Inquilab Logo

وراٹ کوہلی نمبر ۴؍ کیلئے بہترین ہیں : ڈی ویلیئرس

Updated: August 27, 2023, 12:33 PM IST | Agency | New Delhi

ڈی ویلیئرس کا کہنا ہےکہ اگر ہندوستان کو نمبر۳؍کا مسئلہ درپیش ہے تو ون ڈے میں کوہلی کو ایک درجے نیچےجانا چاہئے۔

Virat Kohli. Photo. INN
وراٹ کوہلی تصویر:آئی این این

 جنوبی افریقہ کے سابق بلے باز اے بی ڈی ویلیئرس کا ماننا ہے کہ وراٹ کوہلی کو ہندوستان کی ون ڈے ورلڈ کپ ٹیم میں چوتھے نمبر پر بلے بازی کرنی چاہئے۔شریاس ایّر اور کے ایل راہل حال ہی میں انجری سے ابھر کر ایشیا کپ کے اسکواڈ میں شامل ہوئے ہیں ، جس کی وجہ سے ہندوستان کا مڈل آرڈر غیر مستحکم ہے۔ اگر ان دونوں کھلاڑیوں میں سے کوئی بھی مکمل طور پر فٹ نہیں ہے، یا فارم حاصل کرنے سے قاصر ہے تو بیٹنگ آرڈر میں چوتھی پوزیشن ہندوستان کیلئے بڑی پریشانی کا باعث بن سکتی ہے۔
 ڈی ویلیئرس کا خیال ہے کہ اگر ہندوستان کو یہ مسئلہ درپیش ہے تو ون ڈے کرکٹ میں تیسرے نمبر پر کھیلنے والے کوہلی کو ایک درجے نیچے جانا چاہئے۔ ڈی ویلیئرس، جو رائل چیلنجرز بنگلور (آر سی بی) میں کوہلی کے ساتھی تھے، نے اپنے یوٹیوب چینل پر کہا ’’ہم اب بھی ہندوستان کے نمبر۴؍ بلے باز کے بارے میں بات چیت کر رہے ہیں ۔ میں نے کچھ ایسی باتیں سنی ہیں کہ وراٹ اس پوزیشن کو لے سکتے ہیں ۔ اگر ایسا ہوتا ہے تو میں ان کی حمایت کروں گا۔‘‘انہوں نے کہا ’’میرے خیال میں وراٹ نمبر ۴؍کیلئے بہترین ہیں ۔ وہ اننگز کو سنوار سکتے ہیں ، مڈل آرڈر میں کسی بھی طرح کا رول ادا کر سکتے ہیں ۔ مجھے نہیں معلوم کہ وہ ایسا کرنا چاہیں گے یا نہیں ۔ ہم جانتے ہیں کہ انہیں اپنا نمبر۳؍ مقام پسند ہے۔ انہوں نے اپنے زیادہ تر رن وہیں بنائے ہیں ، لیکن اگر ٹیم کو آپ کو کچھ کرنے، ایک خاص رول ادا کرنے کی ضرورت ہے، تو آپ کو اپنا ہاتھ آگے بڑھانا ہوگا۔‘‘
 واضح رہے کہ ایشیا کپ اسکواڈ کا اعلان کرتے ہوئے روہت شرما نے ٹیم میں لچک لانے کی مانگ کی تھی، حالانکہ انہوں نے یہ بھی کہا تھا کہ سینئر کھلاڑی اپنی اپنی جگہ پر برقرار رہیں گے۔
  کمر کی سرجری کے بعد ٹیم میں واپس آئے ایّر، چوتھے نمبر پر بلے بازی کرنے کیلئے سب سے مضبوط دعویدار ہیں ، حالانکہ کوہلی کو پہلے بھی اس رول میں بڑی کامیابی ملی ہے۔ چوتھے نمبر پر کھیلتے ہوئے، کوہلی ۷؍ سنچریاں بنانے میں کامیاب رہے ہیں ، جبکہ ان کا اوسط۵۵ء۲۱؍ ہے اور ان کا اسٹرائیک ریٹ ۹۰ء۶۶؍ ہے۔ وہ آخری بار جنوری۲۰۲۴ء میں چوتھے نمبر پر کھیلے تھے۔الور میں ہندوستان کے ایشیا کپ کے تربیتی کیمپ میں ایّر کی اچھی کارکردگی نے ہندوستانی مڈل آرڈر میں استحکام کی امید پیدا کردی ہے یہاں تک کہ کے ایل راہل کی فٹنیس تشویشناک ہے اور وہ ۳۰؍ اگست سے شروع ہونے والے ایشیا کپ میں کم از کم ۲؍ میچوں میں باہر رہ سکتے ہیں۔ 

متعلقہ خبریں

This website uses cookie or similar technologies, to enhance your browsing experience and provide personalised recommendations. By continuing to use our website, you agree to our Privacy Policy and Cookie Policy. OK