• Wed, 18 November, 2026
  • EPAPER

Inquilab Logo Happiest Places to Work

گلوب ساکر ایوارڈز : میسی، رونالڈو سمیت دنیا کے بڑے فٹبال ستارے نامزد

Updated: November 18, 2026, 5:01 PM IST | London

عالمی فٹبال کی دنیا کے معروف ایوارڈز میں شمار ہونے والے ’’گلوب ساکر ایوارڈز ۲۰۲۶ء‘ کیلئے نامزدگیوں کا اعلان کردیا گیا ہے، جس میں ارجنٹائنا کے مایہ ناز فٹبالر لیونل میسی، پرتگال کے اسٹار کرسٹیانو رونالڈو اور فرانس کے کپتان کیلیان ایمباپے سمیت دنیا کے کئی بڑے کھلاڑی شامل ہیں۔

Messi And Ronaldo.Photo:INN
میسی اور رونالڈو۔ تصویر:آئی این این

عالمی فٹبال کی دنیا کے معروف ایوارڈز میں شمار ہونے والے ’’گلوب ساکر ایوارڈز ۲۰۲۶ء‘ کیلئے نامزدگیوں کا اعلان کردیا گیا ہے، جس میں ارجنٹائنا کے مایہ ناز فٹبالر لیونل میسی، پرتگال کے اسٹار کرسٹیانو رونالڈو اور فرانس کے کپتان کیلیان ایمباپے سمیت دنیا کے کئی بڑے کھلاڑی شامل ہیں۔ اس سال کی ۱۷؍ویں تقریب ۲۸ ؍دسمبر کو متحدہ عرب امارات میں منعقد ہوگی، جہاں گزشتہ سیزن کی شاندار کارکردگی دکھانے والے کھلاڑیوں، کوچز اور فٹبال کلبوں کو اعزازات سے نوازا جائے گا۔ اس تقریب کے ساتھ لالیگا ایوارڈز ۲۰۲۵-۲۶ ءبھی منعقد ہوں گے۔ نامزدگیوں کے اعلان کے ساتھ ہی دنیا بھر کے فٹبال شائقین کے لیے ووٹنگ کا پہلا مرحلہ ۱۸ ؍نومبر سے شروع ہوگیا ہے، جس میں شائقین اپنے پسندیدہ کھلاڑیوں اور ٹیموں کے حق میں ووٹ دے سکیں گے۔

یہ بھی پڑھئے:سُرشتی شرما نے پھر گنیز ورلڈ ریکارڈ میں نام درج کروایا، وزیر اعلیٰ نے کی ستائش

بہترین مرد کھلاڑی کے ایوارڈ کے لیے ۲۶ ؍فٹبالرز کو نامزد کیا گیا ہے۔ اس فہرست میں لیونل میسی، کرسٹیانو رونالڈو اور کیلیان ایمباپے کے علاوہ عثمان ڈیمبیلے، الامین یمال، ہیری کین، ایرلنگ ہالینڈ، جوڈ بیلنگھم، وینیسیئس جونیئر، روڈری، برونو فرنانڈیز، بوکایو ساکا اور دیگر نمایاں کھلاڑی شامل ہیں۔انٹر میامی کی جانب سے کھیلنے والے لیونل میسی ایک مرتبہ پھر بہترین مرد کھلاڑی کے اعزاز کی دوڑ میں شامل ہیں۔ انہوں نے ۲۰۱۵ء میں یہ ایوارڈ جیتا تھا اور ایک دہائی سے زائد عرصے بعد دوبارہ اس اعزاز کے لیے نامزد ہوئے ہیں۔دوسری جانب پیرس سینٹ جرمین کے اسٹار عثمان ڈیمبیلے گزشتہ سال بہترین مرد کھلاڑی کا ایوارڈ جیت چکے ہیں اور اس مرتبہ بھی اپنے اعزاز کا دفاع کرنے کے لیے میدان میں ہیں۔ ان کے ساتھ پی ایس جی کے متعدد کھلاڑی بھی مختلف زمروں میں نامزد ہوئے ہیں۔
پیرس سینٹ جرمین کی ٹیم اس مرتبہ نامزدگیوں میں نمایاں مقام رکھتی ہے۔ چیمپئنز لیگ میں مسلسل دوسری مرتبہ کامیابی حاصل کرنے والی ٹیم کے ۱۳ ؍کھلاڑی مختلف زمروں میں نامزد کیے گئے ہیں۔ان میں عثمان ڈیمبیلے، دیزیرے دوئے، اشرف حکیمی، خویچا کواراتسخیلیا، نونو مینڈیش، ژاؤ نیویش، وٹینہ اور فابیان روئز سمیت دیگر کھلاڑی شامل ہیں۔اسپین کی ورلڈ کپ فاتح ٹیم کے کھلاڑی پاؤ کوبارسی، روڈری اور لامین یامال بھی بہترین مرد کھلاڑی کے ایوارڈ کی دوڑ میں شامل ہیں۔ فابیان روئز اس فہرست میں خصوصی اہمیت رکھتے ہیں، کیونکہ وہ ۲۰۲۶ میں چیمپئنز لیگ اور فیفا ورلڈ کپ دونوں جیتنے والے نامزد کھلاڑیوں میں شامل ہیں۔بہترین فارورڈ کے ایوارڈ کے لیے ۱۴؍کھلاڑیوں کو نامزد کیا گیا ہے۔ اس فہرست میں لیونل میسی، کیلیان ایمباپے، ایرلنگ ہالینڈ، ہیری کین اور عثمان ڈیمبیلے جیسے بڑے نام شامل ہیں۔ ان کے علاوہ لوئس ڈیاز، جولین الواریز، وینیسیئس جونیئر، لاؤتارو مارٹینیز، رافینیا اور دیگر اسٹار کھلاڑی بھی اس اعزاز کی دوڑ میں شامل ہیں۔بہترین مڈفیلڈر کے زمرے میں جوڈ بیلنگھم، فیڈریکو والورڈے، پیڈری، روڈری، مارٹن اوڈیگارڈ، برونو فرنانڈیز اور دیگر کھلاڑی نامزد ہوئے ہیں۔

