Inquilab Logo Happiest Places to Work

النصر کوپنالٹی شوٹ آؤٹ میں ہراکر الاھلی خطاب پر قابض

Updated: August 24, 2025, 10:59 AM IST | Riyadh

سعودی سپر کپ کا فائنل مقابلہ مقررہ وقت تک ۲۔ ۲؍سے برابر رہنے کے بعد پنالٹی شوٹ آؤٹ کا سہارا لیا گیا، فاتح ٹیم نے۳۔ ۵؍سے میچ اور کپ اپنے نام کر لیا۔

Al-Nasr captain Cristiano Ronaldo was surrounded by opposing team players during the match. Photo: INN.
میچ کے دوران النصر کے کپتان کرسٹیانو رونالڈو کومخالف ٹیم کے کھلاڑیوں نے چاروں طرف سے گھیر رکھا تھا۔ تصویر: آئی این این۔

سعودی سپر کپ کے سنسنی خیز فائنل میں  الاھلی نے النصر کو پنالٹی شوٹ آؤٹ میں ۳۔ ۵؍سے شکست دے کر خطاب اپنے نام کر لیا۔ مقررہ وقت تک مقابلہ ۲۔ ۲؍سے برابر رہا تھا۔ میچ میں النصر نے ۲؍ بار برتری حاصل کی اور ایسا لگ رہا تھا کہ مارسیلو بروزویک کے ذریعے آخری لمحات میں کیا گیا گول انہیں فتح دلا دے گا لیکن ۸۹؍ویں منٹ میں ایبانیز نے گول کر کے اسکور برابر کر دیا۔ 
پنالٹی شوٹ آؤٹ میں الاھلی نے کامیابی حاصل کی جس میں ان کے کپتان اور گول کیپر ایڈورڈ مینڈی نے عبداللہ الخیبری کی کک روک کر فیصلہ کن کردار ادا کیا۔ مینڈی نے میچ کے آغاز سے ہی اہم کردار ادا کیا۔ انہوں نے ۲؍ بار کرسٹیانو رونالڈو کی کوششوں کو ناکام بنایا۔ تاہم بعد میں علی مجرشی کے ہینڈ بال پر رونالڈو نے پنالٹی سے گول کر دیا۔ پہلے ہاف کے زیادہ تر حصے میں دباؤ میں رہنے کے باوجود، الاھلی نے ہاف ٹائم سے ٹھیک پہلے اسکور برابر کر دیا۔ فرینک کیسی نے باکس کے اندر سے ایک شاندار گول کیا جو دائیں کونے میں جا لگا۔ 
دوسرے ہاف میں الاھلی جارح نظر آئی اور ۷۰؍ویں منٹ کے بعد فراس البریقان کا شاٹ گول پوسٹ سے ٹکرایا۔ تاہم النصر نے بروزویک کے گول سے دوبارہ برتری حاصل کر لی جنہوں نے کیسی کی غلطی کا فائدہ اٹھاتے ہوئے گول کیا۔ میچ میں سنسنی مزید بڑھ گئی جب ریاض محرز کے کارنر پر النصر کا گول کیپر بنتو سے آگے بڑھ کر گیند کو روکنے میں ناکام رہا اور ایبانز نے کھلے گول میں ہیڈ کے ذریعے گیند کو جال میں ڈال دیا۔ فیصلہ کن لمحہ پنالٹی شوٹ آؤٹ میں آیا جب مینڈی کے شاندار دفاع کی وجہ سے گیلینو نے فیصلہ کن پنالٹی پر گول کر کے الاھلی کو فاتح بنا دیا۔ اس فتح کے ساتھ، الاھلی نے اس سیزن کی پہلی ٹرافی جیت کر ایک اہم کامیابی حاصل کی۔ واضح رہے کہ الاھلی نے دوسری بار سعودی سپر کپ خطاب اپنے نام کیا ہے۔ 
چیلسی کے’پنچ‘ سے ویسٹ ہیم بے حال
