Updated: November 09, 2026, 6:04 PM IST
| Buenos Aires
امریکی صدر ڈونالڈ ٹرمپ کے قریبی اتحادی اور ارجنٹائنا کے صدر خاویر میلی سے ملاقات کے دوران پوپ لیو چہاردہم نے سیاسی اقتدار کی حدود، جمہوری اقدار اور غریب طبقے کے حقوق پر زور دیا۔ تقریباً ۳۹؍ برس بعد کسی پوپ کا ارجنٹائنا کا یہ پہلا دورہ ہے، جو ایسے وقت ہورہا ہے جب حکومت کی کفایت شعاری پالیسیوں پر چرچ اور عوامی حلقوں کی جانب سے تنقید کی جارہی ہے۔
پوپ لیو چہاردہم ارجنٹائنا کے صدر میلی خاویئر کے ساتھ۔ تصویر: ایکس
رومن کیتھولک چرچ کے سربراہ پوپ لیو چہاردہم (Pope Leo XIV) نے ارجنٹائنا کے صدر خاویر میلی (Javier Milei) کو جمہوریت کے تحفظ، سیاسی اختیارات کی حدود تسلیم کرنے اور حکومتی فیصلوں میں تمام شہریوں کی فلاح کو مقدم رکھنے کا پیغام دیا ہے۔ اتوار ۸؍ نومبر کو دارالحکومت بیونس آئرس پہنچنے کے بعد اپنے پہلے خطاب میں پوپ نے کہا کہ اقتدار کی حقیقی معنویت اسی وقت ہے جب اسے عوام کی خدمت کے لیے استعمال کیا جائے۔ ان کا یہ بیان ایسے وقت سامنے آیا ہے جب میلی حکومت کی معاشی کفایت شعاری اور سرکاری اخراجات میں کٹوتیوں کے باعث غریبوں، پنشن یافتگان اور معذور افراد کو درپیش مشکلات پر کیتھولک چرچ مسلسل تشویش ظاہر کررہا ہے۔ پوپ نے اپنے خطاب میں کہا: ’’اختیار اس وقت سب سے زیادہ حقیقی ہوتا ہے جب اسے خدمت کے طور پر استعمال کیا جائے۔‘‘ انہوں نے حکمرانوں کو یاد دلایا کہ ان کی ذمہ داری ہے کہ وہ احتیاط سے کام لیں، انہیں سونپی گئی طاقت کی حدود کو تسلیم کریں اور اپنے فیصلوں کو پوری برادری کی بھلائی کے لیے استعمال کریں۔
یہ بھی پڑھئے: غزہ کے حق میں ایمسٹرڈیم سرخ، ریڈ لائن مارچ میں ۲؍ لاکھ افراد شریک
انہوں نے جمہوریت کو ارجنٹائنا کا ایسا ورثہ قرار دیا جس کا تحفظ ضروری ہے۔ ان کے مطابق جمہوری معاشرے میں مختلف خیالات رکھنے والے افراد کو ایک دوسرے کے ساتھ شہری کی حیثیت سے رہنے اور قانون کی حکمرانی پر اعتماد برقرار رکھنے کی ضرورت ہے۔ پوپ نے کہا کہ اختلافات کے باوجود مشترکہ مستقبل کے لیے اتفاقِ رائے کی کوشش کرنا جمہوریت کو مضبوط بناتا ہے۔ اگرچہ پوپ نے اپنے خطاب میں صدر میلی کی کفایت شعاری پالیسیوں کا نام لے کر براہِ راست ذکر نہیں کیا، تاہم ان کے الفاظ کو حکومت کے معاشی پروگرام پر بالواسطہ تنقید کے طور پر دیکھا جارہا ہے۔ انہوں نے کہا کہ معاشی ترقی اور سرمایہ کاری کے فروغ کے ساتھ اس بات کو بھی یقینی بنایا جانا چاہیے کہ اس کے فوائد محروم اور کمزور طبقوں تک پہنچیں۔ ان کے مطابق معاشی سرگرمیوں کو ایسے مواقع پیدا کرنے چاہئیں جن سے بے روزگاروں، ریٹائرڈ افراد اور ان لوگوں کو فائدہ ہو جو محنت کے باوجود اپنے گھر کی ضروریات پوری کرنے میں مشکلات کا سامنا کررہے ہیں۔ پوپ لیو نے کہا کہ معاشی ترقی کا مقصد صرف اعداد و شمار بہتر بنانا نہیں ہونا چاہیے بلکہ اس کے ثمرات معاشرے کے ان افراد تک بھی پہنچنے چاہئیں جو بیماری، معذوری یا معاشی انحصار کے باعث زیادہ مشکلات میں ہیں۔ ان کا یہ پیغام ایسے وقت میں سامنے آیا ہے جب ارجنٹائنا میں حکومت کی جانب سے سماجی بہبود، صحت اور دیگر عوامی شعبوں کے بجٹ میں کٹوتیوں پر چرچ اور مختلف سماجی تنظیمیں سوال اٹھارہی ہیں۔
میلی کی معاشی پالیسیوں پر چرچ کو اعتراض
خاویر میلی دسمبر ۲۰۲۳ء میں اقتدار میں آئے تھے۔ انہوں نے ملک کی طویل معاشی بدحالی، مہنگائی اور مالیاتی خسارے پر قابو پانے کے لیے سرکاری اخراجات میں بڑی کمی، سبسڈی میں تخفیف، سرکاری اداروں کی نجکاری اور ریاستی مداخلت محدود کرنے کا پروگرام شروع کیا۔ ان کی حکومت کا کہنا ہے کہ یہ اقدامات معیشت کو مستحکم کرنے اور سرکاری خزانے پر بوجھ کم کرنے کے لیے ضروری ہیں۔ میلی انتظامیہ کے مطابق ان پالیسیوں کے نتیجے میں سالانہ مہنگائی کی شرح ۲۰۰؍ فیصد سے زیادہ کی سطح سے کم ہوکر تقریباً ۳۳؍ فیصد تک آگئی ہے۔ تاہم اس معاشی اصلاحاتی پروگرام کے سماجی اثرات پر تنازع برقرار ہے۔ سرکاری صحت کے بجٹ میں حقیقی قدر کے اعتبار سے تقریباً ۴۸؍ فیصد کمی کی اطلاع دی گئی ہے، جبکہ سرکاری جامعات کے لیے مختص وسائل میں کٹوتیوں پر طلبہ نے احتجاج کیا۔ عوامی شعبے میں ملازمتوں کے خاتمے اور سبسڈی میں کمی نے بھی کئی خاندانوں کے لیے مشکلات پیدا کی ہیں۔ رائٹرز کے مطابق ۲۰۲۶ء کی پہلی ششماہی میں ارجنٹائنا کی تقریباً ۳ء۳۲؍ فیصد آبادی غربت کی سطح پر زندگی گزار رہی تھی، یعنی تقریباً ڈیڑھ کروڑ افراد اس صورت حال سے متاثر تھے۔ حکومت کا موقف ہے کہ سخت اقدامات کے بغیر ملک کی معاشی حالت بہتر بنانا ممکن نہیں تھا، جبکہ چرچ اور سماجی حلقوں کا کہنا ہے کہ اصلاحات کا بوجھ کمزور طبقات پر زیادہ پڑ رہا ہے۔
یہ بھی پڑھئے: شیخ حسینہ کی بنگلہ دیش واپسی کی تیاری، نئے پاسپورٹ اور شناختی کارڈ کی درخواست
ٹرمپ کے قریبی اتحادی سے ملاقات
صدر خاویر میلی امریکی صدر ڈونالڈ ٹرمپ کے قریبی سیاسی اتحادی سمجھے جاتے ہیں۔ دونوں لیڈروں کے درمیان آزاد منڈی، سرکاری اخراجات میں کمی اور دائیں بازو کی سیاست سے متعلق کئی معاملات میں مماثلت پائی جاتی ہے۔ میلی نے ایران کے خلاف جنگ کے معاملے میں بھی ٹرمپ انتظامیہ کی حمایت کی ہے۔ دوسری جانب پوپ لیو اس تنازع پر تشویش ظاہر کرتے رہے ہیں اور جنگ کے خلاف بیانات دے چکے ہیں۔ پوپ کے اس دورے سے قبل ہی مبصرین کی توجہ اس بات پر مرکوز تھی کہ وہ میلی حکومت کی معاشی پالیسیوں اور عالمی سیاست کے بارے میں کیا پیغام دیں گے۔ پوپ نے اپنے خطاب میں مصنوعی ذہانت کے موضوع پر بھی بات کی۔ انہوں نے کہا کہ ٹیکنالوجی میں پیش رفت کے ساتھ اخلاقی شعور اور ذمہ داری بھی ضروری ہے۔ میلی حکومت ارجنٹائنا کو مصنوعی ذہانت اور ڈیٹا سینٹرز کی سرمایہ کاری کے لیے ایک اہم مرکز بنانے کی خواہش رکھتی ہے، جبکہ پوپ نے اس شعبے میں غیر محدود دوڑ کے انسانی اور ماحولیاتی اثرات پر پہلے بھی خبردار کیا ہے۔
۳۹؍ برس بعد پوپ کا ارجنٹائنا کا دورہ
پوپ لیو کا ارجنٹائنا پہنچنا اس لحاظ سے بھی تاریخی اہمیت رکھتا ہے کہ ۱۹۸۷ء میں پوپ جان پال دوم کے دورے کے بعد تقریباً ۳۹؍ برس تک کسی پوپ نے اس ملک کا دورہ نہیں کیا تھا۔ ارجنٹائنا سابق پوپ فرانسس کا آبائی ملک تھا، لیکن وہ ۱۲؍ سالہ دورِ پاپائیت کے دوران اپنے وطن واپس نہیں آئے۔ ان کا انتقال ۲۰۲۵ء میں ہوا تھا۔ فرانسس کا اصل نام خورخے ماریو برگولیو (Jorge Mario Bergoglio) تھا۔ وہ بیونس آئرس کے آرچ بشپ رہ چکے تھے اور اپنے دور میں غریبوں، مزدوروں اور محروم طبقوں کے حقوق کے لیے آواز اٹھاتے رہے۔ میلی کے ساتھ ان کے تعلقات بھی کشیدہ رہے تھے۔ صدر میلی نے ماضی میں فرانسس پر سخت تنقید کی تھی، تاہم اقتدار میں آنے کے بعد ان کے لہجے میں نرمی آئی اور انہوں نے ویٹیکن میں پوپ سے ملاقات بھی کی تھی۔
یہ بھی پڑھئے: سعودی عرب میں غیرقانونی تارکین وطن کیخلاف کارروائیاں، ۹؍ ہزار ۱۳۹؍ کو ان کے آبائی وطن بھیجا گیا
پوپ لیو نے اپنے دورے کو اپنے پیش رو فرانسس کے ادھورے کام کو آگے بڑھانے کے تناظر میں بھی پیش کیا ہے۔ وہ ارجنٹائنا پہنچنے سے قبل یوراگوئے کا دورہ کرچکے ہیں اور اس کے بعد پیرو جائیں گے، جہاں انہوں نے کئی برس بطور مشنری پادری خدمات انجام دی تھیں۔ پیرو کو وہ اپنی دوسری جائے وطن بھی قرار دیتے ہیں۔ ۷۱؍ سالہ پوپ کا یہ ۱۲؍ روزہ جنوبی امریکی دورہ ۱۷؍ نومبر تک جاری رہے گا۔ اس دوران وہ ارجنٹائنا کے چار شہروں کا دورہ کریں گے، معذور افراد کی نگہداشت کے مرکز اور ایک جیل جائیں گے اور مختلف مقامات پر اجتماعات سے خطاب کریں گے۔ حکام کے اندازے کے مطابق ارجنٹائنا میں ان کے مختلف پروگراموں میں مجموعی طور پر ۷۰؍ لاکھ تک افراد شرکت یا انہیں دیکھنے کے لیے پہنچ سکتے ہیں۔ پوپ کا یہ دورہ محض مذہبی سرگرمیوں تک محدود نہیں بلکہ ارجنٹائنا کی موجودہ سیاسی اور معاشی صورت حال کے تناظر میں بھی اہمیت اختیار کرگیا ہے۔ ان کے خطاب نے اس بحث کو دوبارہ نمایاں کردیا ہے کہ معاشی اصلاحات کے دوران حکومتوں کی ذمہ داری صرف مالیاتی خسارے اور مہنگائی کو کم کرنا نہیں، بلکہ شہریوں کے بنیادی حقوق، سماجی تحفظ اور جمہوری اداروں کا احترام بھی ہے۔