بائیں ہاتھ کے جارح بلے باز سب سے تیز سنچری بنانے والے ہندوستانی کھلاڑی بن گئے، سنجو سیمسن کی ہاف سنچری،ٹیم انڈیا نے ۲۲۱؍رن بنائے۔
EPAPER
Updated: September 18, 2026, 1:36 PM IST | Inquilab News Network | New Delhi
بائیں ہاتھ کے جارح بلے باز سب سے تیز سنچری بنانے والے ہندوستانی کھلاڑی بن گئے، سنجو سیمسن کی ہاف سنچری،ٹیم انڈیا نے ۲۲۱؍رن بنائے۔
ابھیشیک شرما.. صرف یہ نام ہی گیندبازوں کے دلوں میں خوف پیدا کرنے کیلئے کافی ہے۔ سامنے کوئی بھی بولر ہو، لیکن اس بائیں ہاتھ کے بلے باز کا کھیلنے کا انداز کبھی نہیں بدلا۔ افغانستان کے خلاف تیسرے ٹی ۔۲۰؍ میچ میں بھی ابھیشیک (۱۰۸) نےافغانستان کے گیندبازوںکی جم کر پٹائی کی۔ پہلے صرف ۱۶؍گیندوں میں طوفانی نصف سنچری اور پھر صرف ۳۰؍ گیندوں میں سنچری جڑتے ہوئے ابھیشیک نے ٹیم کیلئے بڑے اسکور کی بنیاد رکھی۔
روہت شرما کا ریکارڈ توڑ دیا
یہ کسی ٹیسٹ کھیلنے والے ملک کے کسی بھی بلے باز کی تیز ترین ٹی ۔۲۰؍ سنچری ہے۔ یہ ہندوستان کی طرف سے بھی سب سے تیز سنچری ہے۔ اس سے پہلے ۲۰۱۷ءمیں روہت شرما نے اندور میں سری لنکا کے خلاف ۳۵؍گیندوں میں سنچری بنائی تھی۔ ابھیشیک کی بدولت ہندوستان نے افغانستان کے سامنے۲۲۲؍ رنوں کا ہدف رکھا۔ سنجو سیمسن (۵۰) نے مسلسل دوسری نصف سنچری اننگز کھیلی۔ ابھیشیک نے اپنی اننگز میں ۱۱؍ چھکے اور ۹؍ چوکے لگائے اور ٹی ۔۲۰؍ کریئر کی تیسری سنچری اسکور کی۔انہوں نے ۳۴؍ گیندوں میں ۱۰۸؍ رن بنائے۔
یہ بھی پڑھئے:ہندوستان کی خاتون کرکٹ ٹیم جاپان کیخلاف مہم کا آغاز کرےگی
پاور پلے میں جارحانہ بلے بازی
ارون جیٹلی اسٹیڈیم میں افغانستان کے کپتان ابراہیم زادران نے ٹاس جیت کر پہلے گیندبازی کا فیصلہ کیا۔ سنجو نے پہلے اوور میں سنبھل کر شروعات کی لیکن اسٹرائیک بدلنے کے ساتھ کریز پر آئے ابھیشیک شرما نے دوسری گیند پر چوکا لگایا اور پھر ایسی رفتار پکڑی کہ دوسرے اوور میں عمرزئی کے اوور میں ۲؍ چھکے جڑتے ہوئے ۱۷؍ رن لوٹ لئے۔ پھر تیسرے اوور میں فضل حق فاروقی کو ۲؍ چھکے اور ۲؍ چوکے مارتے ہوئے ۲۳؍رن بنا ڈالے۔ ابھیشیک جہاں بولرز کو سانس لینے کا موقع نہیں دے رہے تھے، وہیں دوسرے اینڈ پر سنجو پُرسکون تھے، لیکن پانچواں اوور پھینکنے آئے محمد نبی کا استقبال سنجو نے ۲؍ چھکوں کے ساتھ کیا۔ اگلی گیند پر سنجو کو زندگی ملی جب ۲۲؍رن پر کپتان زادران نے ان کا کیچ چھوڑ دیا۔ سنجو نے دوڑ کر ایک رن پورا کیا اور اس کے ساتھ ہی انہوں نے ٹی ۔۲۰؍ کریئر میں۹؍ہزار رن کا ہندسہ بھی عبور کر لیا۔
اس کے بعد ابھیشیک نے چھکے کے ساتھ اپنی نصف سنچری مکمل کی اور اوور کا اختتام چوکے اور چھکے کے ساتھ کیا۔ اس اوور میں ۲۹؍رن آئے اور یہ سب سے مہنگا اوور ثابت ہوا۔ ۵؍ اوور میں ہی ٹیم کا اسکور ۸۵؍رن تک پہنچ گیا تھا اور پاور پلے ختم ہوتے ہوتے ہندوستان کا اسکور ۱۰۰؍ رن پر پہنچ گیا۔ ابھیشیک نے چھکے کے ساتھ ٹیم کی سنچری مکمل کی۔ ابھیشیک اور سنجو نے پاور پلے کے بعد بھی رنوں کی رفتار کم نہیں ہونے دی اور ۱۰؍ اوور میں ہی ٹیم کا اسکور ۱۴۲؍ تک پہنچا دیا تھا، لیکن دونوں کے آؤٹ ہوتے ہی رنوں کی رفتار پر بریک لگ گئی۔ ۱۷؍ویں اوور میں ہندوستانی ٹیم ۲۰۰؍رنز کا ہندسہ عبور کر سکی۔
ٹی۔۲۰؍کرکٹ میں تیز ترین سنچری
گیند بلے باز بمقابلہ سال
۲۷ ساحل چوہان(ایسٹونیا) قبرض ۲۰۲۴ء
۲۹ محمد فہد(ترکی) بلغاریہ ۲۰۲۶ء
۳۰ ابھیشیک شرما(ہندوستان) افغانستان ۲۰۲۶ء
۳۳ سکندر رضا(زمبابوے) گامبیا ۲۰۲۴ء