• Thu, 19 November, 2026
  • EPAPER

Inquilab Logo Happiest Places to Work

علی فضل نصیرالدین شاہ کے ساتھ بی بی سی کی نئی سیریز میں مرکزی کردار ادا کریں گے

Updated: November 18, 2026, 7:04 PM IST | Mumbai

بالی ووڈ اور ویب سیریز کی دنیا میں اپنی منفرد اداکاری سے شناخت بنانے والے اداکار علی فضل اب ایک نئے بین الاقوامی پروجیکٹ کے ذریعے عالمی سطح پر اپنی صلاحیتوں کا مظاہرہ کرنے کے لیے تیار ہیں۔ ’ ’مرزا پور: دی مووی‘‘ کے بعد علی فضل معروف ادبی ناول ’’اے پیسج ٹو انڈیا‘‘ پر مبنی پانچ اقساط کی نئی بین الاقوامی سیریز میں مرکزی کردار ادا کریں گے۔

Ali Fazal.Photo:INN
علی فضل۔ تصویر:آئی این این

بالی ووڈ اور ویب سیریز کی دنیا میں اپنی منفرد اداکاری سے شناخت بنانے والے اداکار علی فضل اب ایک نئے بین الاقوامی پروجیکٹ کے ذریعے عالمی سطح پر اپنی صلاحیتوں کا مظاہرہ کرنے کے لیے تیار ہیں۔ ’ ’مرزا پور: دی مووی‘‘ کے بعد علی فضل معروف ادبی ناول ’’اے پیسج ٹو انڈیا‘‘ (A Passage to India) پر مبنی پانچ اقساط کی نئی بین الاقوامی سیریز میں مرکزی کردار ادا کریں گے۔ اس سیریز کو برطانوی نشریاتی ادارے بی بی سی اور کینیڈین براڈکاسٹنگ کارپوریشن مشترکہ طور پر پیش کریں گے۔ اس پروجیکٹ میں علی فضل کے ساتھ ممتاز اداکار نصیرالدین شاہ، شاہانہ گوسوامی اور دانش حسین بھی اہم کرداروں میں نظر آئیں گے۔اس سیریز کی ایک خاص بات یہ ہے کہ اس کی تحریر اور ہدایت کاری بین الاقوامی ایمی ایوارڈ یافتہ فلم ساز رچی مہتا انجام دے رہے ہیں، جو ’دہلی کرائم‘ اور ’پوچر‘ جیسے قابلِ ذکر پروجیکٹس کے لیے مشہور ہیں۔ یہ سیریز معروف برطانوی مصنف ای ایم فورسٹر کے ۱۹۲۴ءمیں شائع ہونے والے شہرۂ آفاق ناول پر مبنی ہے، جسے ہندوستان میں برطانوی نوآبادیاتی دور کے پس منظر میں پیش کیا جائے گا۔

یہ بھی پڑھئے:برآمداتی فروغ مشن کے تحت اب مزید برآمد کنندگان کو زیادہ اشیاء کی برآمد پر مدد مل سکے گی

علی فضل اس سیریز میں ڈاکٹر عزیز کا مرکزی کردار ادا کریں گے، جو ۱۹۲۰ء کی دہائی کے نوآبادیاتی ہندوستان میں رہنے والے ایک ہندوستانی معالج ہیں۔ ڈاکٹر عزیز اپنی زندگی کا بڑا حصہ لوگوں کی خدمت اور علاج معالجے میں گزارتے ہیں۔ وہ اس بات پر یقین رکھتے ہیں کہ سیاسی اختلافات اور نوآبادیاتی حکمرانی کے باوجود ہندوستانیوں اور انگریزوں کے درمیان حقیقی دوستی اور انسانی تعلقات قائم ہو سکتے ہیں۔تاہم ایک پراسرار واقعہ ان کی زندگی کو یکسر بدل دیتا ہے۔ مرا بار غاروں  کے دورے کے دوران پیش آنے والے ایک واقعے کے بعد ڈاکٹر عزیز پر جنسی حملے کا الزام عائد کر دیا جاتا ہے۔ اس الزام کے نتیجے میں ایک بڑا تنازع جنم لیتا ہے، جو جلد ہی عوامی اور سیاسی بحث کا موضوع بن جاتا ہے۔معاملہ عدالت تک پہنچتا ہے اور مقدمے کی کارروائی کے دوران نسلی تعصب، نوآبادیاتی طاقت، انصاف اور انسانی وقار جیسے اہم موضوعات سامنے آتے ہیں۔ اس واقعے کے اثرات نہ صرف ڈاکٹر عزیز بلکہ ان کے دوستوں اور متعلقہ تمام کرداروں کی زندگیوں پر مرتب ہوتے ہیں۔ سیریز میں یہ دکھایا جائے گا کہ کس طرح ایک الزام پورے معاشرے میں بداعتمادی اور کشیدگی پیدا کر دیتا ہے۔

یہ بھی پڑھئے:جیکی شروف اور شرد کیلکر کی فلم ’کالی کھیتی‘ کا بلیک اینڈ وہائٹ ٹریلر ریلیز

