ادیشہ کے وزیراعلیٰ کا متاثرہ علاقوں کا دورہ ، ہریانہ، پنجاب میں شدید بارش کا الرٹ،۲۳؍ اگست تک بارش کا سلسلہ جاری رہنے کا امکان، بارہ بنکی میں ایک خاتون کی موت۔
EPAPER
Updated: August 18, 2026, 12:22 PM IST | Agency | New Delhi
ادیشہ کے وزیراعلیٰ کا متاثرہ علاقوں کا دورہ ، ہریانہ، پنجاب میں شدید بارش کا الرٹ،۲۳؍ اگست تک بارش کا سلسلہ جاری رہنے کا امکان، بارہ بنکی میں ایک خاتون کی موت۔
ملک کے مختلف حصوں میں بارش کی شدت نے تباہی مچا رکھی ہے۔ ان میں اترپردیش، بہار، مدھیہ پردیش، آسام، ادیشہ، مغربی بنگال، پنجاب اور ہریانہ سمیت کئی ریاستیں ہیں جہاں سیلابی صورتحال سے عوامی زندگی مفلوج ہوکر رہ گئی ہے۔ یوپی کے کئی اضلاع میں تیز بارش کا سلسلہ جاری ہے، جس کی وجہ سے کئی ندیوں میں طغیانی ہے۔ اسی درمیان بارہ بنکی میں ایک خاتون کے ہلاک ہونے کی بھی اطلاع ہے۔اسی طرح بنگال اور ادیشہ کے بھی کئی علاقوں میں پانی بھرا ہے۔
یہ بھی پڑھئے: ’’مظفر نگر فساد کےملزمین سے مقدمات واپس لینا ملک و سماج کیلئے خطرہ‘‘
اتر پردیش میںمحکمہ موسمیات (آئی ایم ڈی) نے مشرقی اور مغربی دونوں علاقوں میں بارش اور گرج چمک کے ساتھ تیز بارش کی پیش گوئی کی ہے۔ لکھنؤ کے موسمیاتی مرکز کے مطابق پیر کو مغربی اتر پردیش میں کئی مقامات اور مشرقی اتر پردیش میں تقریباً تمام ہی مقامات پر تیز بارش کا امکان ہے۔محکمے کے مطابق کہیں کہیں بادل گرجنے، بجلی گرنے اور شدید سے انتہائی شدید بارش کی وارننگ جاری کی گئی ہے۔ مرکزی آبی کمیشن کے تازہ بلیٹن کے مطابق ریاست کی اہم ندیوں کی سطح آب بھی بڑھ رہی ہے۔ گھاگھرا ندی میں انتباہی سطح۷۳ء۹۱؍ میٹر کے مقابلے ۶۸ء۹۲؍ میٹر پر بہہ رہی ہے اور مسلسل بڑھ رہی ہے۔ کمیشن نے اگلے۲۴؍ گھنٹوں میں اس کے ۹۵ء۹۲؍ میٹر تک پہنچنے کا خدشہ ظاہر کیا ہے۔
یہ بھی پڑھئے:راہل گاندھی کیخلاف مقدمہ پر سپریم کورٹ کی روک
اسی طرح ادیشہ میں بھی حالات خراب ہیں۔ کئی اضلاع پانی میں ڈوبے ہوئے ہیں۔ وزیراعلیٰ ماجھی نے متاثرہ علاقوں کا دورہ کیا۔کچھ یہی کیفیت مغربی بنگال کی بھی ہے۔ وہاں پر کولکاتا کے کئی علاقوں میں پانی بھر گیا ہےجس کے باعث ٹریفک بری طرح متاثر ہوا۔موسمیاتی مرکز نے اگلے۲۴؍ گھنٹوں میں کولکاتا میں مزید تیز بارش کی وارننگ دی ہے۔ آئی ایم ڈی کے مطابق گرج چمک کے ساتھ وقفے وقفے سے ہلکی سے درمیانی اور تیز بارش ہوسکتی ہے۔ آئی ایم ڈی نےہریانہ اور پنجاب میںآئندہ کئی دنوں تک بارش کی سرگرمیاں جاری رہنے کی پیش گوئی کی گئی ہے۔ بعض دنوں میں مختلف مقامات پر شدید بارش کا بھی امکان ظاہر کیا گیا ہے۔ اس دوران پیر کو جمنا نگر میں سب سے زیادہ ۶؍ اور کرنال میں ۴؍سینٹی میٹر بارش ریکارڈ ہوئی۔اطلاع کے مطابق یوپی کے بارہ بنکی ضلع میں مسلسل ہونےوالی بارش کے دوران پیر کی صبح ایک دردناک حادثے میں کچی دیوار گرنے سے ایک معمر خاتون کی موت ہو گئی۔