• Mon, 09 November, 2026
  • EPAPER

Inquilab Logo Happiest Places to Work

جینسن ہوانگ کو تحقیقات کا سامنا، این ویڈیا کے حصص میں اتار چڑھاؤ

Updated: November 09, 2026, 7:04 PM IST | New York

مصنوعی ذہانت کے شعبے کی عالمی کمپنی این ویڈیا (Nvidia) کے چیف ایگزیکٹیو آفیسر اور شریک بانی جینسن ہوانگ ان دنوں ایک بڑے تنازع اور کمپنی کی جانب سے شروع کی گئی آزادانہ تحقیقات کے مرکز میں ہیں۔ یہ معاملہ ایسے وقت سامنے آیا ہے جب کمپنی اپنے سہ ماہی مالی نتائج ۱۷؍ نومبر کو جاری کرنے والی ہے۔

Jensen Huang.Photo:INN
جینسن ہوانگ۔ تصویر:آئی این این

مصنوعی ذہانت (اے آئی ) کے شعبے کی عالمی کمپنی این ویڈیا (Nvidia) کے چیف ایگزیکٹیو آفیسر اور شریک بانی جینسن ہوانگ ان دنوں ایک بڑے تنازع اور کمپنی کی جانب سے شروع کی گئی آزادانہ تحقیقات کے مرکز میں ہیں۔ یہ معاملہ ایسے وقت سامنے آیا ہے جب کمپنی اپنے سہ ماہی مالی نتائج ۱۷؍ نومبر کو جاری کرنے والی ہے۔ تحقیقات اور ان سے جڑی خبروں کے باعث سرمایہ کاروں میں تشویش پیدا ہوگئی ہے اور کمپنی کے حصص میں نمایاں گراوٹ دیکھی گئی ہے۔ پیر کے روز مختلف تجارتی پلیٹ فارمز پر این ویڈیا کے حصص میں تقریباً ۴ ؍سے ۶؍ فیصد تک کمی ریکارڈ کی گئی، جبکہ بعض رپورٹوں کے مطابق اس گراوٹ کے نتیجے میں کمپنی کی مارکیٹ قدر سے تقریباً ۲۷۰؍ ارب ڈالر کم ہوگئے۔ 

یہ بھی پڑھئے:غربت میں تیزی سے کمی پر عالمی بینک نے ہندوستان کی تعریف کی

این ویڈیا کے بورڈ آف ڈائریکٹرز نے ۸؍ نومبر کو اعلان کیا کہ وہ ان میڈیا رپورٹوں کی روشنی میں آزادانہ تحقیقات شروع کررہا ہے جن میں دعویٰ کیا گیا ہے کہ کمپنی کے سربراہ جینسن ہوانگ کو ایک غیر ملکی انٹیلی جنس آپریشن کے ذریعے نشانہ بنایا گیا ہو سکتا ہے۔ اس تحقیقات کی نگرانی آزاد ڈائریکٹروں کی ایک کمیٹی کرے گی، جسے بیرونی قانونی ماہرین کی مدد حاصل ہوگی۔کمپنی کے بورڈ نے اپنے بیان میں کہا ہے کہ فی الحال اس کے پاس ایسا کوئی ثبوت نہیں ہے جس سے یہ ظاہر ہو کہ امریکی قومی سلامتی یا این ویڈیا کی خفیہ کاروباری معلومات سے متعلق کوئی راز افشا ہوا ہے۔ تاہم تمام دستیاب معلومات کا جائزہ لیا جائے گا۔ جینسن ہوانگ نے بھی تحقیقات کی حمایت کرتے ہوئے مکمل تعاون کی یقین دہانی کرائی ہے۔ 
اس تنازع کی ابتدا امریکی اخبار ’نیویارک ٹائمز‘ کی ایک رپورٹ سے ہوئی، جس میں دعویٰ کیا گیا تھا کہ جینسن ہوانگ کے ایک چینی خاتون کاروباری شخصیت ایلس ہوانگ سے قریبی تعلقات تھے۔ ایلس ہوانگ، جنہیں ہوانگ لی کے نام سے بھی جانا جاتا ہے، سنگاپور کی ڈیٹا سینٹر کمپنی میگا اسپیڈ انٹرنیشنل (Megaspeed International) سے وابستہ رہی ہیں۔ رپورٹ کے مطابق امریکی انٹیلی جنس اداروں کو شبہ ہے کہ ایلس ہوانگ کے ذریعے چین تک اہم معلومات پہنچائی جارہی تھیں۔ بتایا گیا ہے کہ میگا اسپیڈ این ویڈیا کی بڑی خریدار کمپنیوں میں شامل رہی ہے اور اس نے گزشتہ دو برسوں کے دوران تقریباً ۴ء۸؍ ارب ڈالر مالیت کے این ویڈیا چپس خریدے۔ اس کمپنی پر یہ الزامات بھی عائد ہوئے ہیں کہ اس نے امریکی برآمدی پابندیوں سے بچتے ہوئے جدید چپس چین تک پہنچانے میں مدد کی۔ تاہم ان الزامات اور مبینہ جاسوسی کے دعووں کی حتمی تصدیق نہیں ہوئی ہے۔ ایلس ہوانگ پر اس معاملے میں کسی الزام یا فردِ جرم کی اطلاع بھی سامنے نہیں آئی ہے۔ 