اس بین الاقوامی سیریز میں نصیرالدین شاہ پروفیسر گوڈبولے کا کردار ادا کریں گے۔ وہ ایک استاد، علمی شخصیت اور روحانی مزاج رکھنے والے انسان کے روپ میں نظر آئیں گے، جو مشکل حالات میں ڈاکٹر عزیز کے لیے اہمیت رکھتے ہیں۔شاہانہ گوسوامی امریت راؤ  کا کردار ادا کریں گی، جو ایک قابل اور باصلاحیت وکیل ہیں۔ انہیں ہندوستان میں قانونی شعبے میں قدم رکھنے والی ابتدائی خواتین میں سے ایک کے طور پر دکھایا جائے گا۔ وہ ڈاکٹر عزیز کے مقدمے میں اہم قانونی کردار ادا کریں گی۔دانش حسین حمیداللہ کا کردار نبھائیں گے، جو ڈاکٹر عزیز کے چچا اور قریبی دوست ہیں۔ حمیداللہ کا نقطۂ نظر ڈاکٹر عزیز سے مختلف ہے۔ جہاں عزیز مختلف ثقافتوں سے تعلق رکھنے والے لوگوں کے درمیان دوستی اور اعتماد کے امکانات پر یقین رکھتے ہیں، وہیں حمیداللہ برطانوی نوآبادیاتی نظام کے تحت ایسے تعلقات کے مستقبل کے بارے میں زیادہ شکوک رکھتے ہیں۔
سیریز میں ہندوستانی فنکاروں کے ساتھ کئی معروف بین الاقوامی اداکار بھی شامل ہیں۔ ٹام میسن فیلڈنگ  کا کردار ادا کریں گے، جو ایک استاد ہیں اور ڈاکٹر عزیز کے ساتھ قریبی دوستی قائم کرتے ہیں۔معروف برطانوی اداکارہ فیونا شا مسز مور کے کردار میں نظر آئیں گی، جو اپنے بیٹے رونی سے ملاقات کے لیے ہندوستان آتی ہیں۔ گیولیم لی رونی کا کردار ادا کریں گے، جبکہ کلیئر ہیوز ایڈیلا  کے روپ میں دکھائی دیں گی۔ ایڈیلا کی ہندوستان آمد اور مرا بار غاروں کا سفر ہی کہانی کے اہم واقعات میں سے ایک کا سبب بنتا ہے۔اس طرح سیریز میں ہندوستانی اور بین الاقوامی اداکاروں کو ایک ساتھ شامل کیا گیا ہے، جس سے اس کی کہانی کو مختلف ثقافتوں اور معاشرتی نقطۂ نظر کے ذریعے پیش کرنے میں مدد ملے گی۔

یہ بھی پڑھئے:گلوب ساکر ایوارڈز : میسی، رونالڈو سمیت دنیا کے بڑے فٹبال ستارے نامزد

سیریز کے مصنف اور ہدایت کار رچی مہتا نے اس پروجیکٹ کے حوالے سے خوشی کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ’ ’اے پیسج ٹو انڈیا‘‘ کو پردۂ اسکرین پر پیش کرنا ان کا ایک دیرینہ خواب رہا ہے۔ ان کے مطابق ای ایم فورسٹر نے اپنے ناول میں جن پیچیدہ اور دلچسپ کرداروں کو تخلیق کیا تھا، انہیں آج کے دور کے تناظر میں نئے انداز سے پیش کرنا ایک غیر معمولی تخلیقی تجربہ ہے۔رچی مہتا کا کہنا ہے کہ ناول میں دوستی، شناخت، نسلی تعصب اور طاقت کے غلط استعمال جیسے موضوعات کو جس انداز میں پیش کیا گیا ہے، وہ آج بھی اہمیت رکھتے ہیں۔ مختلف ممالک کے فنکاروں اور تخلیقی ٹیم کے ساتھ کام کرنا بھی ان کے لیے ایک خاص تجربہ ہے۔رچی مہتا اس سے قبل ’’دہلی کرائم‘‘ اور’’پوچر‘‘ جیسے پروجیکٹس کے ذریعے بین الاقوامی سطح پر اپنی صلاحیتوں کا لوہا منوا چکے ہیں۔ اس نئی سیریز کے ذریعے وہ ایک مرتبہ پھر ہندوستانی تاریخ اور سماجی حقیقتوں کو عالمی ناظرین کے سامنے پیش کریں گے۔’’اے پیسج ٹو انڈیا‘‘ پانچ اقساط پر مشتمل ہوگی اور ہر قسط کا دورانیہ تقریباً ۶۰؍منٹ ہوگا۔ اس کی شوٹنگ ہندوستان میں کی جا رہی ہے، جبکہ اسے برطانیہ اور کنیڈا کے مشترکہ پروڈکشن منصوبے کے طور پر تیار کیا جا رہا ہے۔اس سیریز کو پارتی پروڈکشنز، ورکنگ ٹائٹل ٹیلی ویژن اور رچی مہتا کی پروڈکشن کمپنی اے پیسج پوسٹ مشترکہ طور پر تیار کر رہی ہیں۔ بی بی سی اور کینیڈین براڈکاسٹنگ کارپوریشن نے اس پروجیکٹ کی تیاری کی منظوری دی ہے۔ برطانیہ میں یہ بی بی سی ون اور بی بی سی آئی پلیئر، جبکہ کنیڈا میں سی بی سی ٹی وی اور سی بی سی جیم پر دستیاب ہوگی۔سیریز کی ریلیز کی حتمی تاریخ اور دیگر تفصیلات کا اعلان ابھی نہیں کیا گیا ہے۔

متعلقہ خبریں

This website uses cookie or similar technologies, to enhance your browsing experience and provide personalised recommendations. By continuing to use our website, you agree to our Privacy Policy and Cookie Policy. OK