ہندوستان کی مرد کرکٹ ٹیم کے چیف سلیکٹر نے اپنے فیصلے سے بی سی سی آئی کو آگاہ کردیا۔
EPAPER
Updated: September 20, 2026, 12:19 PM IST | Mumbai
ہندوستان کی مرد کرکٹ ٹیم کے چیف سلیکٹر نے اپنے فیصلے سے بی سی سی آئی کو آگاہ کردیا۔
ہندوستانی مردوں کی کرکٹ ٹیم کے چیف سلیکٹر اجیت آگرکر اپنی موجودہ مدت کار میں توسیع نہیں چاہتے ہیں۔ ان کے عہدے کی موجودہ مدت کار ۴؍ اکتوبر کو ختم ہو رہی ہے۔ ’کرک انفو‘ کے مطابق ہندوستانی ٹیم کے سابق آل راؤنڈر نے اسی ہفتے بی سی سی آئی کو اپنے فیصلے سے آگاہ کردیا ہے۔
ذرائع کے مطابق آگرکر نے حالیہ مہینوں میں بی سی سی آئی سے یہ جاننے کے لئے رابطہ کیا تھا کہ آیا بورڈ چاہتا ہے کہ وہ ۲۰۲۷ء کے ون ڈے ورلڈ کپ تک چیف سلیکٹر کے عہدے پر برقرار رہیں۔ بی سی سی آئی کے سیکریٹری دیوجیت سائیکیا نے ممبئی میں بورڈ کی سالانہ جنرل میٹنگ کے بعد کہا تھا کہ آگرکر کے مستقبل پر فیصلہ کرنے کے لئے بورڈ کے پاس ابھی وقت ہے۔
آگرکر نے ۲۰۲۷ء ورلڈ کپ کی تیاری کے سلسلے میں بھی اہم فیصلوں میں کردار ادا کیا۔ ان کی سلیکشن کمیٹی نے انگلینڈ کے دورے کے بعد روہت شرما سے آگے دیکھنے کا فیصلہ کیا اور شبھ من گل کو ون ڈے اور ٹیسٹ کا مستقل کپتان مقرر کیا گیا۔ ٹی۔ ۲۰؍میں سوریہ کمار یادو کی جگہ شریاس ایر کو کپتان بنائے جانے میں بھی اگرکر کا اہم کردار رہا۔ اجیت آگرکر کی سربراہی والی سلیکشن کمیٹی نے اسی ہفتے ویسٹ انڈیز کے خلاف ون ڈے سیریز اور ایرانی کپ کے لئے ٹیموں کا انتخاب کیا تھا۔
یہ بھی پڑھئے: ڈیوس کپ: جنوبی کوریا نے دونوں سنگلز جیت لئے، ہندوستان کو مشکلات کا سامنا
بی سی سی آئی کو اب جلد نئے چیف سلیکٹر کی تقرری کا فیصلہ کرنا ہوگا کیونکہ اکتوبر کے وسط میں ہندوستان کو نیوزی لینڈ کا دورہ کرنا ہے جہاں ۵؍ ٹی۔ ۲۰؍، ۵؍ ون ڈے اور ۲؍ ٹیسٹ کھیلے جائیں گے۔ اس سے قبل ۲؍ غیر سرکاری ٹیسٹ بھی کھیلے جانے ہیں۔
آگرکر دور کے نشیب و فراز!
جولائی ۲۹۲۳ء میں چیف سلیکٹر بننے کے بعد آگرکر کی مدت میں ہندوستان نے ۲۰۲۴ء اور ۲۰۲۶ء میں مسلسل ۲؍ ٹی۔ ۲۰؍ ورلڈ کپ جیتے۔ ہندوستان ایسا کرنے والی پہلی ٹیم بنی۔ اس دوران ہندوستان نے ۲۰۲۳ء اور ۲۰۲۵ء میں مسلسل ۲؍ ایشیا کپ اور گزشتہ سال چمپئن ٹرافی بھی جیتی۔ تاہم اسی عرصے میں ہندوستان کو ۲۰۱۲ء کے بعد پہلی بار گھر میں ٹیسٹ سیریز میں شکست کا سامنا کرنا پڑا۔ ۲۰۲۴ء میں نیوزی لینڈ نے اسے تین صفرسے اور ۲۰۲۵ء میں جنوبی افریقہ نے دوصفر سے شکست دی۔