Inquilab Logo Happiest Places to Work

پجارا کا ہندوستانی کرکٹ کے سبھی فارمیٹس سے ریٹائرمنٹ کا اعلان

Updated: August 24, 2025, 5:39 PM IST | Mumbai

چیتیشور پجارا نے اتوار کو سبھی طرز کے ہندوستانی کرکٹ سے فوری طور پر ریٹائرمنٹ لے لیا ہے۔ انہوں نے سوشل میڈیا پلیٹ فارم کے ذریعہ اپنی سبکدوشی کا اعلان کیا۔

Cheteshwar Pujara.Photo:INN
چتیشیور پجارا۔ تصویر:آئی این این

اتوارکو اپنے سوشل میڈیا پلیٹ فارم پر اپنے ریٹائرمنٹ کا اعلان کرتے ہوئے۳۷؍ سالہ پجارا نے لکھاکہ ’’ہندوستانی جرسی پہننا، قومی ترانہ گانا اور جب بھی میں میدان میں قدم رکھتا، اپنی بہترین کارکردگی پیش کرنے کی کوشش کرتا، اس کے حقیقی معنی کو الفاظ میں بیان کرنا ناممکن ہے، لیکن جیسا کہ وہ کہتے ہیں، ہر اچھی چیز کا خاتمہ ہونا چاہیے اور میں نے سبھی طرز کے ہندوستانی کرکٹ سےریٹائرمنٹ لینے کا فیصلہ کیا ہے، آپ لوگوں کی حمایت اور محبت کا بے حد شکریہ۔
پجارا نے مزید لکھاکہ ’’راجکوٹ کے ایک چھوٹے سے قصبے  سے تعلق رکھنے والے ایک چھوٹے سے لڑکے کے طور پر اپنے والدین کے ساتھ، میں نے ستاروں کو ہدف بنایا تھا اور ہندوستانی کرکٹ ٹیم کا حصہ بننے کا خواب دیکھا تھا، مجھے اس وقت اندازہ نہیں تھا کہ یہ کھیل مجھے اتنے بے قیمت مواقع، تجربہ، مقصد، پیار اور سب سے بڑھ کر اپنی ریاست اور اس عظیم ملک کی نمائندگی کرنے کا موقع دے گا۔‘‘

انہوں نے کہاکہ ’’میں بورڈ آف کنٹرول فار کرکٹ ان انڈیا (بی سی سی آئی) اور سوراشٹر کرکٹ اسوسی ایشن کا شکریہ ادا کرنا چاہوں گا کہ مجھے اپنے کرکٹ کریئر کے دوران جو موقع اور تعاون ملا ہے، میں ان تمام ٹیموں، فرنچائزیز اور کاؤنٹی ٹیموں کا بھی شکر گزار ہوں، جن کی میں گزشتہ برسوں میں نمائندگی کرنے میں کامیاب رہا۔‘‘  
پجارا نے اکتوبر۲۰۱۰ء سے شروع  ہوئے اپنے بین الاقوامی کریئر میں۱۰۳؍ ٹیسٹ اور ۵؍ ون ڈے کھیلے۔ وہ ریڈ بال فارمیٹ میں اپنی بہترین فارم میں تھے، انہوں نے۶۰ء۴۳؍کے اوسط سے۷۱۹۵؍ ٹیسٹ رن بنائے، جن میں سے زیادہ تر انہوں نے تیسرے نمبر پر بیٹنگ کرتے ہوئے بنائے۔
پجارا نے دسمبر۲۰۰۵ء میں سوراشٹر کے لیے اپنا فرسٹ کلاس میچ کھیلا تھا اور اس سال کے شروع میں آخری رنجی ٹرافی سیزن میں بھی کھیلا تھا۔ انہوں نے  ۲۰۱۰ء کے آخر میں بنگلورو میں آسٹریلیا کے خلاف اپنا ٹیسٹ  کریئر کا آغازکیا تھا اور ان کے خلاف کئی سیریز میں جیت کا حصہ رہے، خاص طور پر ۱۹۔۲۰۱۸ء اور ۲۱۔۲۰۲۰ء میں آسٹریلیا میں اور ۲۰۲۳ء کے اوائل میں گھریلو میدان پر۔ وہ ۱۹۔۲۰۱۸ء کی سیریز میں پلیئر آف دی سیریز تھے، انہوں نے آسٹریلیا کے خلاف چار ٹیسٹ سیریز میں۵۲۱؍ رن بنائے تھے،ٹیسٹ سیریز میں یہ جیت آسٹریلیا کے خلاف پہلی تھی۔    
پجارا گزشتہ۱۵؍ برسوں میں ان چند کھلاڑیوں میں سے ایک تھے، جنہوں نے باقاعدگی سے بین الاقوامی کرکٹ کھیلا، لیکن  ان میں زیادہ تر ٹیسٹ میچ کھیلے، جب کہ دنیا بھر میں ٹی۲۰؍ لیگ اور آئی پی ایل کی بڑھتی ہوئی مقبولیت کے ساتھ وائٹ بال کرکٹ کو اہمیت حاصل ہونے لگی۔ 

متعلقہ خبریں

This website uses cookie or similar technologies, to enhance your browsing experience and provide personalised recommendations. By continuing to use our website, you agree to our Privacy Policy and Cookie Policy. OK