مالونی پولیس میں راشٹریہ علماء کونسل کے نائب صدر نے شکایت کی ۔ ایف آئی آر درج نہ کرنے کی صورت میں عدالت سے رجوع کرنے کا فیصلہ۔
EPAPER
Updated: September 19, 2026, 2:01 PM IST | Saeed Ahmed Khan | Malvani
مالونی پولیس میں راشٹریہ علماء کونسل کے نائب صدر نے شکایت کی ۔ ایف آئی آر درج نہ کرنے کی صورت میں عدالت سے رجوع کرنے کا فیصلہ۔
ریاستی وزیر نتیش رانے کے ذریعے نوی ممبئی میں مسلمانوں اور قرآن حکیم کے خلاف کی گئی زہر افشانی کے خلاف راشٹریہ علماء کونسل کی جانب سے مالونی پولیس میں تحریری شکایت کی گئی اور بطورِ ثبوت نتیش رانے کا ویڈیو بھی پیش کیا گیا مگر پولیس نے ایف آئی آر درج کرنے کیلئے ۲ ؍ دن کا وقت یہ کہہ کر مانگا کہ اس کی تحقیق کے بعد کارروائی کی جائے گی۔
راشٹریہ علماء کونسل مہاراشٹر کے نائب صدر شان الحسن سید نے نمائندہ انقلاب کو بتایا کہ نتیش رانے نے حسب عادت دریدہ دہنی کا ثبوت دیتے ہوئے صریح جھوٹ بولا اور کاموٹھے علاقے میں ہندو بھائیوں کو اکساتے ہوئے کہا کہ کسی مسلمان کی دکان سے کھانا مت خریدئیے اور نہ کھائیے کیونکہ یہ لوگ تھوک کر دیتے ہیں اور ایسا کرنے کیلئے ان کے قرآن میں لکھا ہے۔ اگر کسی مولانا میں ہمت ہو تو مجھے غلط ثابت کریں ، میں ان سے بات کرنے کیلئے تیار ہوں۔
یہ بھی پڑھئے:بھانڈوپ میں بھی ایس آئی آر ہیلپ ڈیسک کا قیام
نتیش رانے نے یہ بھی الزام تراشی کی کہ مسلمان کھانے پینے کی چیزیں بیچنے سے جو کمائی کرتے ہیں، اس کو وہ زکوٰۃ میں استعمال کرتے ہیں اور اس رقم سے جہاد کرتے ہیں۔ قرآن اور مسلمانوں کے خلاف اس طرح کی گھٹیا بیان بازی کے سبب ایف آئی آر ر درج کرنے کا مطالبہ کیا گیا ہے ۔ اس پر مالونی پولیس اسٹیشن کی سینئر انسپکٹر رانی لکشمن پوری نے یہ وعدہ کیا ہے کہ تحقیق کرنے کے بعد زیرو ایف آئی آر درج کی جائے گی۔
شان الحسن سید نے یہ بھی کہا کہ ہم وعدے کے مطابق انتظار کریں گے۔ اگر پولیس نے ایف آئی آر درج نہیں کی تو عدالت کا رخ کیا جائے گا۔ انہوں نے مزید بتایا کہ نتیش رانے کے خلاف اس سے قبل متعدد مقامات پر مسلمانون کے خلاف زہر افشانی پر۱۲؍ ایف آئی آر درج کرائی جاچکی ہیں، اس میں خود ان کی بھی ایک ایف آئی آر شامل ہے۔ اس کے باوجود آج تک پولیس کے ہاتھ نتیش رانے تک نہیں پہنچے اور وہ آزاد گھوم رہے ہیں۔ اس سے ایسا لگتا ہے کہ فرنویس حکومت پوری طرح سے ان کی پشت پناہی کررہی ہے جس سے وہ بے خوف ہوکر گھوم گھوم کر مسلمانوں کے خلاف نفرت انگیزی کو اپنا مشن بنائے ہوئے ہیں مگر ہم لوگ بھی خاموش نہیں بیٹھیں گے۔