• Fri, 18 September, 2026
  • EPAPER

Inquilab Logo Happiest Places to Work

ہندوستان کی خاتون کرکٹ ٹیم جاپان کیخلاف مہم کا آغاز کرےگی

Updated: September 18, 2026, 1:31 PM IST | Agency | Nagoya

ایشین گیمز میں ہرمن پریت کور کی کپتانی میں دفاعی چمپئن ٹیم انڈیا کے حوصلے بلند،شیفالی اور مندھانا پر ٹیم کو اچھا آغاز فراہم کرنے کی ذمہ داری۔

Picture: INN
تصویر: آئی این این

پچھلے ہفتے دبئی میں ریکارڈ آٹھویں بار خواتین کا ٹی۔۲۰؍ ایشیا کپ جیتنے کے بعد، دفاعی چمپئن اور خطاب کی مضبوط دعویدار ہندوستانی خواتین کی کرکٹ ٹیم جمعہ کو یہاں ایشیائی کھیلوں میں اپنے اعزاز کا دفاع کرنے کی مہم کا آغاز کوارٹر فائنل میں میزبان جاپان کے خلاف کرے گی۔ دبئی میں آٹھواں ایشیا کپ جیتنے کے بعد ہندوستانی ٹیم کا اعتماد بلند ہے۔ لیکن ایشیاڈ کے ناک آؤٹ فارمیٹ میں ان کے پاس غلطیوں کی گنجائش بہت کم ہوگی۔

خواتین کے اس مقابلے میں ۸؍ ٹیمیں حصہ لے رہی ہیں اور ٹورنامنٹ کا آغاز براہ راست کوارٹر فائنل سے ہوگا۔ اس کا مطلب یہ ہے کہ کسی بھی ٹیم کو ٹورنامنٹ کے حالات کے مطابق ڈھلنے کے لئے گروپ مرحلے کے میچ نہیں ملیں گے اور ایک شکست مہم کو ختم کرنے کیلئے کافی ہوگی۔ ہندوستان کیلئے شیفالی ورما اہم ہوں گی، جنہوں نے ایشیا کپ میں شاندار کارکردگی کا مظاہرہ کیا تھا، جہاں وہ ٹیم کی سب سے زیادہ رن بنانے والی بلے باز اور ٹورنامنٹ کی ٹاپ اسکورر رہیں۔ ٹاپ آرڈر میں ان کی مستقل مزاجی نے ہندوستان کو متحدہ عرب امارات(یو اے ای) میں مضبوط آغاز فراہم کیا۔تاہم، اسمرتی مندھانا کا سفر اتار چڑھاؤ کا شکار رہا۔ وہ بھی ہندوستان کی ایک اور خطاب کی مہم کے آغاز کے ساتھ اپنے کھوئے ہوئے فارم کو واپس پانے کیلئے بے تاب ہوں گی۔

یہ بھی پڑھئے:اسرائیل نے غزہ سے مصر علاج کیلئے جانے والے مریضوں کی تعداد ۱۳۶؍ سے ۶۱؍ کردی

ہندوستان کی بولنگ کا زیادہ تر انحصار تجربہ کار آل راؤنڈر دیپتی شرما اور بائیں ہاتھ کی اسپنر شری چرنی پر ہوگا۔ چرنی نے خود کو ٹیم کے بولنگ اٹیک کے ایک اہم رکن کے طور پر منوایا ہے۔ایشیا کپ میں چرنی ٹیم انڈیا کی شاندار کارکردگی دکھانے والی کھلاڑیوں میں شامل تھیں۔ ۲۲؍ سالہ چرنی نے اپنے ۳۰؍ویں ٹی۔۲۰؍ بین الاقوامی میچ میں ہی ۵۰؍ وکٹیں حاصل کرنے کا کارنامہ انجام دیا اور مڈل اوورز میں رن روکنے کی ان کی صلاحیت اہم ثابت ہو سکتی ہے۔ادھر کپتان ہرمن پریت کور بھی ایشیا کپ میں اوسط کارکردگی کے بعد بہتر کھیل پیش کرنا چاہیں گی۔ دباؤ کے حالات میں ان کا تجربہ ایسے ٹورنامنٹ میں انتہائی اہم ثابت ہو سکتا ہے جہاں ہر میچ جیتنا لازمی ہے۔

