Inquilab Logo

ہالینڈ کا ایک اور گول،مانچسٹر سٹی نے ای پی ایل میں ٹاپ پوزیشن دوبارہ حاصل کرلی

Updated: September 18, 2022, 9:54 AM IST | Wolverhampton

ای پی ایل کے میچ میں سٹی فٹبال کلب نے والوورہیمپٹن کو صفر۔۳؍ گول سے شکست دےدی۔ ہالینڈ کے ساتھ گریلش اور فوڈین نے بھی ایک ایک گول کیا

epl haaland
ای پی ایل ہالینڈ

 انگلش پریمیر لیگ (ای پی ایل ) میں مانچسٹر سٹی فٹبال کلب نے سرفہرست مقام  دوبارہ حاصل کرلیا ہے۔ اس نے آرسنل کو پیچھے کر کے  یہ مقام حاصل کیاہے۔ سنیچر کے میچ میں مانچسٹر سٹی فٹبال کلب نے والوور ہیمپٹن  کو صفر۔۳؍ گول سے شکست دے کر پورے ۳؍پوائنٹس لئے۔ اس میچ میں بھی اسٹارارلنگ ہالینڈ نے ایک گول کیا اور ٹیم کی کامیابی میں اہم رول اداکیا۔ اس میچ میں والوو کے کھلاڑی کو ریڈ کارڈ بھی ملا جس کے بعد میزبان ٹیم نے ۱۰؍ کھلاڑیوں کے ساتھ میچ مکمل کیا۔ 
 والوو کے میدان پر ہونے والے میچ میں مانچسٹر سٹی کی جانب سے پہلا گول ۵۵؍ویں سیکنڈ میں ہی  ہوا۔ جیک گریلش نے شاندار گول کرکے اپنی ٹیم کو صفر۔ ایک سے آگے کردیا اور حریف ٹیم کے حوصلے پست کر دئیے۔ اس گول کے بعد ارلنگ ہالینڈ بھی فارم میں آئے اور انہوں نے ٹیم کیلئے گول کیا۔ ۱۶؍ویں منٹ ناروے سے تعلق رکھنے والے سٹی کے کھلاڑی ارلنگ ہالینڈ نے برنارڈو سلوا کی مدد سے ٹیم کا اسکور صفر۔۲؍ کردیا۔ میچ کے ۳۳؍ویں منٹ میں والوو کے کھلاڑی این کولنس کو ریفری نے ریڈ کارڈ بتاکر میدان سے باہر کردیا اور والوو نے بقیہ میچ ۱۰؍ کھلاڑیوں کے ساتھ مکمل کیا۔ 
 دوسرے ہاف میں والوو کا دفاع مضبوط رہا اور اس نے زیادہ گول نہیں کھائے۔ اس کے دفاعی کھلاڑیوں  اور گول کیپر نے اپنے کھیل سے سبھی کا دل جیت لیا۔ میچ کے ۶۹؍ ویں منٹ میں ان کھلاڑیوں نے فل فوڈین کو موقع دے دیا۔ سٹی کی جانب سے تیسرا گول فل فوڈین نے کیون ڈی برائن کی مدد سے کیا۔ اس گول کے بعد کوئی اورگول نہیں ہوسکا اور میچ کا اختتام صفر۔۳؍ گول کے اسکور پر ہوا اور سٹی کو پورے ۳؍ پوائنٹس ملے۔ 
  اس فتح کے بعد مانچسٹرسٹی فٹبال کلب ای پی ایل کے ٹیبل میں ٹاپ پوزیشن پر ہے۔ حالانکہ اس کے اور آرسنل کے درمیان صرف ۲؍پوائنٹس کا فرق ہے اور لندن کے کلب نے ایک میچ کم کھیلا ہے۔ سٹی کے ۷؍ میچوں میں ۱۷؍پوائنٹس ہیں اور دوسرے نمبرپر موجود آرسنل کے ۶؍میچوں میں ۱۵؍ پوائنٹس ہیں۔  

EPL Tags

متعلقہ خبریں

This website uses cookie or similar technologies, to enhance your browsing experience and provide personalised recommendations. By continuing to use our website, you agree to our Privacy Policy and Cookie Policy. OK