• Fri, 06 February, 2026
  • EPAPER

Inquilab Logo Happiest Places to Work

۳۰؍ باؤنڈریز اور سکس کے ساتھ ۱۷۵؍رنز! فائنل میں ویبھو سوریاونشی نے ریکارڈ بنایا

Updated: February 06, 2026, 4:18 PM IST | Harare

ویبھو سوریاونشی نے انڈر ۱۹؍ ورلڈ کپ ۲۰۲۶ء کے فائنل میں تاریخی اننگز کھیلتے ہوئے کئی ریکارڈ توڑ دیے۔ انگلینڈ کے خلاف جمعہ کو ہرارے اسپورٹس کلب میں ۸۰؍ گیندوں پر ویبھو سوریاونشی نے ۱۷۵؍ رنز بنائے۔ ان کی اس اننگز میں ۱۵؍ چھکے اور اتنے ہی چوکے شامل تھے۔

Vaibhav Suryavanshi.Photo:INN
ویبھوسوریہ ونشی۔ تصویر:آئی این این

ویبھو سوریاونشی نے انڈر ۱۹؍ ورلڈ کپ ۲۰۲۶ء کے فائنل میں تاریخی اننگز کھیلتے ہوئے کئی ریکارڈ توڑ دیے۔ انگلینڈ کے خلاف جمعہ کو ہرارے اسپورٹس کلب میں ۸۰؍ گیندوں  پر ویبھو سوریاونشی نے ۱۷۵؍ رنز بنائے۔ ان کی اس اننگز میں ۱۵؍ چھکے اور اتنے ہی چوکے شامل تھے۔
اس کے ساتھ ہی ویبھو انڈر ۱۹؍ ورلڈ کپ میں سب سے زیادہ چھکے لگانے والے کھلاڑی، انڈر ۱۹؍ میں سب سے تیز ۱۵۰؍ رنز بنانے والے بلے باز، انڈر ۱۹؍ ورلڈ کپ فائنل میں سب سے بڑی اننگز کھیلنے والے کھلاڑی، فائنل میں سب سے زیادہ چھکے لگانے والے بلے باز اور انڈر ۱۹؍ ورلڈ کپ میں مجموعی طور پر سب سے زیادہ چھکے لگانے والے کھلاڑی بن گئے۔ آئیے ان ریکارڈز پر تفصیل سے نظر ڈالتے ہیں۔
ویبھو سوریاونشی نے اس میچ میں ۱۷۵؍ رنز کی اننگز کھیلی، جو انڈر ۱۹؍ ورلڈ کپ فائنل میں سب سے زیادہ انفرادی اسکور کا ریکارڈ ہے۔ اس فہرست میں انمکت چند دوسرے نمبر پر ہیں، جنہوں نے سال  ۲۰۱۲ء میں ہندوستان  کی جانب سے کھیلتے ہوئے آسٹریلیا کے خلاف۱۱۱؍ رنز کی ناٹ آؤٹ اننگز کھیلی تھی۔ آسٹریلیا کے بریٹ ولیمز (۱۰۸؍رن)، انگلینڈ کے اسٹیفن پیٹرز (۱۰۷؍رن) اور ہندوستان  کے منجوت کالرا (ناٹ آؤٹ ۱۰۱رن) اس فہرست میں بالترتیب تیسرے، چوتھے اور پانچویں نمبر پر ہیں۔

یہ بھی پڑھئے:ہندوستان: مذہبی اقلیتوں، ناقدین پر غیر قانونی اقدامات سے نشانہ: ہیومن رائٹس واچ

ویبھو سوریاونشی انڈر ۱۹؍ ورلڈ کپ میں سب سے زیادہ چھکے لگانے والے کھلاڑی بن گئے ہیں۔ انہوں نے اس ایڈیشن میں مجموعی طور پر۳۰؍ چھکے لگائے۔ اس کے ساتھ ہی ویبھو نے جنوبی افریقہ کے دیوالڈ بریوس کو پیچھے چھوڑ دیا ہے، جنہوں نے سال ۲۰۲۲؍ میں ۱۸؍ چھکے لگائے تھے۔ فن ایلن سال ۲۰۱۶ء اور ۲۰۱۸؍ میں اتنے ہی چھکے لگا چکے تھے۔
ویبھو سوریاونشی نے انگلینڈ کے خلاف فائنل مقابلے میں کل ۱۵؍ چھکے لگائے۔ وہ انڈر ۱۹؍ ورلڈ کپ کی ایک ہی اننگز میں سب سے زیادہ چھکے لگانے والے بلے باز بن گئے ہیں۔ اس فہرست میں آسٹریلیا کے مائیکل ہل دوسرے نمبر پر ہیں، جنہوں نے سال ۲۰۱۲ء  میں نمیبیا کے خلاف۱۲؍ چھکے لگائے تھے۔ آسٹریلیا کے کریگ سمنز اس فہرست میں تیسرے نمبر پر ہیں، جنہوں نے سال ۲۰۰۲؍ میں کینیا کے خلاف ۱۱؍چھکے لگائے تھے۔

یہ بھی پڑھئے:سری لنکا کی پاکستان سے ہندوستان ٹی۲۰؍ میچ کے بائیکاٹ پر نظرِ ثانی کی اپیل

سوریاونشی نے یوتھ ون ڈے اننگز میں سب سے زیادہ چھکے لگانے کا ریکارڈ بھی اپنے نام کر لیا ہے۔ انہوں نے دسمبر میں آئی سی سی اے دبئی میں یو اے ای انڈر ۱۹؍ کے خلاف اپنے ہی ۱۴؍ چھکوں کے ریکارڈ کو پیچھے چھوڑ دیا۔سوریاونشی کے نام انڈر ۱۹؍ میں سب سے تیز ۱۵۰؍ رنز بنانے کا ریکارڈ بھی درج ہو گیا ہے، انہوں نے۷۱؍ گیندوں میں یہ کارنامہ انجام دیا۔ اسی ٹورنامنٹ میں اسی میدان پر انگلینڈ کے بین میئز نے اسکاٹ لینڈ کے خلاف ۹۸؍ گیندوں میں ۱۵۰؍ رنز مکمل کیے تھے۔ انڈر ۱۹؍ ورلڈ کپ میں سب سے تیز سنچری کے معاملے میں ویبھو دوسرے نمبر پر پہنچ گئے ہیں۔ انہوں نے یہ کارنامہ ۵۵؍ گیندوں میں انجام دیا۔ آسٹریلیا کے ول مالاجچک نے اسی سال جاپان کے خلاف محض  ۵۱؍ گیندوں میں سنچری مکمل کی تھی۔

متعلقہ خبریں

This website uses cookie or similar technologies, to enhance your browsing experience and provide personalised recommendations. By continuing to use our website, you agree to our Privacy Policy and Cookie Policy. OK