Inquilab Logo

لنکا دورہ کا شاندار آغاز،ہندوستان نے پہلا میچ جیت لیا

Updated: June 24, 2022, 1:27 PM IST | Agency | Dambulla

ہندوستان کی خاتون کرکٹ ٹیم نے پہلے ٹی۔۲۰؍میچ میں میزبان ٹیم کو ۳۴؍رنوں سے ہرادیا،جمیما راڈرکس اور رادھا یادو کی شاندار کارکردگی،کاویشا دلہاری کی محنت رائیگاں

Jemimah Rodrigues  was named Player of the Match for her aggressive batting..Picture:INN
جمیما راڈرکس کو ان کی جارحانہ بلے بازی کیلئے پلیئر آف دی میچ قرار دیا گیا۔۔ تصویر: آئی این این

 ہندوستانی خواتین کرکٹ ٹیم نے جمعرات کو سری لنکا کے خلاف پہلا ٹی ۔۲۰؍ میچ  ۳۴؍رنوں سے  جیت کر دورے کا شاندار آغاز کیا۔۳؍ میچوں کی  سیریز میں   ٹیم انڈیا نے ایک۔صفر سے برتری حاصل کرلی۔  ٹیم انڈیا نے یہاں ٹاس جیت کر پہلے بلے بازی کا فیصلہ کیا۔  شروع میں وکٹیں ٹیم انڈیا نے گنوائیں لیکن شیفالی ورما کے ۳۱؍،  جمیما راڈرکس کے ۳۷؍ ناٹ آؤٹ اور کپتان ہرمن پریت کور کے ۲۲؍ رنوں کی بدولت ہندوستان  نے۶؍ وکٹوں کے نقصان  پر ۱۳۸؍رنوں کا  قابل دفاع اسکور بنایا۔ اس کے بعد سری لنکا کی بلے باز ہندوستانی اسپن گیندبازوں  کے آگے نہ چل سکیں اور ٹیم ۲۰؍ اووروں میں ۵؍ وکٹوں پر ۱۰۴؍رن ہی بنا سکیں۔ سری لنکا کی جانب سے صرف کاویشا دلہاری ناٹ آؤٹ ۴۷؍رن بنا سکیں۔ ہندوستان کی جانب سے رادھا یادیو نے سب سے زیادہ ۲؍ وکٹیں حاصل کیں۔ ہندوستانی بولنگ میں خاص بات یہ تھی کہ انہوں نے ایک بھی نو بال اور وائیڈ نہیں ڈالیں۔  سری لنکا کے خلاف  جیت حاصل کرتے ہوئے ہندوستان کی خاتون کرکٹ ٹیم نے ان کے خلاف ٹی۔۲۰؍مقابلوں میں ناقابل تسخیر رہنے کا سلسلہ برقرار رکھا ہے۔واضح رہے کہ ہندوستانی کرکٹ ٹیم نے سری لنکا میں اب تک ۷؍ٹی ۔۲۰؍ میچ کھیلے ہیں اور ان میں سے اس نے ۶؍میچ جیتے ہیں جبکہ ایک میچ کا نتیجہ برآمد نہیں ہوسکا تھا۔
جمیماراڈرکس کی شاندار بلے بازی
ورلڈ کپ سے باہر رہنے والی ہندوستانی بلے باز جمیما راڈرکس کو اس میچ میں پلیئر آف دی میچ منتخب کیا گیا۔واضح رہے کہ ٹیم انڈیا کی خراب شروعات رہی اور اسمرتی مندھانا۶؍گیندوں پر صرف ایک رن بناکر آؤٹ ہوگئیں۔اگلی ہی گیند پر میگھنا  نے بھی گولڈن ڈک کا شکار ہوکر پویلین کی راہ لی۔اس کے بعد شیفالی ورما اور کپتان ہرمن پریت نے اننگز کو سنبھالا اور ۳۹؍رنوںکی پارٹنرشپ نبھائی۔ شیفالی (۳۱)اور ہرمن پریت (۲۲) بھی ۲؍رن کے وقفے میں آؤٹ ہوگئی تھیں۔  ایسے مشکل وقت میں ہندوستانی ٹیم میں واپسی کرنے والی جمیما راڈرکس نے ۵؍ویں نمبر پر بلے بازی کرتے ہوئے ۲۷؍گیندوں پر ۳۶؍ رن بناکر ناٹ آؤٹ رہیں۔انہوںنے اپنی اننگز کے دوران ۳؍چوکے اور اننگز کی آخری گیند پر ایک چھکا لگایا۔ان کے علاوہ آخری صف کی بلے بازوں پوجا وستراکر(۱۴) اور دیپتی شرما(۱۷) نے بھی ٹیم کے اسکور میں تعاون دیا اور اسکور کو قابل دفا ع حد تک پہنچانے میں اہم رول ادا کیا۔
 جواب میں سری لنکا کے بلے باز وقفہ وقفہ سے وکٹ گنواتی رہیں اور آنے والے بلے بازوں پر دباؤ بڑھتا گیا۔سری لنکا کےلئے صرف کاویشا نے کچھ حد تک مزاحمت پیش کرتے ہوئے ۴۷؍ رن بنائیں۔ان کے علاوہ دیگر بلے باز کوئی قابل ذکر کارکردگی کا مظاہرہ نہیں کر سکیں۔
ٹیم کی کارکردگی سے خوش
 میچ کے بعد ہندوستانی کرکٹ ٹیم کی کپتان ہرمن پریت کور نے ٹیم کی کامیابی پر خوشی کااظہار کرتے ہوئےکہا کہ ’’ہم نے شروع میں چند وکٹیں گنوا دی تھیں۔لیکن اس کے بعد بلے بازوں نے ذمہ داری کا مظاہرہ کیا اور اسکور کو قابل دفاع بنانے میں اہم رول ادا کیا۔خاص طور پر جمیما نے اچھی بلے بازی کا مظاہرہ کیا۔میں نے  پہلے ہی کہا تھا کہ جب بھی جمیما کو موقع ملے گا وہ اپنی افادیت ثابت کر دیں گی۔آج ٹیم کو ان سے اچھی اور ذمہ دارانہ بلے بازی کی امید تھی اور مجھے خوشی ہے کہ انہوںنے اپنا رول بخوبی نبھایا۔ہمیں اس میچ سے سبق حاصل کرتے ہوئے سیریز کے بقیہ میچوں کیلئے اچھی کارکردگی  کا مظاہرہ کرنا ہوگا۔‘‘
 وہیں پلیئر آف دی میچ کا اعزاز حاصل کرنے والی جمیما راڈرکس نے اپنی کارکردگی پر خوشی کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ یہاں کی وکٹ ممبئی کی وکٹ کی طرح تھی اور اس پر مجھے کھیلنے میں کسی قسم کی کوئی دشواری پیش نہیں آئی۔گیند آسانی سے بیٹ پر آرہی تھی۔

متعلقہ خبریں

This website uses cookie or similar technologies, to enhance your browsing experience and provide personalised recommendations. By continuing to use our website, you agree to our Privacy Policy and Cookie Policy. OK