یہ بھی پڑھئے:نمریت کور اہلووالیا نے اپنے نئے پروجیکٹ کی شوٹنگ بھوپال میں مکمل کی

کرسٹیانو رونالڈو اس مرتبہ بہترین مڈل ایسٹ کھلاڑی   کے ایوارڈ کے لیے نامزد ہوئے ہیں۔ النصر کے لیے کھیلنے والے پرتگالی اسٹار ۲۰۲۳ء سے مسلسل اس اعزاز پر قبضہ برقرار رکھے ہوئے ہیں اور اب وہ ایک مرتبہ پھر اپنے خطاب کا دفاع کرنے کی کوشش کریں گے۔اس زمرے میں ان کا مقابلہ النصر کے ساتھی کھلاڑی ژاؤ فیلکس اور سادیو مانے کے علاوہ روبن نیویش، ایوان ٹونی، ایڈورڈ مینڈی، یاسین بونو، سفیان رحیمی، جولین کوئنیونیس اور مصعب الجویر سے ہوگا۔گلوب ساکر ایوارڈز میں خواتین فٹبالرز کو بھی خصوصی اہمیت دی گئی ہے۔ بہترین خاتون کھلاڑی کے ایوارڈ کے لیے الیکسیا پوتیاس، ایوا پاجور اور میلچی ڈومورنائے سمیت کئی نامور کھلاڑیوں کو نامزد کیا گیا ہے۔تاہم گزشتہ تین مرتبہ یہ اعزاز حاصل کرنے والی بارسلونا کی کھلاڑی آئیتانا بونماتی اس مرتبہ انجری کے باعث نامزدگیوں میں شامل نہیں ہیں۔ اس کے باوجود بارسلونا کی خواتین ٹیم بہترین ویمنز کلب کے ایوارڈ کے لیے نامزد ہے۔

یہ بھی پڑھئے:اسرائیلی ناکہ بندی کے سبب غزہ کے خاندان کیروسین چولھے کے استعمال پر مجبور

بہترین کوچ کے ایوارڈ کے لیے پی ایس جی کے لوئس اینریکے، اسپین کے لوئس ڈی لا فوئنٹے، آرسنل کے مائیکل آرٹیٹا، کومو کے سیسک فیبریگاس اور ایسٹن ولا کے اونائی ایمری سمیت دیگر کوچز نامزد ہوئے ہیں۔بہترین مرد کلب کے ایوارڈ کے لیے پیرس سینٹ جرمین، بارسلونا، انٹر میلان، بائرن میونخ، آرسنل، ایسٹن ولا، فلامینگو اور سعودی عرب کے الاہلی سمیت کئی بڑی ٹیمیں مقابلے میں ہیں۔اس سال ایک نیا ایوارڈ ’فینز ہسٹورک کلب ایوارڈ‘ بھی متعارف کرایا گیا ہے، جس کا مقصد ان فٹبال کلبوں کو اعزاز دینا ہے جن کی تاریخی کامیابیاں اور شائقین کی کئی نسلوں سے وابستگی نمایاں رہی ہے۔ اس زمرے میں ریئل میڈرڈ، اے سی میلان، بائرن میونخ، لیورپول، مانچسٹر یونائیٹڈ، یووینٹس، بارسلونا، بوکا جونیئرز اور دیگر تاریخی کلب شامل ہیں۔
گلوب ساکر ایوارڈز ۲۰۲۶ء کی ۱۲؍ زمروں میں عوامی ووٹنگ کا آغاز ۱۸ ؍نومبر سے ہوگیا ہے، جو ۳۰ ؍نومبر تک جاری رہے گی۔ دنیا بھر کے فٹبال شائقین سرکاری ویب سائٹ کے ذریعے اپنے پسندیدہ کھلاڑیوں، کوچز اور کلبوں کے حق میں ووٹ دے سکتے ہیں۔ووٹنگ کے اگلے مرحلے میں عوامی ووٹوں کے ساتھ گلوب ساکر جیوری کی رائے بھی شامل کی جائے گی۔ اس جیوری میں فٹبال کی دنیا کی معروف شخصیات مارسیلو لیپی، انتونیو کونٹے، ایکر کاسیاس اور لوئس فیگو شامل ہیں۔گزشتہ سال گلوب سوکر ایوارڈز میں ۲۰۰ سے زائد ممالک اور خطوں سے ۳ ؍کروڑ سے زیادہ ووٹ موصول ہوئے تھے، جو اس تقریب کی عالمی مقبولیت کا ثبوت ہے۔ اس مرتبہ ۱۷؍ویں گلوب سوکر ایوارڈز تقریب ۲۸ ؍ دسمبر کو متحدہ عرب امارات میں منعقد ہوگی۔ اس موقع پر لالیگا ایوارڈز ۲۰۲۵-۲۶ ءبھی پیش کیے جائیں گے، جس سے فٹبال کے شائقین کو دنیا کے بڑے کھلاڑیوں اور کلبوں کی کامیابیوں کا جشن ایک ہی تقریب میں دیکھنے کا موقع ملے گا۔

متعلقہ خبریں

This website uses cookie or similar technologies, to enhance your browsing experience and provide personalised recommendations. By continuing to use our website, you agree to our Privacy Policy and Cookie Policy. OK