Inquilab Logo

افریقی گیندباز اینرک نورتجے نے سب سےتیز گیند پھینکنے کا ریکارڈ بنایا

Updated: October 16, 2020, 11:43 AM IST | Agency | Dubai

دہلی کپیٹلز کے گیندباز نے راجستھان کیخلاف۱۵۶ء۲؍کلومیٹر فی گھنٹے کی رفتار سے گیند پھینک کر موجودہ آئی پی ایل میں تیز ترین گیند ڈالنے کا ریکارڈ اپنے نام کر لیا

Anrich Nortje. Picture:INN
اینرک نورتجے۔ تصویر: آئی این این

آئی پی ایل کے ۱۳؍ویں سیزن کے ۳۰؍ ویں مقابلے میں گزشتہ روز دہلی کپیٹلز نے راجستھان رائلز کے خلاف شاندار جیت حاصل کی۔۱۶۲؍رنوں کا تعاقب کرنے اتری راجستھان رائلز کی ٹیم ۸؍وکٹیں گنوانے کے بعد ۱۴۸؍رن ہی بنا سکی اور اسے ۱۳؍رنوں سے شکست کا سامنا کرنا پڑا۔دہلی کپیٹلز کی اس کامیابی میں جنوبی افریقہ کے تیز گیندباز اینرک نورتجے نے اہم کردار نبھایا۔۲۶؍سالہ نورتجے نے تیز گیندبازی کا شاندار مظاہرہ کرتے ہوئے۳۳؍رن دے کر ۲؍وکٹیں حاصل کیں اور مین آف دی میچ کا اعزاز حاصل کیا۔
 اس میچ میں اینرک نورتجے کی گیندبازی کی خاص بات یہ رہی کہ انہوںنے انڈین پریمیر لیگ(آئی پی ایل) کے موجودہ سیزن میں اب تک کی سب سے تیزگیند پھینکنے کا ریکارڈ اپنے نام کرلیا ہے۔ آئی پی ایل ڈاٹ کام کے مطابق انہوںنے دبئی انٹرنیشنل کرکٹ اسٹیڈیم میں جوس بٹلر کو ایک ایسی گیند ڈالی جس کی رفتار ۱۵۶ء۲؍کلومیٹر فی گھنٹہ تھی۔اس تیز ترین گیند کی مدد سے انہوں نے اپنے ہی ملک کے گیند باز ڈیل اسٹین کو پچھا ڑ دیا۔واضح رہے کہ ڈیل اسٹین نے آئی پی ایل میں ۱۵۴ء۴؍کلومیٹر کی رفتار سے گیند پھینکنے کا ریکارڈ بنایا تھا جسے اینرک نورتجے نے توڑ دیا۔
۲۰۱۱ء سے اب تک آئی پی ایل کی تاریخ میں سب تیز گیند پھینکنے کی بات کی جائے تو یہ ریکارڈ شان ٹیٹ کے نام ہے ۔راجستھان رائلز کےلئے کھیلتے ہوئے ۲۰۱۱ء کے سیزن میں جے پور میں دہلی ڈیر ڈیولز کے بلے باز ایرون فنچ کے خلاف ۱۵۷ء۷؍کلو میٹر فی گھنٹے کی رفتار سے گیند پھینکی تھی۔ جہاں تک ۲۰۲۰ء میں یو اے ای میں کھیلے جا رہے ۱۳؍ویں آئی پی ایل کی بات ہے تو اینرک نورتجے رفتار کی بادشاہ بنے ہوئے ہیں حالانکہ انہیں جوفرا آرچر سے سخت ٹکر مل رہی ہے۔جوفرا آرچر۱۵۳ء۶۲؍کلومیٹر فی گھنڈے کی رفتار سے گیند بازی کر چکے ہیں۔دہلی کپیٹلز کے گیندباز اینرک نورتجے نے اپنی رفتار کے تعلق سے میچ کے بعد کہا کہ ’’مجھے اس بارے میں پتہ نہیں کہ میں نے ۱۵۶؍کلومیٹر فی گھنٹے کی رفتار سے گیندبازی کی ہے۔جب مجھے بتایا گیا تو سن کر اچھا محسوس ہوا۔میں تیز گیندبازی کرتے وقت اسٹمپس کو نشانہ بناتا ہوں اور یہ بالکل نہیں سوچتا کہ سامنے کون بلے بازی کر رہا ہے۔مجھے خوشی ہے کہ میں اپنی ٹیم کی جیت میں اپنا رول ادا کرنے میں کامیاب رہا۔‘‘ اینرک نورتجے نے اس کامیابی کے بارے میں کہا کہ انہیں اس وقت اس سنگ میل کے بارے میں معلوم نہیں تھا اور وہ میچ کے بعد ہی جان پائے کہ انہوں نے آئی پی ایل کی تاریخ کی تیز ترین گیند پھینکی ہے۔ اگرچہ جوس بٹلر نے فائن لیگ پر گیند کو ۴؍رن کے لئے نکال دیا تھا  تاہم  نورتجےنے اگلی ہی گیند پر بٹلر کو ۲۲؍کے ذاتی اسکور پر بولڈ کردیا۔نورتجے نے کہا کہ مجھے معلوم نہیں تھا کہ میں نے ۱۵۶؍کلومیٹر کی رفتار سے بولنگ کی ہے۔ یہ سن کر خوشی ہوئی۔ میں تیز بولنگ کرتے ہوئے اسٹمپ کو نشانہ بنانے کی کوشش کر رہا تھا۔ ہمارے پاس اچھے کوچ ہیں اور کیگیسو ربادا اور دیگر فاسٹ بولروں کے ساتھ مل کر کام کرنے میں لطف اندوز ہورہے ہیں۔ایک طرح سے کہا جائے تو ہم تیز گیندبازوں کے درمیان اچھا کمپٹیشن ہو رہا ہے جس سے ٹیم کو فائدہ پہنچ رہا ہے۔

متعلقہ خبریں

This website uses cookie or similar technologies, to enhance your browsing experience and provide personalised recommendations. By continuing to use our website, you agree to our Privacy Policy and Cookie Policy. OK