اترپردیش کے وزیر اعلیٰ نے’انڈیا بلین اینڈ جیولرس اسوسی ایشن ‘کے کانکلیو سے خطاب کیا، اپنی حکومت کی حصولیابیاں بتائیں۔
EPAPER
Updated: May 09, 2025, 12:21 PM IST | Agency | Lucknow
اترپردیش کے وزیر اعلیٰ نے’انڈیا بلین اینڈ جیولرس اسوسی ایشن ‘کے کانکلیو سے خطاب کیا، اپنی حکومت کی حصولیابیاں بتائیں۔
اترپر دیش کے وزیر اعلیٰ یوگی آدتیہ ناتھ نے جمعرات کو سرمایہ کاروں سے اپیل کی کہ جرائم سے پاک اترپردیش میں سرمایہ کاری کے لئے عالمی انفرااسٹرکچر اور سبھی بنیادی سہولیات دستیاب ہیں۔ سر ما یہ کاری کار ی کیلئے ساز ماحول ہے۔
انڈیا بلین اینڈ جیولرس اسوسی ایشن (ابجا) کے کانکلیو سے خطاب کرتے ہوئے انہوں نے خاص طور پر پچھلے ۸؍ سال میں ریاست کی معیشت اورنظم ونسق کو مضبوط بنانے میں کی گئی قابل ذکر پیش رفت پر اظہار خیال کیا۔ انہوں نے اسوسی ایشن پر زور دیا کہ وہ اتر پردیش میں جیمس اینڈ جیولرس پارک کے قیام کیلئے ایک تفصیلی روڈ میپ تیار کرے۔وزیر اعلیٰ نے کہا کہ آج ریاست میں سیکوریٹی کا بہترین ماحول ہے۔ یہ جرائم اور مافیا سے پاک ریاست بن چکی ہے۔ انہوں نے جیم اینڈ جیولری کے تاجروں کو یقین دلایا کہ حکومت ہر قدم پر آپ کے ساتھ ہے۔ انہوں نے کہا کہ یہ تقریب نہ صرف کاروباری امکانات کو فروغ دے گی بلکہ حکومت کی `’۸؍ سال بے مثال‘ مہم کو تیز کرنے میں بھی اہم کردار ادا کرے گی۔
یوگی نے جیمس اینڈ جیولرس کی ہندوستان کی معیشت میں اہم کردار کا ذکر کیا۔ انہوں نے کہا کہ یہ شعبہ ملک کے جی ڈی پی میں۷؍ فیصد کردار ادا کرتا ہے۔ امپورٹ ڈیوٹی اور جی ایس ٹی کے ذریعے اس کا حصہ بھی منفرد ہے۔ انہوں نے کہا کہ جیم اینڈ جیولری کی صنعت نہ صرف اقتصادی ترقی میں کردار ادا کرتی ہے بلکہ روزگار کے مواقع پیدا کرنے اور عالمی مارکیٹ میں ہندوستان کی شناخت کو مضبوط کرنے میں بھی مدد کرتی ہے۔وزیر اعلیٰ نے گزشتہ ایک دہائی میں اور خاص طور پر اتر پردیش میں گزشتہ۸؍ سال میں سیکورٹی اورنظم ونسق میں مثبت تبدیلیوں پر زور دیا۔
ان کا کہناتھاکہ آج یوپی نہ صرف فسادات سے پاک ہے بلکہ مافیا سے پاک بھی ہے۔ تمام تہوار امن اور ہم آہنگی کے ساتھ منائے جا رہے ہیں۔ اس بہتر ماحول نے کاروبار اور سرمایہ کاری کےلئے سازگار حالات پیدا کئے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ آج یوپی میں عالمی معیار کا بنیادی ڈھانچہ اور تمام بنیادی سہولیات دستیاب ہیںجو تاجروں کے لئے امکانات فراہم کرتی ہیں۔
یوگی نے جیمس اینڈ جیولرس پارک کے قیام پر زور دیا اور اسے یوپی کی معیشت کے لئے بہت اہم قرار دیا۔ انہوں نے ’ابجا ‘سے ایک ایسا ماڈل تیار کرنے کی اپیل کی جس میں ڈیزائن، ٹیکنالوجی، پروسیسنگ، پیکیجنگ، سپلائی چین اور ایکسپورٹ کو شامل کیا جائے۔
انہوں نے کہا کہ یوپی ۲۵؍کروڑ کی آبادی کے ساتھ ایک بہت بڑی ریاست ہے اور اس سے ملحقہ علاقوں سے جوڑ کر یہ۳۰؍ کروڑ افراد کے کاروبار، روزگار، صحت اور تعلیم کی ضروریات کو پورا کرتا ہے۔ وزیراعلیٰ نے کہا کہ اس مارکیٹ سے فائدہ اٹھانے کے لئے ہمیں جدید طریقہ اپنانا ہو گا۔انہوں نے یہ بھی یقین دلایا کہ حکومت سیکوریٹی اور بات چیت کے ذریعے تاجروں کے ساتھ کندھے سے کندھا ملا کر کام کرے گی۔