Inquilab Logo Happiest Places to Work

افغانستان : سابق کرکٹر شہپور زدران کابل میں سپرد خاک

Updated: July 10, 2026, 11:21 AM IST | Agency | Kabul

افغانستان کے سابق تیز گیندباز شہپور زدران کی نمازِ جنازہ عیدگاہ مسجد، کابل میں جمعرات کی صبح ۱۰؍بجے ادا کر دی گئی،جبکہ تدفین مرنجان ہل قبرستان میں عمل میں آئی۔

Mohammad Nabi, Rashid Khan And Others Pallbearers At The Funeral. Inset, An Old Photo Of Shahpur Zadran.Photo:INN
جنازہ کو کاندھا دیتے ہوئے محمد نبی، راشد خان اور دیگر۔ انسیٹ میں شہپورزردان کی پرانی تصویر-تصویر:آئی این این
افغانستان کے سابق تیز گیندباز شہپور زدران کی نمازِ جنازہ عیدگاہ مسجد، کابل میں جمعرات کی صبح ۱۰؍بجے ادا کر دی گئی،جبکہ تدفین مرنجان ہل قبرستان میں عمل میں آئی۔ جس میں افغان کرکٹ بورڈ کے عہدیداروں، سابق اور موجودہ قومی کرکٹرز سمیت ہزاروں افراد نے شرکت کر کے انہیں خراجِ عقیدت پیش کیا۔افغان کرکٹ بورڈ کے مطابق شہپور زدران کی نمازِ جنازہ میں اے سی بی بورڈ کے رکن، سابق اور موجودہ افغان کرکٹرز سمیت ہزاروں افراد شریک ہوئے۔
 
 
سوشل میڈیا پر جاری تصاویر میں راشد خان، محمد نبی ، گلبدین نائب،رحمن اللہ گرباز ، اصغر افغان، حامد حسن،سمیع اللہ شنواری سمیت دیگر کرکٹر جنازہ کو کاندھا دیتے اور بعداز تدفین دعائے مغفرت کرتے ہوئے دیکھے جاسکتے ہیں۔ شہپور زدران کینسر کے مرض میں مبتلا تھے اور طویل علالت کے بعد چند روز قبل انتقال کر گئے تھے۔ واضح رہے کہ افغان کرکٹ بورڈ کے مطابق سابق تیز گیندباز شہپور زدران کا جسدِ خاکی بدھ کے روز ہندوستان سے کابل پہنچا تھا، جہاں وہ انتقال سے قبل زیر علاج تھے۔
خیال رہے کہ شہپورزدران جدید افغانستان کرکٹ کی بنیاد رکھنے والے اہم کھلاڑیوں میں شمار ہوتے تھے۔ انہوں نے۲۰۰۹ء میں بین الاقوامی کرکٹ میں قدم رکھا، اور بائیں ہاتھ کے فاسٹ بولر کی حیثیت سے۲۰۰۹ء سے۲۰۲۰ء کے درمیان افغانستان کی نمائندگی کی، انہوں نے تینوں فارمیٹس میں مجموعی طور پر۸۰؍ بین الاقوامی میچ کھیلے۔انہوں نے ونڈے کرکٹ میں۴۳؍ جبکہ ٹی ٹوئنٹی انٹرنیشنل میں۳۷؍ وکٹیں حاصل کیں۔ ان کا پورا بین الاقوامی کریئر۸۰؍ میچوں پر مشتمل رہا، اور یہ وہ دور تھا جب افغانستان نے عالمی کرکٹ میں اپنی مضبوط شناخت قائم کرتے ہوئے ابھرتی ہوئی طاقت کے طور پر خود کو منوایا۔
 
 
راشد خان نے کہا کہ’’بھاری دل کے ساتھ میں اپنے نہایت عزیز دوست کو الوداع کہہ رہا ہوں۔ تمہاری ہنسی، خوبصورت یادوں اور ہر ایک کے ساتھ بانٹی گئی محبت و مہربانی کے لیے شکریہ۔ تمہارے بغیر زندگی پہلے جیسی نہیں رہے گی۔ میرے پیارے دوست، اللہ تمہیں اپنی رحمت میں جگہ دے۔ سکون سے آرام کرو۔ پھر ملاقات ہوگی، ان شاء اللہ۔‘‘سابق کپتان محمد نبی نے شہپور زدران کو اپنے ملک کا قابلِ فخر سفیر قرار دیا، انہوں نے ایکس پر لکھا ’’شہپور بھائی! اللہ آپ کو جنت الفردوس میں اعلیٰ مقام عطا فرمائے۔آمین‘‘

متعلقہ خبریں

This website uses cookie or similar technologies, to enhance your browsing experience and provide personalised recommendations. By continuing to use our website, you agree to our Privacy Policy and Cookie Policy. OK