چیلسی نے جمعہ کی دیر رات کھیلے گئے میچ میں ویسٹ ہیم کے خلاف ایک کے مقابلے ۵؍گول سےشاندار فتح حاصل کی۔ قابل ذکر ہے کہ ویسٹ ہیم نے ابتدائی برتری حاصل کی تھی لیکن اس کے بعد مکمل طور پر چیلسی کا غلبہ رہا۔ اس فتح کے بعد چیلسی دسمبر ۲۰۲۱ءکے بعد پہلی بار پریمیر لیگ پوائنٹس ٹیبل میں سرفہرست آ گئی ہے۔ وہیں  چیلسی کے سابق اور ویسٹ ہیم کے موجودہ منیجر گراہم پوٹر جنوری میں چارج سنبھالنے کیبعد سے ۲۱؍میں سے صرف ۵؍ میچ میں کامیابی سے زبردست دباؤ میں ہیں۔ 
​ویسٹ ہیم نے لوکاس پاکیٹا کے ذریعے میچ کے چھٹے منٹ میں ہی برتری حاصل کر لی، جنہوں نےا سپاٹ فکسنگ کے الزامات سے بری ہونے کے بعد جذباتی انداز میں جشن منایا اور اپنے کلب کے بیج کی طرف اشارہ کیا۔ ایک گول سے پچھڑنے کے بعد چیلسی نے تیزی سے جوابی حملے کئے اور جواؤ پیڈرو نے ۱۵؍ویں منٹ میں کارنر سے گول کرکے اسکور ایک ایک سے برابر کردیا۔ پیڈرو نیٹو(۲۳؍ویں منٹ) اور اینزو فرنانڈیز (۳۴؍ویں منٹ) نے برتری میں اضافہ کیا جبکہ موئسیس کائسیڈو(۵۴؍ویں ) اور ٹریووہ چالوباہ (۵۸؍ویں )نے ویسٹ ہیم کے نئے گول کیپر میڈز ہرمینسن کی غلطیوں کا فائدہ اٹھاتے ہوئے گول کئے اور اپنی ٹیم کو فتح سے ہمکنار کرنے میں اہم رول ادا کیا۔ 
بائرن نےلپزنگ کو ہرایا، ہیری کین کی ہیٹ ٹرک
بائرن میونخ نے آر بی لپزنگ کو۶۔ صفر سے شکست دے کر بنڈس لیگا کا سنسنی خیز آغاز کیا۔ ​مائیکل اولیسی کے ۲؍ گول اور لوئیس ڈیاز کے بائرن کیلئے پہلے گول کی بدولت کھیل کے ابتدائی ۴۲؍ منٹ میں ہی بائرن تین صفرکی برتری حاصل کر لی تھی۔ اس کے بعد دوسرے ہاف میں ہیری کین کی ایک اور ہیٹ ٹرک، جو کلب کیلئے ان کی نویں ہیٹ ٹرک تھی، – نے ٹیم کو شاندار کامیابی سے ہمکنار کر دیا۔ ​انگلینڈ کے کپتان کین کیلئے ان کی اس ہیٹ ٹرک سے ۲۰۲۳ءمیں ٹوٹنہیم سے بائرن کلب میں شامل ہونے کے بعد، ان کے بنڈس لیگا میں گولوں کی تعداد ۶۴؍مقابلوں میں ۶۶؍تک ہو گئی ہے۔ 
۲۴۔ ۲۰۲۳ء کے آغاز سے ٹاپ ۵؍ یورپی لیگز میں کسی بھی دوسرے کھلاڑی نے کسی کلب کیلئے اتنی ہیٹ ٹرک نہیں کی ہے۔ ​ان کی۹؍ ہیٹ ٹرک میں سے ۸؍ بنڈس لیگا میں ہوئی ہیں۔ ۱۹۶۳ءمیں اس مقابلے کے آغاز کے بعد سے صرف ۸؍ کھلاڑیوں نے ان سے زیادہ گول کئے ہیں حالانکہ کین کے پاس اس درجہ بندی میں مزید اوپر جانے کیلئے کافی وقت ہے۔ 
وہیں اس مقابلے میں ​اولیسی نے ۲؍ گول کئے اور اس طرح انہوں نےبنڈس لیگا میں مسلسل پانچویں میچ میں گول کیا۔ حال ہی میں پریمیر لیگ کے چمپئن لیورپول سے سائن کئے گئے ڈیاز کیلئے بھی یہ ایک یادگار آغاز تھا۔ نہ صرف انہوں نے پہلے ہاف میں ایک شاندار فنش کے ساتھ گول کیا بلکہ انہوں نے ہاف ٹائم کے بعد کین کے ۲؍ گول میں بھی مدد کی۔ 

متعلقہ خبریں

This website uses cookie or similar technologies, to enhance your browsing experience and provide personalised recommendations. By continuing to use our website, you agree to our Privacy Policy and Cookie Policy. OK