Inquilab Logo Happiest Places to Work

۱۸؍سالہ طویل جدوجہد آنکھوں کے سامنے گھوم گئی:کوہلی

Updated: March 23, 2026, 9:09 PM IST | Mumbai

ہندوستانی کرکٹ کے اسٹار بلے باز وراٹ کوہلی نے انڈین پریمیئر لیگ (آئی پی ایل) میں رائل چیلنجرز بنگلورو ( آر سی بی) کے طویل انتظار کے بعد ملنے والی پہلی کامیابی کو اپنی زندگی کا ایک جذباتی لمحہ قرار دیا ہے۔

Virat Kohli.Photo:X
وراٹ کوہلی۔ تصویر:ایکس

 ہندوستانی کرکٹ کے اسٹار بلے باز وراٹ کوہلی نے انڈین پریمیئر لیگ (آئی پی ایل) میں رائل چیلنجرز بنگلورو ( آر سی بی) کے طویل انتظار کے بعد ملنے والی پہلی کامیابی کو اپنی زندگی کا ایک جذباتی لمحہ قرار دیا ہے۔ انہوں نے انکشاف کیا کہ فائنل کی وہ آخری چند گیندیں ان کی زندگی کا مشکل ترین وقت تھا۔
گزشتہ ۱۸؍ برسوں کی جدوجہد کو یاد کرتے ہوئے کوہلی نے کہا’’سچ کہوں تو وہ سب کچھ میرے لیے کسی خواب جیسا تھا۔ جب ہم فتح کے قریب تھے تو گزشتہ ۱۸؍برسوں کا پورا سفر، تمام اتار چڑھاؤ، اچھے اور برے لمحے میری آنکھوں کے سامنے گردش کر رہے تھے۔ وہ ایک شاندار رات تھی جس کا احساس لفظوں میں بیان کرنا مشکل ہے۔‘‘
تجربہ کار بلے باز نے اس بات پر زور دیا کہ یہ جیت ان لوگوں کے لیے خاص اہمیت رکھتی ہے جو پہلے دن سے اس فرنچائز کا حصہ رہے ہیں۔ انہوں نے سپورٹ اسٹاف کے رکن رمیش مانے کا تذکرہ کرتے ہوئے کہا کہ وہ اور مانے گروپ کے سب سے پرانے اراکین   میں سے ہیں، اس لیے اس کامیابی کی خوشی ان کے لیے بہت گہری تھی۔
کوہلی نے اعتراف کیا کہ ماضی میں فائنل تک پہنچ کر شکست کھانے کے زخموں نے ٹیم کو ذہنی طور پر مضبوط بنایا۔ انہوں نے کہا  فائنل میں پہنچنے پر ٹیم میں ایک خاموش اعتماد تھا، لیکن ہم جانتے تھے کہ مقابلہ سخت ہوگا۔  کوہلی نے بتایا کہ آخری اوور میں جب جیت یقینی تھی، تب بھی دل میں یہ دھڑکا لگا تھا کہ کہیں کوئی نو بال  نہ ہو جائے۔ وہ چند لمحے صبر و استقامت کا کڑا امتحان تھے۔وراٹ کوہلی کے مطابق، ماضی کی ناکامیوں نے ہی انہیں آخری لمحات میں اپنا توازن برقرار رکھنے اور فتح حاصل کرنے کے لیے اضافی تحریک فراہم کی۔ یہ جیت صرف ایک ٹرافی نہیں بلکہ برسوں کی انتھک محنت اور صبر کا ثمر ہے۔

یہ بھی پڑھئے:مغربی ایشیا جنگ: سونے چاندی کی قیمت میں بھاری گراوٹ


 اسٹیڈیم جیسا جوش اب آپ کے شہر میں؛ پہلے مرحلے میں ۱۵؍ شہروں میں فین پارکس  کا  انعقاد
 ہندوستانی کرکٹ کنٹرول بورڈ ( بی سی سی آئی ) نے پیر کے روز انڈین پریمیئر لیگ (آئی پی ایل)۲۰۲۶ء کے پہلے تین ہفتوں کے لیے فین پارکس   کے شیڈول کا اعلان کر دیا ہے۔ اس اقدام کا مقصد آئی پی ایل کے جنون کو اسٹیڈیم سے باہر نکال کر ملک کے دور دراز شہروں تک پہنچانا ہے۔پہلے تین ہفتوں کے دوران ملک کی۱۱؍ ریاستوں کے ۱۵؍ شہروں میں فین پارکس لگائے جائیں گے، جہاں شائقین بڑے پردے پر لائیو میچز دیکھ سکیں گے۔

یہ بھی پڑھئے:آئی پی ایل ۲۰۲۶ء: داسُن شَنَاکا، سَم کرن کی جگہ راجستھان رائلز کا حصہ بن گئے


ہفتہ ایک: (۲۸ اور ۲۹؍ مارچ ۲۰۲۶ء):روہتک (ہریانہ)، بھوپال (مدھیہ پردیش)، ناگپور (مہاراشٹر)، تمکورو (کرناٹک) اور کرشن نگر (مغربی بنگال)۔
ہفتہ ۲: (۴؍ اور۵؍ اپریل  ۲۰۲۶ء):متھرا (اتر پردیش)، جودھ پور (راجستھان)، نظام آباد (تلنگانہ)، میسور (کرناٹک) اور بھونیشور (اوڈیشہ)۔
ہفتہ ۳: (۱۱اور ۱۲؍ اپریل  ۲۰۲۶ء):میرٹھ (اتر پردیش)، نڈیاڈ (گجرات)، رتناگیری (مہاراشٹر)، کوئمبٹور (تامل ناڈو) اور راؤرکیلا (ادیشہ)۔
صرف کرکٹ ہی نہیں، بلکہ ان پارکس میں شائقین کی تفریح کے لیے مکمل انتظامات کیے گئے ہیں۔ لائیو اسکریننگ: بڑے ایچ ڈی پردوں پر میچوں کی براہِ راست نشریات۔ ورچوئل بیٹنگ، باؤلنگ نیٹس، اور ۳۶۰؍ ڈگری فوٹو بوتھ۔ تفریح: میوزک، فوڈ کورٹس، بچوں کے لیے پلے زونز اور فیس پینٹنگ۔ چیئر میٹر: شائقین کے جوش و خروش کو ناپنے کے لیے خصوصی آلات۔

متعلقہ خبریں

This website uses cookie or similar technologies, to enhance your browsing experience and provide personalised recommendations. By continuing to use our website, you agree to our Privacy Policy and Cookie Policy. OK