سے یہ گھر بنایا ہے۔‘‘ سہاول کے ایس ڈی ایم آر پی ترپاٹھی کا کہنا ہے کہ مکان میں کی گئی تقریباً ایک تہائی غیر قانونی تعمیرات کو منہدم کیاگیا ہے۔
 پولیس کے مطابق شکلا گرفتاری سے بچنے کیلئے ایک جگہ سے دوسری جگہ چھپ رہا تھا اور اسے منگل کی دیر رات۲؍ بجے پکڑ کر پوچھ گچھ کی گئی۔ اس کے خلاف قومی سلامتی ایکٹ، ایس سی/ایس ٹی ایکٹ اور تعزیرات ہند کی دیگر دفعات کے تحت مقدمہ درج کیا گیا ہے۔ شکلا کی بیوی اور والدین سے بھی پوچھ گچھ کی گئی۔اُدھر مدھیہ پردیش کے وزیر اعلیٰ شیوراج سنگھ چوہان نے اس معاملے میں انتہائی سخت رخ اپناتے ہوئے کہا ہےکہ ملزم کو مثالی سزا ملنی چاہئے۔انہوں نے کہا ’’این ایس اے لگا دیا گیا ہے ،بلڈوزر بھی چلادیاگیاہے،اگر ضرورت پڑی تو ماما جی ملزموںکو۱۰؍ فٹ زمین کے نیچے بھی دفنادیں گے۔‘‘ درحقیقت دلیپ منڈل نامی صارف نے ٹویٹ کیا تھا کہ اگر اس معاملے میں بلڈوزر نہیں چلتا تو سمجھا جائے گا کہ آپ میں انصاف کرنے کی صلاحیت نہیں ہے جس کے جواب میں سی ایم شیوراج سنگھ نے یہ بات کہی۔
مدھیہ پردیش میں قبائلیوں پر مظالم ہورہے ہیں: راہل-پرینکا
  کانگریس کے سابق صدر راہل گاندھی اور پارٹی کی جنرل سیکریٹری پرینکا گاندھی واڈرا نے مدھیہ پردیش  کے اس واقعےکو شرمناک قرار دیتے ہوئے کہا کہ ریاست میں بی جے پی کے۱۸؍ سال کے دور حکومت میں قبائلیوں پر مظالم ڈھائے گئے ہیں۔ راہل گاندھی نے ٹویٹ کیا’’بی جے پی کے دور حکومت میں قبائلی بھائیوں اور بہنوں پر مظالم بڑھ رہے ہیں۔ مدھیہ پردیش میں بی جے پی لیڈر کی غیر انسانی  حرکت نے پوری انسانیت کو شرمسار کر دیا ہے۔یہ ہے آدیواسیوں اور دلتوں کے تئیں بی جے پی کی نفرت کا گھناونا چہرہ اور اصل کردار۔‘‘پرینکا گاندھی نے کہا کہ ریاست میں بی جے پی کے۱۸؍ سال کے دور حکومت میں قبائلیوں پر مظالم کے۳۰۴۰۰؍ معاملے سامنے آئے ہیں۔ بی جے پی کے دور حکومت میں قبائلی مفادات کیلئے صرف جھوٹے دعوے اور خالی باتیں ہیں۔ حکومت قبائلیوں پر مظالم روکنے کے لیے حقیقی اقدامات کیوں نہیں کرتی؟کانگریس نے کہا’’ مدھیہ پردیش قبائلیوں پر مظالم کے معاملے میں پہلے نمبر پر ہے  اعداد و شمار بتاتے ہیں کہ وہاں قبائلیوں پر مظالم ہر سال بڑھ رہے ہیںاور کئی ایسے ہیںجن پر کوئی پولیس کیس بھی نہیں ہوا ہے ۔‘‘

 

متعلقہ خبریں

This website uses cookie or similar technologies, to enhance your browsing experience and provide personalised recommendations. By continuing to use our website, you agree to our Privacy Policy and Cookie Policy. OK