Updated: January 02, 2026, 3:33 PM IST
|
Agency
| Rabat
مراکش میں جاری فٹبال کے سب سے بڑے افریقی میلے ’فریقن کپ آف نیشنز‘ میں سنسنی خیز گروپ مرحلے کے بعد اب اصل جنگ شروع ہونے والی ہے۔
اشرف حکیمی۔ تصویر: آئی این این
مراکش میں جاری فٹبال کے سب سے بڑے افریقی میلے ’فریقن کپ آف نیشنز‘ میں سنسنی خیز گروپ مرحلے کے بعد اب اصل جنگ شروع ہونے والی ہے۔ سنیچر سے شروع ہونے والے راؤنڈ آف ۔۱۶؍میں دنیا کے مایہ ناز فٹبالرز اشرف حکیمی، محمد صلاح اور وکٹر اوسیمہن اپنی اپنی ٹیموں کی قسمت کا فیصلہ کریں گے۔پیرس سینٹ جرمین(پی ایس جی) کے دفاعی کھلاڑی اشرف حکیمی کو نومبر میں ۲۰۲۵ءکا افریقی فٹبالر آف دی ایئر قرار دیا گیا تھا جبکہ لیورپول کے محمد صلاح اور گیلاٹاسرے کے اسٹرائیکر وکٹر اوسیمہن اس ایوارڈ میں دوسرے نمبر پر رہے تھے۔
گروپ مرحلے کے ۳۶؍میچوں کے بعد ۲۴؍ ٹیموں میں سے ۱۶؍ ٹیمیں اگلے مرحلے میں پہنچ چکی ہیں، جو ۴؍ دنوں میں کھیلے جانے والے ۸؍ میچوں میں کوارٹر فائنل کی دوڑ میں شامل ہوں گی۔ واضح رہے کہ ٹورنامنٹ کی فاتح ٹیم کو ریکارڈ ۱۰؍ ملین ڈالر انعام ملے گا۔
رواں سال نومبر میں افریقی پلیئر آف دی ایئر کا اعزاز پانے والے اشرف حکیمی میزبان اور فیورٹ ٹیم مراکش کی قیادت کریں گے۔ ان کا مقابلہ تنزانیہ سے ہوگا۔ دوسری جانب لیورپول کے اسٹار محمد صلاح مصر کی کپتانی کرتے ہوئے بینن کے خلاف میدان میں اتریں گے جبکہ وکٹر اوسیمہن نائیجیریا کی امیدوں کا مرکز ہوں گے۔
مراکش بمقابلہ تنزانیہ
کاغذی طور پر مراکش کی ٹیم تنزانیہ سے بہت زیادہ مضبوط ہے جس کی رینکنگ تنزانیہ سے ۱۰۱؍ درجے بہتر ہے۔ ریئل میڈرڈ کے ابراہیم ڈیاز اور ایوب الکعبی مراکش کے اہم ہتھیار ہوں گے۔
الجیریابمقابلہ ڈی آر کانگو
اس مرحلے کا سب سے بڑا مقابلہ الجیریا اور ڈیموکریٹک ریپبلک آف کانگو کے درمیان متوقع ہے۔ الجیریا وہ واحد ٹیم ہے جس نے اپنے تمام گروپ میچ جیتے ہیں۔ محریز کی کپتانی میں الجیریا کی ٹیم انتہائی خطرناک دکھائی دے رہی ہے۔
سینیگال بمقابلہ سوڈان
۲۰۲۲ء کی چمپئن سینیگال کی ٹیم سادیو مانے کی قیادت میں سوڈان کا سامنا کرے گی۔ سوڈان کے لئے یہ ایک بڑی کامیابی ہے کہ خانہ جنگی کے شکار ملک کی ٹیم ناک آؤٹ مرحلے تک پہنچنے میں کامیاب رہی۔
نائیجیریا بمقابلہ موزمبیق
نائیجیریا کے وکٹر اوسیمہن اور ایڈمولا لک مین موزمبیق کے دفاع کے لئے بڑا خطرہ ثابت ہو سکتے ہیں۔ موزمبیق کی ٹیم جینی کاٹامو کی صلاحیتوں پر بھروسہ کرے گی۔
آئیوری کوسٹ بمقابلہ برکینا فاسو
دفاعی چمپئن آئیوری کوسٹ کا مقابلہ اپنے پڑوسی ملک برکینا فاسو سے ہوگا۔ مانچسٹر یونائیٹڈ کے ونگر عماد ڈیالو اس ٹورنامنٹ میں اب تک بہترین فارم میں رہے ہیں۔اس کے علاومالی کا مقابلہ تیونس سے،مصرف کا بینن سے جبکہ جنوبیافریقہ کا کیمرون سے مقابلہ ہوگا۔
انعامی رقم کا ریکارڈ
اس بار ٹورنامنٹ جیتنے والی ٹیم کو ایک کروڑ ڈالر (تقریباً ۵ء۸؍ ملین یورو) کی خطیر رقم بطور انعام دی جائے گی جو کہ اس ٹورنامنٹ کی تاریخ کی سب سے بڑی رقم ہے۔