Inquilab Logo Happiest Places to Work

حقوقِ نسواں کی کارکن اور PARI کی شریک بانی سونیا گِل کا۷۰؍ برس کی عمر میں انتقال

Updated: August 27, 2026, 3:02 PM IST | Mumbai

خواتین کے حقوق کی سرگرم کارکن، آل انڈیا ڈیموکریٹک ویمنز ایسوسی ایشن (AIDWA) کی مہاراشٹر یونٹ کی سابق سیکریٹری اور پیپلز آرکائیو آف رورل انڈیا (PARI) کی شریک بانی سونیا گِل طویل علالت کے بعد ۷۰؍ برس کی عمر میں انتقال کر گئیں۔ انہوں نے اپنے شوہر اور معروف صحافی پی سائی ناتھ کے ساتھ دسمبر ۲۰۱۴ء میں PARI کی بنیاد رکھی تھی اور خواتین کی تحریک و محنت کش طبقے کی جدوجہد کے لیے طویل عرصے تک سرگرم کردار ادا کیا۔

Sonya Gill. Photo: X
سونیا گِل۔ تصویر: ایکس

خواتین کے حقوق کے لیے سرگرم کارکن اور ڈجیٹل نیوز پلیٹ فارم ’پیپلز آرکائیو آف رورل انڈیا‘ (PARI) کی شریک بانی سونیا گِل طویل علالت کے بعد منگل کو انتقال کر گئیں۔ انتقال کے وقت ان کی عمر ۷۰؍ برس تھی۔ سونیا گِل آل انڈیا ڈیموکریٹک ویمنز ایسوسی ایشن (AIDWA) کی مہاراشٹر یونٹ کی سابق سیکریٹری بھی رہ چکی تھیں۔ انہوں نے اپنے شوہر اور معروف صحافی پی سائی ناتھ کے ساتھ دسمبر ۲۰۱۴ء میں PARI کی بنیاد رکھی تھی اور بعد میں ادارے کی ٹرسٹی کی حیثیت سے بھی خدمات انجام دیتی رہیں۔ آل انڈیا ڈیموکریٹک ویمنز ایسوسی ایشن نے سونیا گِل کے انتقال کو خواتین کی تحریک کے لیے ’’بہت بڑا اور ناقابلِ تلافی نقصان‘‘ قرار دیا۔ تنظیم نے اپنے بیان میں کہا کہ سونیا ایک مخلص منتظم، خواتین کے حقوق کی پُرعزم جدوجہد کرنے والی کارکن اور ایسی ساتھی تھیں جن کی گرم جوشی، شائستگی اور عزم نے ان کے ساتھ کام کرنے والے ہر فرد کو متاثر کیا۔

یہ بھی پڑھئے: عدالتیں جبر کا مرکز بن گئیں تو عوام کا انصاف پر اعتماد ختم ہوجائیگا: جسٹس مرلی دھر

ایسوسی ایشن کے مطابق سونیا گِل نے تنظیم کو نچلی سطح سے مضبوط بنانے میں اہم کردار ادا کیا۔ خواتین کے لیے ان کی عملی جدوجہد کا آغاز ممبئی کی چالیوں میں رہنے والی خواتین کی مدد کے کام سے ہوا تھا۔ تنظیم نے انہیں ایک بہادر جدوجہد کرنے والی کارکن قرار دیتے ہوئے کہا کہ طویل عرصے سے بیماری کا سامنا کرنے کے باوجود وہ اپنی زندگی کے آخری وقت تک AIDWA کی سرگرمیوں میں حصہ لیتی رہیں۔ انہوں نے بیماری کا مقابلہ غیر معمولی حوصلے اور وقار کے ساتھ کیا اور اپنی ذاتی مشکلات کو کبھی بھی تحریک کے لیے اپنی وابستگی کی راہ میں حائل نہیں ہونے دیا۔

سینکڑوں کارکنوں کی رہنما اور سرپرست

انسانی حقوق کی کارکن تیستا سیتلواڑ نے بھی سونیا گِل کو خراجِ عقیدت پیش کیا۔ انہوں نے کہا کہ سونیا گِل کمیونسٹ پارٹی آف انڈیا (مارکسسٹ) سے وابستہ سیکڑوں کارکنوں کی رہنما اور سرپرست تھیں۔ سیتلواڑ نے ’دی وائر‘ میں اپنے تعزیتی مضمون میں لکھا کہ سونیا گِل کا خاموش مگر انقلابی سفر ان کے شوہر سائی ناتھ، خاندان، خواتین ساتھیوں اور پارٹی کی جانب سے ہمیشہ یاد رکھا جائے گا۔

یہ بھی پڑھئے: نیپال تبت سیلاب میں ۱۶۲؍ ہلاکتیں، ۱۵۰۰؍ افراد لاپتہ

ترقی پسند خواتین کی تحریک کے لیے بڑا نقصان

سی پی آئی (ایم) کے جنرل سیکریٹری ایم اے بے بی نے بھی سونیا گِل کے انتقال پر افسوس کا اظہار کرتے ہوئے اسے ملک کی ترقی پسند خواتین کی تحریک کے لیے بہت بڑا نقصان قرار دیا۔ انہوں نے کہا کہ سونیا گِل کو ہمیشہ ایک پُرعزم کمیونسٹ، مضبوط نظریات رکھنے والی نسائی کارکن اور انتھک منتظم کے طور پر یاد رکھا جائے گا، جنہوں نے ملک میں محنت کش طبقے کی تحریک کو آگے بڑھانے کے لیے پوری لگن سے کام کیا، خصوصاً مہاراشٹر میں ان کی خدمات نمایاں رہیں۔ ایم اے بے بی نے سونیا گِل کے شوہر پی سائی ناتھ اور ان کے تمام اہلِ خانہ سے تعزیت کا اظہار بھی کیا۔

متعلقہ خبریں

This website uses cookie or similar technologies, to enhance your browsing experience and provide personalised recommendations. By continuing to use our website, you agree to our Privacy Policy and Cookie Policy. OK