بولنگ کے شعبے میں ہندوستان کے پاس کافی متبادل موجود ہیں۔ نندنی شرما، رینوکا ٹھاکراور کرانتی گوڑ جہاں تیز گیند بازی کے متبادل ہیں، وہیں دیپتی شرما، شری چرنی، رادھا یادو اور ٹخنے کی چوٹ سے صحت یاب ہونے والی شریانکاپاٹل ٹیم کو اسپن بولنگ  میں کئی اچھے متبادل  فراہم کرتی ہیں۔اوپننگ جوڑی کے علاوہ ہندوستانی بلے بازی لائن اپ میں بھی گہرائی موجود ہے۔ وکٹ کیپر بلے باز رچا گھوش مڈل اور لوور آرڈر میں تیزی سے رن بنانے کی صلاحیت رکھتی ہیں۔ ہندوستانی ٹیم امید کرے گی کہ شیفالی اور مندھانا ٹیم کو ایک مضبوط بنیاد فراہم کریں تاکہ مڈل آرڈر کے بلے باز کھل کر کھیل سکیں۔

یہ بھی پڑھئے:میتھیو ویڈ کا بی بی ایل سے ریٹائرمنٹ کا اعلان، کوچنگ پر توجہ دیںگے

دوسری جانب ایک مضبوط حریف کے طور پر میزبان جاپان گھریلو حالات کا بھرپور فائدہ اٹھانا چاہے گا۔ جاپان کو ہندوستان کے طاقتور بولنگ اٹیک کا سامنا کرنا ہوگا۔ اسے ہندوستان کے اسپن آپشنز کے خلاف مؤثر طریقے سے کھیلنا ہوگا اور ساتھ ہی اس کے گیندبازوں کو ہندوستانی ٹیم کے جارحانہ ٹاپ آرڈر بلے بازوں کو روکنا ہوگا۔اس مقابلے میں یقینی طور پر ہندوستان کا پلڑا بھاری نظر آرہا ہے لیکن کرکٹ کے سب سے چھوٹے فارمٹ میں آخری گیند تک کچھ کہا نہیں جا سکتا۔

بغیر کھیلے بنگلہ دیش سیمی فائنل میں

ناگویا ،(ایجنسی): چین کے خلاف کوارٹر فائنل میچ بارش کے باعث منسوخ ہونے کے بعد بنگلہ دیش نے جمعرات کو خواتین کے ایشین گیمز کے سیمی فائنل میں براہ راست جگہ بنا لی۔ میچ میں ایک بھی گیند نہیں پھینکی جاسکی اور بہتر سیڈنگ کی بنیاد پر بنگلہ دیش کو اگلے مرحلے میں داخلہ ملا۔یہ ایشین گیمز کے خواتین کرکٹ ٹورنامنٹ کا پہلا کوارٹر فائنل تھا۔ آؤٹ فیلڈ گیلی ہونے کی وجہ سے میچ میں تاخیر ہوئی اور آخرکار ٹاس بھی نہیں ہوسکا۔ بنگلہ دیش اب ۲۰؍ستمبر کو ہندوستان اور جاپان کے درمیان چوتھے کوارٹر فائنل کی فاتح ٹیم سے سیمی فائنل کھیلے گا۔خواتین کے مقابلے کوارٹر فائنل مرحلے سے شروع ہوئے ہیں۔ 

 

متعلقہ خبریں

This website uses cookie or similar technologies, to enhance your browsing experience and provide personalised recommendations. By continuing to use our website, you agree to our Privacy Policy and Cookie Policy. OK