• Tue, 13 October, 2026
  • EPAPER

Inquilab Logo Happiest Places to Work

افغانستان نے بنگلہ دیش کے خلاف پہلا ٹیسٹ ڈرا کرالیا، صدیق اللہ اٹل کی شاندار سنچری

Updated: October 13, 2026, 10:04 PM IST | Dubai

مقابلے میں افغانستان نے بنگلہ دیش کی جانب سے دیے گئے ۴۷۹؍ رنز کے بڑے ہدف کا تعاقب کرتے ہوئے دوسری اننگز میں۸؍ وکٹوں کے نقصان پر ۳۴۶؍ رنز بنائے اور یقینی دکھائی دینے والی شکست کو ٹالنے میں کامیابی حاصل کی۔

Sediqullah Atal.Photo:X
صدیق اللہ اٹل۔ تصویر:ایکس

بنگلہ دیش اور افغانستان کے درمیان کھیلا گیا پہلا ٹیسٹ میچ ڈرا پر ختم ہوگیا۔ شیخ زاید اسٹیڈیم میں کھیلے گئے مقابلے میں افغانستان نے بنگلہ دیش کی جانب سے دیے گئے ۴۷۹؍ رنز کے بڑے ہدف کا تعاقب کرتے ہوئے دوسری اننگز میں۸؍ وکٹوں کے نقصان پر ۳۴۶؍ رنز بنائے اور یقینی دکھائی دینے والی شکست کو ٹالنے میں کامیابی حاصل کی۔ افغانستان کی جانب سے صدیق اللہ اٹل نے شاندار سنچری اسکور کی، جبکہ قیس احمد نے ناٹ آؤٹ ۴۹؍ رنز بناکر ٹیم کو شکست سے بچانے میں اہم کردار ادا کیا۔

یہ بھی پڑھئے:ٹیمبا باؤما کو بطور ٹیسٹ کپتان پہلی شکست، آسٹریلیا کی ۲۱۴؍ رنزسے فتح

دوسری اننگز میں افغانستان کی شروعات اچھی نہیں رہی اور عبد المالک محض ۲؍ رنز بناکر آؤٹ ہوگئے، جبکہ شاہد اللہ کمال ۱۹؍ رنز بناکر پویلین لوٹ گئے۔ اس مشکل صورت حال میں پہلی اننگز میں سنچری بنانے والے افغان کپتان رحمت شاہ اور صدیق اللہ اٹل نے ذمہ دارانہ بلے بازی کرتے ہوئے تیسرے وکٹ کے لیے ۸۲؍ رنز کی اہم شراکت قائم کی۔ رحمت شاہ نے ۱۲۴؍ گیندوں کا سامنا کرتے ہوئے ۵۱؍ رنز بنائے، لیکن ان کے آؤٹ ہونے کے بعد اٹل نے اپنی شاندار بیٹنگ جاری رکھی اور سنچری مکمل کی۔ انہوں نے اپنی اننگز میں ۹؍ چوکے اور  ۳؍چھکے لگائے۔

یہ بھی پڑھئے:ایشیائی چیمپئن ٹرافی پنجاب ۲۰۲۶ء کے لیے ہندوستانی مردوں کی ٹیم کا اعلان

افغانستان کی جانب سے حشمت اللہ شاہدی نے ۳۶؍ رنز بنائے، جبکہ اکرام علی خیل ۳۳؍ رنز بناکر آؤٹ ہوئے۔ عصمت عالم صرف ۴؍ رنز بناسکے۔ صدیق اللہ اٹل کی سنچری کے بعد جب افغانستان کا اسکور ۷؍ وکٹوں کے نقصان پر۲۸۱؍ رنز تھا، تو ٹیم پر شکست کا خطرہ منڈلانے لگا۔ ایسے وقت میں یامین احمدزئی اور قیس احمد نے آٹھویں وکٹ کے لیے ۱۱۰؍ گیندوں پر ۴۵؍ رنز کی اہم شراکت قائم کرکے مقابلے کو دلچسپ بنادیا۔ یامین احمدزئی۱۹؍ رنز بناکر آؤٹ ہوگئے، لیکن قیس احمد نے ہمت نہیں ہاری اور ۸۰؍گیندوں پر ۴۹؍ رنز کی ناٹ آؤٹ اننگز کھیلی۔ انہوں نے ضیاء الرحمٰن کے ساتھ نویں وکٹ کے لیے ۲۰؍ رنز کی ناٹ آؤٹ  شراکت قائم کی اور افغانستان کو شکست سے بچانے میں کامیاب رہے۔اس سے قبل بنگلہ دیش نے پہلی اننگز میں ۳۴۶؍ رنز بنائے تھے، جس کے جواب میں افغانستان کی پوری ٹیم ۲۴۰؍ رنز پر آؤٹ ہوگئی تھی۔ اس طرح بنگلہ دیش کو پہلی اننگز کی بنیاد پر ۱۰۶؍ رنز کی برتری حاصل ہوئی۔ بنگلہ دیش نے دوسری اننگز میں ۷؍وکٹوں کے نقصان پر ۳۷۲؍ رنز بناکر اننگز ڈکلیئر کردی اور افغانستان کے سامنے ۴۷۹؍  رنز کا مشکل ہدف رکھا۔ بنگلہ دیش کی جانب سے لٹن داس نے پہلی اننگز میں ۵۳؍ اور دوسری اننگز میں شاندار ۱۰۲؍ رنز بنائے، جس پر انہیں میچ کا بہترین کھلاڑی قرار دیا گیا۔ بنگلہ دیش کی جانب سے شادمان اسلام، تنزید حسن تمیم، نجم الحسن شانتو، مہدی حسن میراز اور مشفق الرحیم نے بھی نصف سنچریاں اسکور کیں۔ گیندبازی میں عبادت حسین نے میچ کے دوران سب سے زیادہ ۷؍ وکٹ حاصل کئے، جبکہ حسن محمود نے دونوں اننگز میں مجموعی طور پر ۶؍ کھلاڑیوں کو آؤٹ کیا۔ افغانستان نے آخری لمحات تک مقابلہ جاری رکھتے ہوئے بنگلہ دیش کو جیت سے محروم رکھا اور پہلا ٹیسٹ میچ ڈرا کرانے میں کامیابی حاصل کی۔

متعلقہ خبریں

This website uses cookie or similar technologies, to enhance your browsing experience and provide personalised recommendations. By continuing to use our website, you agree to our Privacy Policy and Cookie Policy. OK