Inquilab Logo

چوتھا ٹیسٹ ڈرا، ٹیم انڈیا کا سیریز پر قبضہ

Updated: March 14, 2023, 11:03 AM IST | Ahmedabad

ہندوستان نے ۴؍ ٹیسٹ میچوں کی سیریز پر ۱۔۲؍ سے قبضہ کرلیا۔ آسٹریلیا نے ۲؍وکٹ پر ۱۷۵؍ رن بناکر دوسری اننگز ڈکلیئر کردی تھی

photo;INN
تصویر :آئی این این

: آسٹریلیا کے خلاف بارڈر گاوسکر سیریز کے چوتھے اور آخری ٹیسٹ میچ کے ۵؍ویں دن پیر کو ہندوستانی گیند بازوں کو پچ سے زیادہ مدد نہیں ملی لیکن ٹیم انڈیانے اپنا تسلط برقرار رکھتے ہوئے سیریز ۱۔۲؍سے جیت لی۔
    میچ کے ۵؍ویں روز آسٹریلوی کھلاڑیوں نے دباؤ کے بغیر کھیلتے ہوئے بیٹنگ پریکٹس پر اصرار کیا۔ سلامی بلے بازوں ٹریوس ہیڈ اور مارنس لبوشین  نے دفاعی انداز اپنایا جب دن کے ابتدائی سیشن میں نائٹ واچ مین کوہنیمین پویلین لوٹ گئے اور ہندوستانی گیند بازوں کو غلبہ حاصل کرنے کا موقع نہیں دیا۔ہیڈ نے لبوشین کے ساتھ دوسرے وکٹ کیلئے۱۳۹؍ رن کی شراکت کرکے میچ کو ہندوستان کی گرفت سے چھین لیا۔ انہوں نے ۱۶۳؍ گیندوں پر۱۰؍چوکوں اور۲؍ چھکوں کی مدد سے۹۰؍رن  بنائے۔ لبوشین۶۳؍رن  اورا سٹیوا سمتھ۱۰؍ رن پر کھیل رہے تھے جب دونوں کپتان میچ ڈرا کرنے پر راضی ہو گئے۔ اس وقت آسٹریلیا کا اسکور ۲؍ وکٹ پر  ۱۷۵؍رن (اننگز ڈکلیئرڈ) تھا۔
  مشیل اسٹارک، جوش ہیزل ووڈ، کپتان پیٹ کمنس اور ناتھن لاین پر مشتمل آسٹریلیائی حملہ جون کے اوائل میں انگلینڈ کی پچ پر ہندوستانی بلے بازوں کیلئے کافی پریشانی کا باعث بن سکتا ہے۔ ہندوستان نے آسٹریلیا میں اس گیندبازی حملہ کے خلاف دو سیریز جیتی ہیں۔ اسپنر دوستانہ پچوں نے اس سیریز میں روی چندرن اشون، رویندر جڈیجا اور اکشر پٹیل کی مدد کی لیکن یہ کرکٹ کی دنیا کو بہت مہنگا پڑا۔ یہی نہیں، ہندوستانی ٹاپ آرڈر بھی آسٹریلیا کے اسپنرس کے خلاف آرام دہ نظر نہیں آیا۔ ہندوستان کو انگلینڈمیں صرف ایک اسپنر کو کھیلنا ہوگا اور اس میں آل راؤنڈر جڈیجا کا امکان ہے  تاہم ٹیم جسپریت بمراہ اور رشبھ پنت کی کمی محسوس کرے گی۔پنت کی جگہ ٹیم میں شامل ہونے والے کونا بھرت (۴؍ ٹیسٹ میں۱۰۱؍ رن) اسپن بولنگ کے ساتھ سوئنگ گیندوں پر وکٹ کے پیچھے آرام دہ نہیں لگ رہے تھے۔ لوکیش راہل کے  خراب فارم نے ٹیم کی پریشانیوں میں اضافہ کیا اس کے باوجود  اکشر پٹیل اور وراٹ کوہلی کی شاندار بلے بازی نے ٹیم کا اعتماد بڑھا دیا۔ سیریز سے پہلے کسی کو یہ توقع نہیں ہوگی کہ اکشر ان ۴؍ ٹیسٹ میں۲۶۴؍رن کے ساتھ وراٹ کوہلی (۲۹۷؍رن) کے بعد ہندوستان کے دوسرے سب سے زیادہ رن بنانے والے کھلاڑی ہوں گے۔ اس دوران انہوں نے۳؍ نصف سنچریوں کی اننگز کھیلی۔ اشون نے ایک بار پھر ثابت کیا کہ ہندوستانی حالات میں ان کا کوئی ثانی نہیں ہے۔ ایک ایسی پچ پر جہاں دوسرے گیند باز وکٹ کیلئے ترس رہے تھے، انہوں نے آسٹریلیا کی پہلی اننگز میں ۶؍ وکٹ حاصل کئے۔ وہ سیریز میں سب سے زیادہ وکٹ لینے والے گیندباز تھے۔
 جڈیجا اور اکشر  تاہم  پچ سے کوئی مدد نہ ملنے سے غیر موثر نظر آئے۔ میچ کے ۵؍ویں  دن موٹیرا کی پچ پر گیند بازوں کو زیادہ مدد نہیں مل رہی تھی۔ اگرچہ پیر کو ہندوستانی اسپنرس  سے تیز وکٹ لینے کی توقع کی تھی اس کے باوجود  بلے بازوں نے آسان حالات کا فائدہ اٹھایا۔ ہیڈ نے اس دوران کچھ اچھے شاٹس کے ساتھ اپنے  اچھے فارم کو جاری رکھا۔

team india Tags

متعلقہ خبریں

This website uses cookie or similar technologies, to enhance your browsing experience and provide personalised recommendations. By continuing to use our website, you agree to our Privacy Policy and Cookie Policy. OK