Updated: January 01, 2026, 8:04 PM IST
| Mumbai
کپل شرما کی کامیڈی فلم کس کس کو پیار کروں ۲ محدود اسکرینز اور سخت مقابلے کے باعث ابتدائی ریلیز میں نمایاں بزنس نہ کر سکی، تاہم ناظرین کے مثبت ردِعمل کے بعد اسے ۹؍ جنوری ۲۰۲۶ء کو دوبارہ سینما گھروں میں ریلیز کیا جا رہا ہے۔ میکرز کو امید ہے کہ اس بار فلم خاندانی ناظرین کو اپنی طرف متوجہ کرنے میں کامیاب رہے گی۔
کپل شرما۔ تصویر: آئی این این
اپنی اصل ریلیز کے تقریباً ایک ماہ بعد، اداکار اور کامیڈین کپل شرما کی فلم کس کس کو پیار کروں ۲ ایک بار پھر سینما گھروں میں نمائش کے لیے تیار ہے۔ یکم جنوری کو فلم کے میکرز نے باضابطہ اعلان کیا کہ یہ فیملی انٹرٹینر ۹؍ جنوری ۲۰۲۶ء کو دوبارہ ریلیز کی جائے گی۔ فلم کے پروڈیوسر رتن جین نے دوبارہ ریلیز پر اعتماد کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ کس کس کو پیار کروں ۲ خالص تفریح فراہم کرنے والی فلم ہے، جسے خاص طور پر خاندانوں کو ذہن میں رکھ کر بنایا گیا ہے۔ ان کے مطابق،’’یہ فلم شروع سے ہی خاندانی ناظرین کے لیے ایک ساتھ بیٹھ کر لطف اندوز ہونے کی نیت سے بنائی گئی تھی۔ فلم کو ملنے والی محبت، ہنسی اور مثبت ردِعمل نے اس کی عالمگیر اپیل پر ہمارے یقین کو مزید مضبوط کیا۔ سامعین کی جانب سے مزید مطالبے کے بعد ہمیں لگا کہ اب اسے دوبارہ بڑی اسکرین پر لانے کا صحیح وقت ہے۔‘‘
یہ بھی پڑھئے: اسٹرینجر تھنگز: آخری سیزن کا آخری ایپی سوڈ ریلیز ہوتے ہی نیٹ فلکس دوبارہ کریش
واضح رہے کہ کس کس کو پیار کروں ۲ اصل میں ۱۲؍ دسمبر کو ریلیز ہوئی تھی۔ اگرچہ فلم کو ناقدین کی جانب سے ملے جلے جائزے ملے، تاہم باکس آفس پر یہ فلم بڑی ریلیزز کے دباؤ، خصوصاً دھرندھر کی لہر کے باعث خاطر خواہ کارکردگی دکھانے میں ناکام رہی۔ابتدائی دن فلم نے ۸۵ء۱؍ کروڑ روپے کا بزنس کیا، جبکہ ساکنک کے مطابق دوسرے پیر تک اس کا مجموعی کلیکشن ۱۱ء۹؍ کروڑ روپے رہا۔ اس سے قبل کپل شرما کی ٹیم کی جانب سے جاری ایک سرکاری بیان میں دعویٰ کیا گیا تھا کہ فلم کی باکس آفس کارکردگی محدود اسکرینز کے باعث متاثر ہوئی۔ بیان کے مطابق،’’ناظرین ایک بار پھر کپل شرما کو ان کے پسندیدہ تفریحی انداز میں دیکھنے کے لیے تیار تھے، مگر دیگر بڑی ریلیزز کے باعث ملٹی پلیکس میں اسکرینز کی محدود دستیابی نے فلم کے بزنس پر اثر ڈالا۔‘‘
یہ بھی پڑھئے: ۲۰۲۶ء میں ریلیز ہونے والی بالی ووڈ کی بڑے بجٹ کی فلمیں
یہ سیکوئل انکلپ گوسوامی کی ہدایت کاری میں بنایا گیا ہے، جس میں منجوت سنگھ، ہرا وارینہ، ترِدھا چودھری، پارُل گلاٹی اور عائشہ خان شامل ہیں۔ فلم کو عباس مستان، گنیش جین اور رتن جین نے پروڈیوس کیا ہے۔ دوبارہ ریلیز کے ساتھ، ٹیم کو امید ہے کہ جنوری کے مسابقتی فلمی کیلنڈر کے باوجود ناظرین کی دلچسپی سے فائدہ اٹھایا جا سکے گا، جس میں اکیس، ہیپی پٹیل: خطرناک جاسوس، راجہ صاب، جانا نیاگن اور بارڈر ۲ جیسی فلمیں شامل ہیں۔