یہ بھی پڑھئے:’’گوڈزیلا مائنس زیرو‘‘ عالمی باکس آفس پر پہلے نمبر پر، ’’رامائن‘‘ دوسرے مقام پر

تنازع کے درمیان جینسن ہوانگ نے کمپنی کے ملازمین کو بھیجے گئے پیغام میں اعتراف کیا کہ انہوں نے اپنی اہلیہ سے بے وفائی کی ہے۔ انہوں نے کہا کہ ان کے عمل کا کوئی جواز نہیں اور اس کے لیے وہ معذرت خواہ ہیں۔ ہوانگ نے اپنی اہلیہ، خاندان، کمپنی، بورڈ اور حصص یافتگان سے معافی مانگتے ہوئے کہا کہ وہ تحقیقات میں مکمل تعاون کریں گے اور این ویڈیا کے مفادات اور امریکی قومی سلامتی کے تحفظ کے لیے پرعزم ہیں۔ہوانگ نے اپنے پیغام میں متعلقہ خاتون کا نام نہیں لیا، تاہم میڈیا رپورٹوں میں ان کی شناخت ایلس ہوانگ کے طور پر کی گئی ہے۔ این ویڈیا نے اس سے قبل کہا تھا کہ کمپنی کے سربراہ کا صارفین اور کاروباری شخصیات سے رابطہ معمول کی بات ہے، کیونکہ وہ دنیا بھر کے ہزاروں کاروباری نمائندوں سے ملاقات کرتے رہتے ہیں۔ 
چین نے جینسن ہوانگ سے متعلق جاسوسی کے الزامات کو بے بنیاد قرار دیتے ہوئے مسترد کردیا ہے۔ چینی وزارتِ خارجہ کے ترجمان گو جیاکون نے کہا کہ چین پر عائد کیے جانے والے یہ الزامات محض قیاس آرائی اور بدنام کرنے کی کوشش ہیں۔ بیجنگ کا کہنا ہے کہ اس معاملے میں چین کو ملوث کرنے کے لیے کوئی قابلِ اعتماد ثبوت پیش نہیں کیا گیا۔دوسری جانب امریکی سیاست دانوں نے بھی اس معاملے پر تشویش ظاہر کی ہے۔ امریکی کانگریس کے بعض ارکان نے جینسن ہوانگ سے وضاحت طلب کرنے اور انہیں گواہی کے لیے طلب کرنے کی بات کہی ہے۔ اطلاعات کے مطابق ہوانگ سے ۱۸؍ نومبر کو کانگریس میں پیش ہونے کے سلسلے میں جواب طلب کیا گیا ہے۔ امریکی صدر ڈونالڈ ٹرمپ نے ہوانگ کی حمایت کرتے ہوئے انہیں ایک باعزت شخص قرار دیا اور کہا کہ انہیں امید ہے کہ معاملہ خوش اسلوبی سے حل ہوجائے گا۔ 

یہ بھی پڑھئے:لینڈو نورس کی شاندار جیت، میکس ورسٹاپن کی ناقابلِ یقین واپسی

جینسن ہوانگ سے متعلق تنازع سامنے آنے سے پہلے بھی این ویڈیا کے حصص دباؤ کا شکار تھے۔ کمپنی کے حصص اکتوبر کی بلند ترین سطح سے تقریباً ۲۲؍ فیصد نیچے آچکے تھے اور مسلسل پانچ ہفتوں سے ان میں گراوٹ دیکھی جارہی تھی۔ گزشتہ ہفتے حصص کی قیمت میں ۸ء۷۶؍ فیصد کمی ہوئی، جبکہ ۵؍ نومبر کو ایک ہی دن میں حصص تقریباً ۹ء۳؍ فیصد تک گرگئے تھے۔ اس کی ایک بڑی وجہ امریکہ میں مصنوعی ذہانت اور ڈیٹا سینٹرز کے شعبے پر ممکنہ سخت ضابطوں اور ٹیکنالوجی کمپنیوں کے مستقبل سے متعلق خدشات کو قرار دیا جارہا ہے۔  ماہرین کے مطابق این ویڈیا کی کاروباری کامیابی میں جینسن ہوانگ کا کردار انتہائی اہم ہے۔ وہ کمپنی کی مصنوعات کی تشہیر، بڑے صارفین سے تعلقات اور عالمی سطح پر مصنوعی ذہانت کی صنعت کی حکمتِ عملی میں مرکزی حیثیت رکھتے ہیں۔ اس لیے تحقیقات طویل ہونے یا ان کے نتیجے میں کمپنی کی قیادت پر سوالات اٹھنے سے سرمایہ کاروں کا اعتماد متاثر ہوسکتا ہے۔ تاہم بعض تجزیہ کاروں کا خیال ہے کہ این ویڈیا کے جدید چپس کی مارکیٹ میں فی الحال آسان متبادل موجود نہیں، اس لیے کمپنی کے بنیادی کاروبار پر فوری اثر محدود رہ سکتا ہے۔

متعلقہ خبریں

This website uses cookie or similar technologies, to enhance your browsing experience and provide personalised recommendations. By continuing to use our website, you agree to our Privacy Policy and Cookie Policy. OK