Updated: April 08, 2026, 12:02 AM IST
| Lucknow
سماجوادی پارٹی نے الزام عائد کیا ہے کہ اترپردیش کے ٹرانسپورٹ ڈپارٹمنٹ کے ۱۶۷۱؍ ڈرائیور ایسے پائے گئے ہیں جو بس چلائے بغیر ہی تنخواہ لے رہے ہیں جبکہ تقریباً
۵۰؍ فیصد ڈرائیوروں کا ریکارڈ’زیرو کلومیٹر‘ درج ہوا ہے ، سابق وزیراعلیٰ اکھلیش یادو کا وزیراعلیٰ یوگی پر طنز،اب بسوں پر’بلڈوزر‘ نہ چلوایئےگا، وزیروں کی بدعنوانیوں کی خبر لیجئے گا
اکھلیش یادونے ایک بار پھر یوگی حکومت کو آڑے ہاتھوں لیا ہے
اتر پردیش کے محکمہ ٹرانسپورٹ میں ایک بڑے بدعنوانی کے معاملے کاانکشاف ہوا ہے۔سماجوادی پارٹی نے الزام عائد کیا ہے کہ سرکاری بسوں کو چلانے پر مامور سیکڑوں ڈرائیوروں کو کام کئے بغیر ہی تنخواہیں ادا کرنے کامعاملہ سامنے آیا ہے۔بسیں چلائے بغیر ڈرائیوروں کے ذریعے تنخواہ لینے کا معاملہ سامنے آنے کے بعد سماجوادی پارٹی کے قومی صدراورسابق وزیر اعلیٰ اکھلیش یادو نے یوگی حکومت پرسخت تنقید کی ہے۔ریاستی حکومت کو آڑے ہاتھوں لیتے ہوئے انہوں نےطنزیہ انداز میں کہا کہ یوگی جی اب آپ بسوں پر’بلڈوزر‘ نہ چلوایئےگااوراگر بلڈوزر کا ڈراما کرنا ضروری ہواتو بسوں کے بجائےمحکمہ ٹرانسپورٹ کے وزیر کی بدعنوانیوں کی خبر لیجئے گا۔
سماجوادی پارٹی کے ذریعہ طشت ازبام کی گئی محکمہ ٹرانسپورٹ کی بدعنوانی کے مطابق ریاستی سطح پر۱۶۷۱؍ ڈرائیور ایسے پائے گئے ہیں جو بس چلائے بغیر ہی تنخواہ لے رہے ہیں جبکہ تقریباً ۵۰؍ فیصد ڈرائیوروں کا ریکارڈ’زیرو کلومیٹر‘ درج ہوا ہے۔ انہوں نے سوال کیا کہ ایسا کیسے ہوسکتا ہے؟ اور اگر ایسا ہوا ہے تو اس میں کون کون لوگ ملوث ہیں؟
ایس پی سربراہ نے منگل کو’ایکس‘پر پوسٹ کی گئی اپنی تحریر میں لکھا کہ سب جانتے ہیں اس معاملہ میںکہیں بھی بلڈوزر نہیں چلے گا کیونکہ اس گورکھ دھندے کا سب سے بڑا حصہ تو’اصل دان پیٹی‘ میں ہی جاتا ہے، اسی لئے متعلقہ وزیر پر ان کی’نظر کرم‘ آمدنی کے تناسب سے برقرار رہے گی۔ انہوں نے کہا کہ ایک طرف گرمیوں کی چھٹیوں میں عوام آمد و رفت کیلئے پریشان ہیں تو دوسری طرف بی جے پی کے لوگ اور ان کے ساتھی محکمہ ٹرانسپورٹ کے پہئے کھول کر بیچنے اور اپنی اپنی جیب بھرنے میں لگے ہوئے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ یہی وہ وجہ ہے جس کی وجہ سے یوپی کی ترقی کی گاڑی بی جے پی کی بدعنوانی سے بھری سڑک میں دھنس کر مکمل طور پر رک گئی ہے۔
اکھلیش یادو نے مزید کہا کہ ٹریفک اور آمد و رفت کے نظام میں رکاوٹ براہ راست معیشت پر اثر ڈالتی ہے۔ انہوں نے الزام لگایا کہ بی جے پی کے لوگ ٹریلین ڈالر کی معیشت نہیں بلکہ ٹریلین ڈالر کا اپنا ذاتی نظام بنانے میں مصروف ہیں۔ بی جے پی کو عوام سے نہ کوئی مطلب تھا، نہ ہے اور نہ کبھی رہے گا۔ انہوں نے طنز کرتے ہوئے کہا کہ بی جے پی جائے گی تبھی بس چل پائے گی، لیکن فکر نہ کریں برے دن جانے والے ہیں۔
فی الحال اس پورے معاملے پر خبر لکھے جانےن تک حکومت یا محکمہ ٹرانسپورٹ کی جانب سے کوئی باضابطہ ردعمل سامنے نہیں آیا ہے۔