Inquilab Logo Happiest Places to Work

تنخواہوں میں اضافہ کیلئے نوئیڈا میں مزدوروں کا پُرتشدد احتجاج

Updated: April 14, 2026, 9:33 AM IST | Agency | New Delhi

فیکٹریوں میں گھس کر توڑ پھوڑ، آتشزنی اور پتھراؤ، گاڑیاں نذر آتش،ٹریفک متاثر، حالات کشیدہ مگر قابو میں، ۵۰؍ گرفتار۔

Workers in Noida are demanding a salary hike.Photo:INN
نوئیڈا میں مزدور تنخواہوں میں اضافے کا مطالبہ کررہے ہیں۔ تصویر:آئی این این
 قومی راجدھانی دہلی سے متصل اتر پردیش کے صنعتی شہر نوئیڈا میں گزشتہ کئی دنوں سے جاری فیکٹری ملازمین کا احتجاج پیر کو  اچانک پرتشدد  ہوگیا، جس کے نتیجے میں مختلف صنعتی علاقوں میں کشیدگی پھیل گئی۔تنخواہوں میں اضافہ کے مطالبے  کے ساتھ    سڑکوں پر اترے نجی شعبے کے ہزاروں ملازمین  نے کئی فیکٹریوں میں گھس کر توڑ پھوڑ کی۔ اس دوران آتشزنی اور پتھراؤ کے واقعات بھی  پیش  آئے۔ مظاہرین نے کئی گاڑیوں کو آگ کے حوالے کر دیا، جبکہ کچھ مقامات پر پولیس کے ساتھ جھڑپیں بھی ہوئیں۔اسی دوران ہجوم کے درمیان فائرنگ کا واقعہ پیش آیا، جس میں ایک خاتون کو گولی لگنے کی اطلاع ہے۔ زخمی خاتون کو فوری طور پر قریبی اسپتال منتقل کیا گیا ہے۔ ایک روز قبل ضلعی انتظامیہ، پولیس اور متعلقہ اتھاریٹی کے افسران نے  مزدوروں کے ساتھ میٹنگ کر کے ان کے مطالبات پر غور کرنے اور جلد از جلد حل نکالنے کی یقین دہانی کرائی تھی، تاہم احتجاج ختم نہ ہو سکا۔یہ احتجاج ابتدائی طور پر گروگرام  سے شروع ہوا، جو آہستہ آہستہ نوئیڈا کی مختلف صنعتی اکائیوں تک پھیل گیا۔ صورتحال کو قابو میں کرنے کیلئے  پولیس کو کئی مقامات پر آنسو گیس کے گولے چھوڑ گئے۔مظاہرین کا کہنا ہے کہ حالیہ اضافہ محض ڈھائی سو سے تین سو روپے تک محدود رہا ہے، جو بڑھتی ہوئی مہنگائی کے مقابلے میں نہایت کم ہے۔ ان کا مطالبہ ہے کہ کم از کم ماہانہ تنخواہ۱۸؍ سے۲۰؍ ہزار روپے مقرر کی جائے۔
 
 
مزدوروں کی موجودہ اوسط تنخواہ۱۰؍ سے ۱۵؍ ہزار روپے کے درمیان ہے، جو گزر بسر کیلئے  ناکافی ہے۔مزدوروں نے واضح کیا ہے کہ جب تک ان کے مطالبات عملی طور پر پورے نہیں کئے  جاتے، احتجاج جاری رہے گا۔ادھر حالات کے پیش نظر انتظامیہ مکمل طور پر الرٹ ہے۔ حساس علاقوں میں بھاری پولیس فورس تعینات کر دی گئی ہے اور صورتحال پر مسلسل نظر رکھی جا رہی ہے۔ 
 
 
 
حکام کا کہنا ہے کہ قانون ہاتھ میں لینے والوں کے خلاف سخت کارروائی کی جائے گی۔ماہرین کے مطابق این سی آر کے اہم صنعتی مرکز نوئیڈا میں اس طرح کے پرتشدد احتجاج سے صنعتی سرگرمیاں متاثر ہونے کا خدشہ ہے جبکہ انتظامیہ مزدوروں اور کمپنی مینجمنٹ کے درمیان مذاکرات کے ذریعے مسئلے کا پُرامن حل نکالنے کی کوشش کر رہا ہے۔
 

متعلقہ خبریں

This website uses cookie or similar technologies, to enhance your browsing experience and provide personalised recommendations. By continuing to use our website, you agree to our Privacy Policy and Cookie Policy. OK